یہی حالات رہے تو تین مہینے بعد کوئی وزیر اعظم بننے پر تیار نہیں ہو گا: چوہدری شجاعت حسین


مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو مہنگائی اور بیروزگاری کے خاتمے پر توجہ دینی چاہیے۔ اس وقت یہ دونوں مسائل بڑھتے جارہے ہیں اور اگر یہی حالات رہے تو تین 4 مہینے بعد کسی نے وزیر اعظم بننے کیلئے تیار نہیں ہونا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پاس وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے سربراہ کے عہدے ہیں۔ انہیں دونوں عہدوں کو چھوڑ کر سربراہ مملکت کے طور پر معاملے کو ڈیل کرنا چاہیے اور نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان ایسے لوگوں کی مت سنیں جو اچھے فیصلوں میں مینگنیاں ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اپنے ماتھے پر کلنک کا ایسا ٹیکہ نہ لگنے دیں جسے دھونا مشکل ہوجائے۔ انہیں سمجھ جانا چاہیے کہ یہ خراب باتیں ہو رہی ہیں۔ ان لوگوں کی بات نہ مانیں، عمران خان جس عہدے پر بیٹھے ہیں اس پر انہیں انصاف کرنا چاہیے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اس وقت ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری بڑھتی جارہی ہے جس کے باعث تین 4 مہینے بعد کسی نے وزیر اعظم بننے کیلئے تیار نہیں ہونا۔ اینکر پرسن ندیم ملک نے حیرت کے ساتھ تکرار کرتے ہوئے کہا کہ 3 مہینے؟ جس پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ 6 مہینے کر لیں، 6 مہینے بعد کسی نے وزیر اعظم بننے کیلئے تیار نہیں ہونا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).