ٹیسلا کے نئے سائبر ٹرک کی رونمائی پر ایلون مسک کو شرمندگی کا سامنا


ٹیسلا

’جب کچھ بھی صحیح نہ ہو رہا ہو لیکن آپ کو اپنی پریزنٹیشن مکمل بھی کرنی ہے۔۔۔‘

زندگی کے نشیب و فراز میں چند مواقع ایسے بھی آتے ہیں جب بہت بڑے بڑے ناموں کو بھرے مجمعے کے سامنے شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے، لیکن ان کے پاس فرار کا کوئی راستہ نہیں ہوتا اور وہ بس مسکرا کر آگے بڑھ جاتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی گذشتہ روزامریکی ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا کے مالک ایلون مسک کے ساتھ ہوا جب ان کی کمپنی کے نئے ’سائبر ٹرک‘ کی تقریبِ رونمائی کے دوران ٹرک کے شیشوں کی پائیداری ٹیسٹ کرنے کے لیے کیے جانے والا تجربہ بری طرح ناکام ہوا۔

کمپنی کا دعوی تھا کہ ’سائبر ٹرک‘ میں استعمال ہونے والا خصوصی لوہا اور مخصوص دھاتوں سے بنے شیشے آسانی سے توڑے نہیں جاسکتے۔

لیکن جب ٹیسلا کے ہیڈ آف ڈیزائن فرینز وان ہولز ہوسن نے یہ ثابت کرنے کے غرض سے ٹرک کی کھڑکی کی جانب ایک لوہے کی بال اچھالی تو ’شیٹر پروف‘ تصور کیے جانے والے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیے

جیک ما بمقابلہ ایلون مسک یا انسان بمقابلہ کمپیوٹر

ایلون مسک کا فراڈ، ٹیسلا کے چیئرمین نہیں رہ سکیں گے

ٹیسلا کی تمام نئی گاڑیوں میں’سیلف ڈرائیونگ‘ کی سہولت

واقعے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شیشہ ٹوٹنے کے فوراً بعد ایلون مسک غصے میں چند کلمات ادا کرتے ہیں اور پھر ہنستے ہوئے کہتے ہیں: ’ابھی بہتری کی گنجائش ہے۔۔۔ کم از کم یہ شیشے کے آر پار نہیں گئی۔‘

یہ لطیفہ سوشل میڈیا صارفین کی نظروں سے اوجھل نہ رہا اور جلد ہی ٹوئٹر پر میمز کی بوچھاڑ ہو گئی۔

https://twitter.com/tryphon342/status/1197732712762740737

ایک صارف نے اس لمحے کو اپنے یونیورسٹی کے دنوں کے تجربات سے ملانے کی کوشش کی اور کہا کہ ایلون مسک کی شکل ایسی بنی ہوئی ہے جیسی اس وقت بنتی ہے: ’جب کچھ بھی صحیح نہ ہو رہا ہو لیکن آپ کو اپنی پریزنٹیشن مکمل بھی کرنی ہو۔۔۔‘

https://twitter.com/gregbohn/status/1197749885040308224

گریگ نامی صارف نے دعوی کیا کہ ان کے ہاتھ ایلون مسک کی بچپن کی ڈائری کا ایک ورق آ گیا ہے جس میں اس کار کی پہلی ڈرائنگ موجود ہے۔

https://twitter.com/C4liCrypto/status/1197736001684160512

کیلی نامی صارف نے نئے ٹرک کی بھدی شکل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس کے گرافکس سب سے نچلی سیٹنگ پر چل رہے ہیں۔

https://twitter.com/Kaden_Bailey16/status/1197738171221590017

جبکہ کیڈن بیلی نے اس کے ڈیزائن کو کسی کارٹون سے تشبیہ دی۔

’سائبر ٹرک‘ میں خاص بات کیا ہے؟

ٹیسلا کی دیگر گاڑیوں کی طرح یہ ٹرک بھی بجلی سے چلے گا۔

سائبر ٹرک کے دو ماڈل متعارف کروائے جائیں گے۔ چھوٹا ماڈل تقریباً 40000 ڈالر میں بکے گا اور وہ ایک چارج میں تقریباً 400 کلومیٹر تک جا سکے گا۔ اس کے مقابلے میں بڑے ماڈل کی رینج 800 کلومیٹر کے لگ بھگ ہوگی، جس کی قیمت 70000 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

اس گاڑی میں چھ لوگوں کے باآسانی بیٹھنے کی جگہ ہو گی اور اس میں 1600 کلوگرام تک وزن برداشت کرنے کی صلاحیت ہو گی۔

امید کی جا رہی ہے کہ سائبر ٹرک 2021 تک مارکیٹ میں آ جائے گا لیکن ایلون مسک کی کمپنی کا متعین وقت پر چیزیں لانچ کرنے کا ریکارڈ کچھ خاص اچھا نہیں۔

نئی گاڑیوں کے ریویو کرنے والی ویب سائٹس پر اس کی شکل و صورت پر کافی تنقید ہو رہی ہے اور کئی صارفین اور انڈسٹری کے لوگ یہ پیش گوئی کر رہے ہیں کہ جب یہ کار لانچ ہو گی تو لوگوں کو اس کی شکل زیادہ پسند نہیں آئے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32507 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp