امریکا: منی لانڈرنگ پر کتاب لکھنے والے پروفیسر کو 25 لاکھ ڈالرز کی منی لانڈرنگ کے الزامات کا سامنا


پروفیسر بیگلے

CBS Miami
پروفیسر بیگلے

امریکی حکام نے یونیورسٹی آف میامی کے ایک ایسے پروفیسر پر وینیزویلا سے 25 لاکھ ڈالر کی منی لانڈرنگ کرنے کا الزام عائد کیا ہے جو خود منشیات کی سمگلنگ اور منظم جرائم پر ایک کتاب لکھ چکے ہیں۔

استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ پروفیسر بروس بیگلے نے ایک بڑی رقم سوئٹزر لینڈ اور متحدہ عرب امارات کے بینک اکاؤنٹس سے وصول کی اور اس رقم کا ڈھائی لاکھ ڈالرز کا حصہ اپنے پاس رکھا۔

چار سال قبل پروفیسر بروس نے اپنے ساتھی مصنف کے ساتھ مل کر ’منشیات کی سمگلنگ، منظم جرائم اور امریکہ میں تشدد‘ کے عنوان سے ایک کتاب لکھی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ ’منی لانڈرنگ فروغ پا رہی ہے۔‘

یونیورسٹی آف میامی میں بین الاقوامی سٹڈیز کے پروفیسر بروس بیگلے نے سی بی ایس نیوز سے بات کرتے ہوئے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کی تردید کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’میں اچھا محسوس کر رہا ہوں، قصور وار نہیں۔ انھوں نے سب غلط سمجھا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

بےنامی کھاتے اور اکاؤنٹ ہوتے کیا ہیں؟

’ریڈ کراس وینزویلا کو دو ہفتوں میں امداد دے سکتا ہے‘

منی لانڈرنگ کا جن بوتل میں کیسے بند کیا جائے؟

پیچیدہ عمل

نیویارک میں حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ بیگلے نے فلوریڈا کے بینک میں ایک ایسی کمپنی کے لیے اکاؤنٹ کھولا جو انھیں نے خود بنائی اور رجسٹر کروائی تھی۔ اس کمپنی میں انھوں نے اپنے آپ کو اور اپنی اہلیہ کو ڈائریکٹر اور افسر ظاہر کیا تھا۔

نومبر 2017 میں ان کے اکاؤنٹ میں متحدہ عرب امارات کی ایک فوڈ کمپنی سے رقوم منتقل ہونی شروع ہوئیں۔ یہ کمپنی ایک کولمبیئن شہری کے کنٹرول میں تھی۔

حکام نے کولمبیا کے اس شہری کا نام ظاہر نہیں کیا ہے اور نہ ہی یہ بتایا ہے کہ مبینہ طور پر یہ رقوم وینزویلا میں کس طرح غبن کی گئی تھیں۔

بیگلے نے اپنی کتاب میں منی لانڈرنگ پکڑنے کے کام کو ’انتہائی پیچیدہ عمل‘ قرار دیا ہے۔

استغاثہ کا دعویٰ ہے کہ اکاؤنٹس میں آنے والی رقوم درحقیقت وینزویلا میں ’رشوت اور بدعنوانی‘ کے تحت آئی تھیں۔

یہ معاملہ تیل کی دولت سے مالا مال ملک وینیزویلا میں بدعنوانی سے حاصل ہونے والی آمدن پر نظر رکھنے اور اس کی لانڈرنگ کے لیے امریکی مالیاتی نظام کے استعمال کو روکنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔

وینزویلا کو شدید معاشی بدحالی کا سامنا ہے اور اس کے باعث اب تک لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں۔

ماہر گواہ

بیگلے کو منی لانڈرنگ کی سازش کے ایک الزام جبکہ منی لانڈرنگ کرنے کے دو الزامات کا سامنا ہے۔ ہر الزام کی زیادہ سے زیادہ سزا 20 سال کی قید ہے۔

میامی فیڈرل کورٹ میں پیشی کے بعد بیگلے کو تین لاکھ ڈالر زرِ ضمانت کے عوض رہا کیا گیا ہے۔

اپنے تدریسی کریئر کے علاوہ پروفیسر بیگلے عدالت میں بطور ماہر گواہ ثبوت بھی پیش کر چکے ہیں جبکہ امریکی کانگریس کی سینیٹ کمیٹیوں کے روبرو اپنے بیانات بھی دے چکے ہیں۔

وینزویلا

وینزویلا کو شدید معاشی بدحالی کا سامنا ہے اور اس کے باعث اب تک لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں

پروفیسر بیگلے کے کیس سے متعلق بات کرتے ہوئے ایف بی آئی کے معاون ڈائریکٹر انچارج ولیم ایف سوینے جونیئر کا کہنا تھا کہ ’جرائم پیشہ افراد کالا دھن سفید کرنے کے لیے بہت سے طریقے استعمال کرتے ہیں، لیکن کامیابی کے لیے انھیں اپنا پیسہ چھپانے اور منتقل کرنے کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ’جیسا کہ ہمارا الزام ہے، امریکی پروفیسر بیگلے نے بیرونِ ملک ایک غیر قانونی سرگرمی کی کامیابی میں کردار ادا کیا جو کہ وینیزویلا کے عوام کے خلاف کی گئی تھی۔ انھوں نے یہ کام غیر قانونی طریقے سے حاصل کردہ دولت تک رسائی میں مدد کر کے کیا اور اس جرم میں اپنے کردار سے منافع کمایا۔‘

پروفیسر کے وکیل ڈینئیل فورمین نے میامی ہیرالڈ اخبار کو بتایا کہ وہ ’مستعد انداز میں اس کیس کا دفاع‘ کریں گے۔

یونیورسٹی آف میامی کا کہنا ہے کہ پروفیسر بیگلے آج کل انتظامی بنیادوں پر چھٹی پر ہیں۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے ان الزامات کو پروفیسر کا ’ذاتی مسئلہ‘ قرار دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp