لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کون ہیں؟


وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو نیا چیئر مین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا اِس عہدے سے قبل پاک فوج میں اہم ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا نے انفنٹری کی 10 سندھ رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ رہے جب کہ اُنہوں نے جنوبی وزیرستان میں انفنٹری ڈویژن کی کمان بھی کی۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا دسمبر 2016ء میں کور کمانڈر راولپنڈی کی اہم پوزیشن پر تعینات ہوئے۔ لیفٹننٹ جنرل ندیم رضا سندھ رجمنٹ کے کرنل کمانڈنٹ بھی رہ چکے ہیں۔ وہ اگست 2018ء سے جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل سٹاف کی اہم ترین ذمہ داری پر تعینات تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو ہلال امتیازملٹری بھی مل چکا ہے جبکہ اُنہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ بھی کام کیا ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا گزشتہ سال اگست میں چیف آف جنرل سٹاف بنے تھے جو آرمی چیف کے بعد دوسرا اہم ترین عہدہ ہے۔ یاد رہے کہ ستر کی دہائی میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا عہدہ تخلیق ہونے کے بعد سے اس عہدے پر فائز ہونے والے دس افراد چیف آف جنرل سٹاف کے عہدے پر بھی کام کر چکے تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کی جگہ لیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے نئے تعینات ہونے والے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا سے ملاقات کی، جس میں وزیر اعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے عہدے کی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).