سوشل میڈیا پر محمد حفیظ کی ٹویٹ پر تنقید: ’حفیظ کو باہر جاتی گیند کو چھیڑنے کا پرانا شوق ہے‘


حفیظ

سنیچر کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے جانے کی اجازت ملنے کے بعد پاکستانی کرکٹر محمد حفیظ نے ٹوئٹر پر ٹویٹ کیا کہ نواز شریف کا بیرون ملک علاج کے لیے جانا اس بات کا اعتراف ہے کہ پاکستان میں علاج معالجے کی مناسب اور کافی سہولیات میسر نہیں ہیں۔

ساتھ ہی ساتھ انھوں نے یہ سوال بھی اٹھا دیا کہ ’اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ ہم 20 کروڑ پاکستانی ملک میں محفوظ نہیں ہیں۔‘

ٹویٹ پر ردِعمل

قومی کرکٹر کا ٹویٹ کرنا تھا کہ ٹوئٹر صارفین نے محمد حفیظ کو خود برطانیہ سے علاج کروانے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے لکھا کہ ’سر، آپ خود بھی ہر وقت برطانوی معالجوں سے علاج کرواتے ہیں۔ آپ نے ابھی چند ماہ پہلے ہی اپنے فریکچرڈ دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کا علاج کروانے کے لیے مانچسٹر کا انتخاب کیا۔‘

جہاں ٹویٹ پر تنقید کی گئی وہیں چند افراد محمد حفیظ کی حمایت کرتے بھی نظر آئے۔

کرکٹ کے اعداد و شمار کے ماہر مظہر ارشد نے صحافی مرتضیٰ علی شاہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ ’حفیظ تین بار وزیراعظم نہیں رہے۔ ان کے پاس چیزوں کو بدلنے کی صلاحیت نہیں تھی۔ ملک میں طبی سہولیات کی کمی کے سلسلے میں حفیظ کو نشانہ بنانا ایسے ہی ہے جیسے نواز شریف کا اپنے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں صفر پر آوٹ ہونا۔‘

’آپ کو کسی نے وزیراعظم نہیں بنانا‘

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے محمد حفیظ کو جواب دیتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’پروفیسر صاحب آپ پڑھے لکھے شخص ہیں۔ فی الحال پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک نہیں ہے جہاں اعلیٰ ریسرچ اور ڈویلپمنٹ پر کام ہو رہا ہو۔‘

انھوں نے جواب میں محمد حفیظ سے سوال ہی کر دیا کہ ’برطانیہ سے کافی مریض علاج کی غرض سے امریکہ کا رخ کرتے ہیں۔ تو کیا اس کا مطلب ہے کہ برطانیہ فیل ہو گیا ہے؟‘

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے محمد حفیظ پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ’بہتر ہے کرکٹ پر توجہ دو۔۔۔ آپ کو کسی نے وزیراعظم نہیں بنانا۔‘

ماضی کی یادیں تازہ

انٹرنیٹ پر کبھی کچھ اپ لوڈ کیا ہو اور وہ پلٹ کر واپس نہ آئے ایسا ہو نہیں سکتا۔ ٹوئٹر صارف نائلہ عنایت نے محمد حفیظ کی سنہ 2016 میں بنائی گئی ویڈیو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’سنہ 2016 میں محمد حفیظ کو 20 کروڑ پاکستانیوں کی فکر نہیں تھی جب وہ بھول گئے کہ نواز شریف لندن میں زیرِ علاج تھے۔ اس لیے کہ اس وقت وہ وزیراعظم تھے اور آپ کو اپنی سلیکشن کا موقع برباد نہیں کرنا تھا۔‘

مفت کے مشورے

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی حالیہ پرفارمنس کو مدِنظر رکھتے ہوئے صارفین نے محمد حفیظ کو کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے مشورے بھی دیے۔

ٹوئٹر صارف عبداللہ چیمہ نے قومی کرکٹر محمد حفیظ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’پلیز کرکٹ پر توجہ دیں۔ ہمارے پاس سیاسی لیڈر تو کافی ہیں لیکن ہمارے پاس شاندار کرکٹرز نہیں ہیں تو پلیز صرف ٹویٹس نہ کریں، عالمی ریکارڈز بھی بنائیں۔‘

صحافی طلعت حسین نے ٹویٹ کیا کہ کرکٹر محمد حفیظ کو اس سب میں کودنے کی کیا ضرورت ہے؟ وہ عموماً قومی معاملات پر تبصرے تو نہیں دیتے۔

ٹوئٹر صارف سید محمد عزیر نے صحافی طلعت حسین کی ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘حفیظ کو باہر جاتی گیند چھیڑنے کا پرانا شوق ہے۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp