شکر کریں کہ مجھے رحم آ گیا اور باہر جانے کی اجازت دے دی: وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کابینہ کے زیادہ تر افراد نے نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی لیکن شکر کریں کہ مجھے رحم آ گیا اور بدلے میں صرف ان سے 7 ارب روپے کی گارنٹی مانگی مگر ڈرامے شروع ہو گئے، حالانکہ یہ 7 ارب روپے کی تو ٹپ دے سکتے ہیں۔ شہباز شریف کسی کی کیا گارنٹی دیں گے، وہ تو خود مقدمے بھگت رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری لبرل بنتا ہے لیکن وہ لبرلی کرپٹ ہے۔ مولانا فضل الرحمان بچوں کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ان کی آخرت کی بہت فکر ہے۔ سب اکٹھے ہو جاؤ، جو کرنا ہے کر لو، میرا اللہ سے وعدہ ہے کہ اس ملک کا پیسہ چوری کرنے والے ایک آدمی کو بھی نہیں چھوڑوں گا۔

تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ تمام بے روزگار سیاستدان کنٹینر پر کھڑے تھے لیکن مجھے تو مولانا کی آخرت کی فکر ہے کیونکہ وہ بچوں کو گمراہ کر رہے ہیں، آزادی مارچ میں مدارس کے بچوں کو استعمال کیا گیا جنہیں کچھ پتہ نہیں تھا کہ وہ اسلام آباد کیوں آئے ہیں۔ اسلام آباد میں بارش ہوئی تو بچے سردی میں تھے لیکن مولانا گرم کمرے میں تھے۔ میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں بڑی سزا نہ دے۔ مولانا کو ڈیزل کا پرمٹ دے دو، جو مرضی فتویٰ دے دیں گے۔ میں نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہو جائیں گے، یہ ایک مافیا ہے۔

منڈیلا بننے کی کوشش کرنے والے شہباز شریف بھی کنٹینر پر کھڑے تھے، خود کو لبرل کہنے والا بلاول بھٹو بھی کنٹینر پر کھڑا تھا جن کی تھیوری سن کر آئن سٹائن کی روح بھی گھبرا گئی ہو گی کہ جب زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے۔ یہ لبرل نہیں، لبرلی کرپٹ ہے لیکن میں ان کو نہیں چھوڑوں گا کیونکہ اگر ایسا کیا تو اپنی قوم کے ساتھ غداری کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ عدالت نے ایک شخص کو مجرم قرار دیدیا تو ہمیں درخواست کی گئی کہ اسے انسانی بنیادوں پر باہر جانے دیا جائے، ہم نے ڈاکٹرز کی رپورٹس دیکھیں اور کابینہ کے زیادہ تر اراکین نے کہا کہ انہیں باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے کیونکہ باقی لوگ بھی تو جیلوں میں بیمار ہوتے ہیں لیکن مجھے رحم آ گیا اور کابینہ سے کہا کہ جانے دو اور ہم نے بدلے میں صرف ایک چیز مانگی یعنی سات ارب روپے کی گارنٹی۔ میرے پاکستانیو! یاد رکھنا کہ شریف خاندان کے پاس جتنا پیسہ ہے، سات ارب روپے ان کے لئے کچھ نہیں اور یہ تو صرف ٹپ میں اتنی رقم دے سکتے ہیں کیونکہ ان کے پاس موجود دولت کا آپ کو اندازہ ہی نہیں ہے لیکن گارنٹی دینے کے بجائے ڈرامے شروع ہو گئے۔

شہباز شریف نے ایکٹنگ شروع کر دی جنہیں یہاں نہیں بلکہ بالی ووڈ میں ہونا چاہیے تھا، کہتا ہے کہ میں گارنٹی دوں گا، شہباز شریف!   آپ کا بیٹا اور داماد اربوں روپے کی چوری پر بھاگا ہوا ہے، ان کی گارنٹی تو دیں، نواز شریف کے دونوں بیٹے بھاگے ہوئے ہیں اور باہر ارپوں روپے کے گھروں میں رہتے ہیں، ان کی گارنٹی کون دے گا؟ نواز شریف کا سمدھی باہر بھاگا ہوا ہے اور اس کے دو بیٹے بھی باہر بھاگے ہوئے ہیں، ان کی گارنٹی کون دے گا اور سب سے بڑی بات یہ کہ آپ کی گارنٹی کون دے گا، آپ پر بھی کرپشن کے مقدمات چل رہے ہیں۔ شکر کریں کہ ہمیں رحم آ گیا اور علاج کے لئے بیرون ملک جانے کا موقع دیا۔ ہم عدالت کا فیصلہ قبول کرتے ہیں لیکن ساتھ ہی شہباز شریف کو بتانا چاہتا ہوں کہ یہ قوم آپ کو سمجھ گئی ہے اور اب آپ کی باتوں میں نہیں آئے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).