پنجاب ماڈل بازار – ایک خصوصی کاوش


ماڈل بازارحکومت پنجاب کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ایک خصوصی کاوش ہے جس کا بنیادی مقصد عوام الناس کو ایک ایسا خوشگوار پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں ایک ہی چھت تلے وہ نہ صرف روزمرہ استعمال کی ضروریات حاصل کر سکیں بلکہ مزے مزے کے چٹخارے دار کھانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ نت نئے جھولوں سے بھی محظوظ ہو سکیں۔ اس کے علاوہ نچلے و درمیانے طبقے کے کاروباری خواتین و حضرات کو ایک مکمل، با عزت اور محفوظ کاروباری پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی ماڈل بازار کا ایک خاصہ ہے۔

 پنجاب ماڈل بازارز مینجمینٹ کمپنی ( PMBMC) ایک خود کفیل(self۔ sustained) ادارہ ہے جو کہ حکومت کی طرف سے ماڈل بازار کی تعمیر کے بعد، پورے پنجاب کے آپریشنل اخراجات سے لے کر معمول کی تعمیر و مرمت وغیرہ، سب اپنے ذرائع سے ہی پورا کرتا ہے۔ اس مقصد کے لئے حکومت پنجاب سے کسی بھی طرح کی مالی امداد نہیں لی جاتی۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ماڈل بازارز مقامی حکومتوں کے زیر انتظام اتوار بازاروں سے الگ پلیٹ فارم ہیں۔

کاروبار کی خواہش رکھنے والے کاروباری خواتین و حضرات کو ایک مناسب سے کرائے کے بدلے میں ایک اسٹال دیا جاتا ہے۔ ماڈل بازاروں میں کاروباری سہولیات کے علاوہ بہت سی الائیڈ سہولیات بھی دی گئی ہیں جن میں جوائے لینڈ اور فوڈ کورٹ سر فہرست ہیں جہاں نت نئے اور مزے مزے کے چٹخارے دار کھانے مناسب داموں میں فراہمکیے جاتے ہیں۔ جوائے لینڈ میں فیملیز اپنے بچوں کے ہمراہ بھرپور لطف اندوز ہوتی ہیں۔ بازار میں اسٹال ہولڈرز کو بجلی کی مفت فراہمی کے علاوہ، صارفین اور اسٹال ہولڈرز کے لئے مفت پارکنگ، شاپنگ ٹرالیوں، پینے کا صاف پانی، صفائی ستھرائی اور سیکیورٹی خدمات کی مزید سہولیات بھی فراہم کی گئی ہیں۔

بازار میں آنے والوں کے لئے پنکھے اور سرسبز شاداب پودے بھی لگائے گئے ہیں جس سے بازار زیادہ پرکشش اور خوبصورت نظر آتے ہے ں۔ بازار مکمل طور پر سی سی ٹی وی کیمروں، واک آؤٹ گیٹس اور میٹل ڈیٹکٹر آلات سے لیس سکیورٹی گارڈز کے ذریعے محفوظ بنایاگیا ہے۔ اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی ڈی سی ریٹس پر فراہمی یقینی بنانے کے لئے ہر بازار میں شکایت سیل قائم کیا گیا ہے جو نہ صرف صارفین کی شکایات اور تجاویز کو ریکارڈ کرتا ہے بلکہ ان کی شکایت کے بروقت حل کو یقینی بناتا ہے۔

اس کے عمدہ ماحول اور معیاری سامان اور خدمات کی وجہ سے پنجاب میں ماہانہ بنیادوں پر اوسطاً اڑھائی ملین لوگ بتیس ماڈل بازاروں کا دورہ کرتے ہیں۔ اس وقت 32 ماڈل بازار پنجاب کے مختلف شہروں میں سرگرم عمل ہیں جس میں لاہور (ٹاؤن شپ، ٹھوکر نیاز بیگ، ہربنس پورہ، سبزہ زار، رائے ونڈ، میاں پلازہ جوہر ٹاؤن، شیرشاہ کالونی اور چائینہ سکیم )، راولپنڈی سرگودھا، قصور، بہاولپور، سیالکوٹ، ساہیوال، فیصل آباد (جھنگ روڈ، ملت روڈ)، ٹی ٹی سنگ، گوجرانوالہ، گجرات، جام پور، بھیرہ، ڈی جی خان، لیہ، حافظہ آباداور جوہرہ آباد شامل ہیں۔

 2017 ءاور 2018 ءکے مالی سال کے دوران، پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی نے پانچ ماڈل بازار مختلف شہروں میں کامیابی کے ساتھ قائم کیے ، جن میں سے دو جنوبی پنجاب میں واقع ہیں۔ یہ پانچ ماڈل بازار فاروق آباد، چکوال، لودھراں، جھنگ اور وہاڑی میں بنائے گئے ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پی ایم بی ایم سی نے ان بازاروں کی تعمیر کے لئے، جنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں میں خصوصی توجہ دی ہے۔ عوام میں ماڈل بازار کی اس قدر پذیرائی اور داد کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پنجاب نے ایک قدم اور آگے بڑھایا ہے اور اب کسانوں کے حقوق کے تحفظ اور صارفین کو تازہ، معیاری اور سستے داموں پھل و سبزی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام ماڈل بازاروں میں کسان پلیٹ فارم کا قیام کر دیا گیا ہے جہاں عوام الناس کے لئے کاشتکار حضرات کی تازہ اور سستی اجناس کی بالکل مفت تشہیر بھی کی جارہی ہے۔

 اپنی دن رات کی بھر پور محنت و کاوش کے ساتھ جس طرح پنجاب ماڈل بازارز مینجمینٹ کمپنی نے حکومت پنجاب کی زیر نگرانی اپنی کارکردگی کا سکہ منوایا ہے اور جس طرح اس وژن کو پذیرائی ملی ہے، امید کی جاتی ہے کہ آنے والے دنوں میں بھی ماڈل بازارز مینجمینٹ کمپنی ہر تحصیل میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے مزید کوشاں رہے گی اور ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).