موٹورولا ریز: ٹچ اور فولڈنگ سکرین کے ساتھ معروف فلپ فون کی واپسی


موبائل فون بنانے والی کمپنی موٹورولا نے اپنا معروف ماڈل ’ریزر‘ سمارٹ فون 15 سال بعد دوبارہ متعارف کروا دیا ہے۔

ماضی میں اس مڑنے والے یعنی فلپ فون نے کافی پذیرائی حاصل کی تھی اور اسے ’گیم چینجنگ‘ ڈیوائس کہا گیا تھا۔

اس بار موٹورولا ریزر فون میں 6.2 انچ کی ٹچ سکرین ہے۔ یہ چوڑائی میں پرانے ماڈل سے بڑا ہے اور اس کے باہر بھی ایک چھوٹی سکرین ہے جس پر میسج یا دوسرے پیغام سے متعلق اطلاع دیکھی جا سکے گی۔

باہر موجود چھوٹی سکرین سے لوگ میسج کا جواب یا کسی کو کال کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

108 میگا پکسل کیمرے والا نیا سمارٹ فون مارکیٹ میں پیش

مائیکرو سافٹ کا نیا فولڈنگ سمارٹ فون اور ٹیبلٹ

سام سنگ کے چھ کیمروں والے گیلیکسی فولڈ کی رونمائی

اس کی قیمت 1500 ڈالر ہے اور اسے ابتدائی طور پر 26 دسمبر سے امریکہ میں فروخت کیا جائے گا۔ سنہ 2020 کے دوران موٹورولا ریزر کو دیگر مارکیٹوں میں بھی متعارف کروایا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق ریزر سمارٹ فون کی آمد سے عالمی سمارٹ فون مارکیٹ میں زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔

آئی ڈی سی نامی کمپنی کے ساتھ منسلک فرانسسکو جرنیمو کا کہنا ہے ’لوگ یہ سوال کر رہے ہیں کہ کیا اس مڑنے والے فون سے موٹورولا کی تقدیر بدلے گی۔ کیونکہ مارکیٹ میں ان کا حصہ بہت کم ہے۔‘

تاہم اس نئے ریزر فون کو موٹورولا کی جانب سے ایک اچھا قدم کہا جا رہا ہے۔ یہ کمپنی فی الحال لینووہ کا حصہ ہے اور اسے سنہ 2014 میں گوگل سے خریدا گیا تھا۔

سی سی ایس انسائٹ سے وابستہ بین ووڈ کا کہنا تھا کہ ’سیاہ رنگ کے مستطیل ٹچ سکرین سمارٹ فونز کے اس موجودہ دور میں نئے موٹورولا ریزر کے پاس ایک اچھا موقع ہے کہ وہ مارکیٹ میں کچھ دلچسپی لا سکے۔‘

’مجھے اس میں کوئی شک نہیں کہ جیسے ہی یہ مارکیٹ میں آئے گا لینووہ کے لیے اس کی طلب کو پورا کرنے میں مشکل پیش آسکتی ہے۔‘

اطلاعات کے مطابق ابتدائی طور پر دو لاکھ فونز دستیاب ہوں گے تاہم کمپنی کی طرف سے اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔

فولڈنگ فون

موٹورولا کے مطابق ان کا نیا ریزر فون ایک نئی کاوش ہے جو دونوں اطراف سے برابری کے ساتھ مڑ سکتا ہے۔ دوسری طرف سام سنگ کے گلیکسی فولڈ میں دونوں سکرینوں میں خالی جگہ نظر آتی ہے جب انھیں فولڈ کیا جاتا ہے۔

‘91 موبائلز‘ نامی ایک بلاگ میں پہلے ہی اس بات کا انکشاف ہو گیا تھا کہ موٹورولا اس سال ایک فولڈنگ سمارٹ فون متعارف کروانے جارہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ فون گرمیوں میں ریلیز ہونا تھا لیکن نامعلوم وجوہات کی بنا پر اسے روک دیا گیا تھا۔ اس سے ایک دوسری سمارٹ فون کمپنی سام سنگ کو یہ موقع مل گیا کہ وہ اپنا گیلیکسی فولڈ ان سے پہلے متعارف کروا سکیں۔

تاہم اس جلد بازی کا زیادہ فائدہ نہ ہو سکا کیونکہ اس میں بھی مسائل کی نشاندہی کی جا چکی ہے۔ اسی وجہ سے کمپنی 2000 ڈالر کی یہ ڈیوائس خریدنے والوں کو اس کی پائیداری کے بارے میں متنبہ کرتی ہے۔

موٹورولا ریزر

15 سال قبل موٹورولا ریزر کو گلوکارہ پیرس ہلٹن کی موجودگی میں متعارف کرایا گیا تھا

نیا موٹورولا ریزر واٹر پروف ہے۔ کمپنی نے اپنے صارفین کو تسلی دینے کے لیے اعلان کیا ہے کہ خریدنے کے 24 گھنٹے بعد تک اس کی سکرین مفت میں تبدیل کی جائے گی، جب یہ سمارٹ فون وارنٹی میں ہوگا۔

ریزر پہلا فلپ فون بننے جا رہا ہے جس میں فولڈنگ سکرین دستیاب ہو گی۔

اکتوبر کے دوران سام سنگ نے بھی ایسے ہی ایک فون کو متعارف کرانے کی بات کی تھی لیکن اس کی کسی خصوصیت کے بارے میں نہیں بتایا تھا۔ سام سنگ نے کہا تھا کہ وہ اس خیال پر ’امکانات‘ تلاش کر رہے ہیں۔

15 سال قبل موٹورولا ریزر کو گلوکارہ پیرس ہلٹن اور فٹبالر ڈیوڈ بیکم کی موجودگی میں متعارف کرایا گیا تھا۔

ماہرین کہتے ہیں کہ موٹورولا ان کمپنیوں میں سے ہے جنھوں نے ٹیکنالوجی میں فیشن شامل کیا۔ سنہ 2006 میں موبائل بنانے والی کمپنی نوکیا کے بعد موٹورولا سب سے زیادہ موبائل فون بیچ رہا تھا۔

ایپل آئی فون اور سام سنگ کی آمد کے بعد مارکیٹ میں موٹورولا کا حصہ گر گیا۔ سنہ 2007 میں یہ تقریباً 21 فیصد تھا اور آج صرف دو فیصد رہ گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32297 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp