#HamzaAliAbbasi: پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی کا شوبز چھوڑنے کا فیصلہ، سوشل میڈیا پر ردعمل


معروف پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے ایک ویڈیو پیغام میں شوبز چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے جو ان کے مطابق ان کی زندگی کا ’سب سے بڑا فیصلہ ہے‘۔

جمعرات کو حمزہ علی عباسی نے ایک 23 منٹ لمبی ویڈیو یوٹیوب پر ’دِہریت سے اسلام تک‘ کے نام سے شائع کی جس میں انھوں نے بچپن سے جوانی تک اپنے ایک دہائی تک چلنے والے سفر کا ذکر کیا۔

اس کے اختتام پر انھوں نے اعلان کیا کہ وہ شوبز چھوڑ رہے ہیں اور اپنی زندگی ’دین کا ادنیٰ سا طاب علم‘ بن کر گزاریں گے۔

سوشل میڈیا پر ان کے اس فیصلے سے ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شوبز کی دنیا میں اسلام قبول کرنے والی معروف شخصیات

کسی کو حمزہ کی سادگی بھائی تو کسی کو نیمل کا لباس

ریحام خان نے حمزہ عباسی کو ہتکِ عزت کا نوٹس بھجوا دیا

’مولا جٹ‘ ایک نئے روپ میں

حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ ’میں اب علما سے سیکھوں گا، لوگوں سے سیکھوں گا اور زندگی کا دارومدار خدا، اسلام، موت اور آخرت کو بناؤ گا۔‘

انھوں نے کہا ہے کہ وہ یوٹیوب کے لیے اپنی اسی نوعیت کے ویڈیوز بناتے رہیں گے۔ ’ابھی تک صرف اتنا ہی سوچا ہے۔ آگے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔‘

سوشل میڈیا پر رد عمل

اس پیغام کے بعد سے حمزہ علی عباسی سوشل میڈیا، خصوصاً ٹوئٹر، پر ٹاپ ٹرینڈ بنے ہوئے ہیں۔

#HamzaAliAbbasi میں لوگ معروف اداکار کے فیصلے پر اپنی رائے کا اظہار کر رہے ہیں۔ جہاں کچھ لوگ ان کے پیغام سے خوش ہیں تو وہیں بعض لوگوں کے مطابق یہ محض توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔

عائشہ راؤ ٹوئٹر پر لکھتی ہیں کہ ’حمزہ علی کی ویڈیو سے مجھے احساس ہوا ہے کہ خدا کے قریب ہونا کتنا ضروری ہے۔۔۔ میں فخر سے کہہ سکتی ہوں کہ اس آدمی نے مجھے متاثر کیا ہے۔‘

’آئی سٹینڈ ود کشمیر‘ کے نام سے ایک صارف ٹویٹ کیا کہ حمزہ عباسی ’ایک نمایاں ستارہ ہیں کیونکہ انھوں نے شوبز چھوڑنے کا فیصلہ اس وقت کیا جب وہ اپنے کریئر کے عروج پر ہیں۔‘

تاہم علوینہ نامی سوشل میڈیا صارف پوچھتی ہیں کہ ’لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے والا شخص حمزہ علی عباسی کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟‘

سلیم جاوید کہتے ہیں کہ ایسے ’الجھے ہوئے‘ لوگ ’شوبز کا استعمال صرف پیسے، شہرت اور نام بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اور پھر جب یہ مقاصد پورے ہو جائیں تو شوبز کی مذمت کرتے ہیں۔ جب ان کا شوق پورا ہوجائے تو انھیں ریٹائر ہوجانا چاہیے۔‘

عمر آفتاب بٹ لکھتے ہیں کہ حمزہ علی عباسی اب ان لوگوں میں سے ہیں ’جو ایک مرتبہ پھر مسلمان بن کر پیدا ہوئے ہیں اور اب مذہب کے ٹھیکے دار ہیں۔‘

بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ حمزہ علی عباسی معروف گلوکار جنید جمشید کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ’ہم آج حمزہ علی عباسی پر تنقید کر رہے ہیں۔ لیکن انھوں نے وہی کیا ہے جو جنید جمشید نے کیا تھا؟‘

حسن خان نامی صرف نے لکھا کہ ان کے مطابق ’حمزہ علی عباسی مستقبل کے جنید جمشید بنیں گے۔‘

تھیئٹر سے اپنے کریئر کا آغاز کرنے والے اداکار حمزہ عباسی نے مشہور ٹی وی ڈراموں ‘من مائل’ اور ‘پیارے افضل’ میں کام کیا ہے اور ہدایت کار بلال لاشاری کی فلم ‘وار’ میں داد وصول کر چکے ہیں۔

ماضی میں بھی حمزہ علی عباسی اپنے فیصلوں کی وجہ سے خبروں کی زینت بن چکے ہیں۔

https://www.instagram.com/p/B1ntk8qhQBR/?utm_source=ig_embed

رواں سال اگست میں انھوں نے نیمل خاور سے ’صرف اللہ کی رضا کے لیے‘ شادی کا اعلان کیا تھا اور ایک سادہ سی تقریب میں رشتہ ازدواج کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

وہ وزیراعظم عمران خان اور حکمراں جماعت تحریک انصاف کی بڑے حمایتیوں میں سے ایک ہیں جبکہ ماضی میں پاکستان میں ایک صدارتی نظام نافذ کرنے کی بھی بات کر چکے ہیں۔

حمزہ علی عباسی نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی کتاب پر تنقید کی تھی جس کے بعد ریحام خان نے انھیں قانونی نوٹس بھجوایا تھا کہ اگر انھوں نے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف پانچ ارب روپے کا ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ اس نوٹس کے جواب میں حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ انھوں نے بھی ریحام خان کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا دیا۔ حال ہی میں پاکستان کا ایک نجی ٹی وی چینل ریحام سے ان کے خلاف نشر کیے گئے الزامات پر معافی مانگ چکا ہے۔

حمزہ علی عباسی شوبز کے ان اداکاروں میں سے ہیں جو خواتین کے حقوق کی مہم ’می ٹو‘ پر اپنے تحفظات ظاہر کرتے رہے ہیں۔ گذشتہ سال اپریل میں انھوں نے کہا تھا ‘ایک مرد عورت کے ساتھ ہنسی مذاق کرتا ہے اور عورت کو برا لگتا ہے لیکن بااختیار ہونے یا کسی اور وجہ کی بنا پر وہ اسے عورت کی رضامندی سمجھنے لگتا ہے اور برسوں بعد وہی عورت کہتی ہے کہ اس کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے مگر مرد کو لگتا ہے کہ وہ تو رضامندی کہ ساتھ ہنسی مذاق کر رہا تھا’۔

یاد رہے کہ وہ ہدایتکار بلال لاشاری کی فلم ’دا لیجینڈ آف مولا جٹ‘ میں اداکاری نبھا رہے ہیں۔ اس فلم میں فواد خان، ماہرہ خان اور حمائمہ ملک جیسے بڑے ستارے شامل ہیں اور یہ سنہ 1979 میں پاکستانی سنیما کی مشہور ترین فلم ’مولا جٹ‘ سے متاثر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32495 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp