محمد بن سلمان: سعودی ولی عہد کی جیکٹ کے سوشل میڈیا پر چرچے


محمد بن سلمان

سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ان دنوں بالکل ہی مختلف وجوہات کے سبب سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہے ہیں۔

اس ٹرینڈ کی وجہ ایک جیکٹ ہے جو انھوں نے سعودی دارالحکومت ریاض میں ’فارمولا ای‘ ریس کی تقریب کے دوران پہنی تھی۔

محمد بن سلمان نے ایویئٹر سن گلاسز اور سپورٹس شوز کے ساتھ اپنے روایتی سفید لباس پر یہ جیکٹ پہنی اور مشرقِ وسطیٰ اور مغربی طرز کا ایک مرکب پیش کیا۔

یہ جیکٹ جس برطانوی برانڈ کی تھی انھوں نے عربی زبان میں ٹوئٹر پر ایک ہیش ٹيگ شروع کیا جس کا مطلب ’ولی عہد کی جیکٹ‘ تھا۔ اس کے بعد محمد بن سلمان کے اس ’نئے لُک‘ کی سوشل میڈیا پر تعریف و توصیف شروع ہوگئی۔

ایک صارف نے اس جیکٹ کو آن لائن تلاش کیا اور شہزادہ سلمان کی تصویر کے ساتھ لکھا: ’یہ اس کا سب سے بڑا اشتہار ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

سعودی عرب معتدل اسلام کی جانب بڑھ رہا ہے

محمد بن سلمان نوجوانوں میں کیوں مقبول ہیں؟

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے اثر و رسوخ کی کہانی

ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ جیکٹ تھوڑی ہی دیر میں تمام کی تمام فروخت ہوگئی۔‘

کچھ صارفین نے اس جیکٹ کو خریدنے کے سکرین شاٹس بھی شیئر کیے۔

اس سے پہلے بھی محمد بن سلمان اپنے لباس کے لیے بحث کا موضوع رہ چکے ہیں۔

سنہ 2016 میں وہ امریکہ میں فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سے ملاقات کے دوران شرٹ، بلیزر اور جینز میں نظر آئے تھے۔

https://twitter.com/AdamparrL/status/1198668085764526080

جون سنہ 2016 میں اپنے امریکی دورے پر محمد بن سلمان نے پہلے واشنگٹن میں اس وقت کے امریکی صدر براک اوباما اور سینیئر عہدیداروں سے ملاقات کی تھی۔

اس کے بعد انھوں نے مائیکرو سافٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر ستیہ نڈیلا اور فیس بک کے بانی مارک زکربرگ سے بھی ملاقات کی۔

https://twitter.com/TripleM0000/status/1197972628461539330

شہزادہ سلمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ امریکہ میں ٹیکنالوجی کے گڑھ سلیکون ویلی کے ساتھ مضبوط رشتوں کے حامی ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان دوروں کا مقصد سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت وہاں ایک ہائی ٹیک سیکٹر کا قیام تھا۔

اس وقت بھی محمد بن سلمان کے مغربی لباس کو بیرونی دنیا تک ان کے ’لبرل‘ پیغام پہنچانے کی کوشش کے طور پر دیکھا گیا تھا۔

https://twitter.com/FadilaAlJaffal/status/1197926844932202502

ان کی ایک دوسری تصویر اس وقت بحث کا موضوع بنی جب سعودی عرب میں ایک پہاڑ پر وہ سینیئر وزرا کے ساتھ ٹی شرٹ اور شارٹس میں نظر آئے۔

محمد بن سلمان نے سعودی عرب میں کئی سطحوں پر اصلاح پسند تبدیلیاں کی ہیں۔ ان میں سنیما کھولنے اور محفل موسیقی کے انعقاد کی اجازت کے ساتھ خواتین کی ڈرائیونگ پر پابندی ختم کرنا شامل ہے۔

تاہم ان کے کچھ ناقدین ان چیزوں کو ان کی ذاتی مشہوری کے پروگرام کا حصہ سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ شہزادہ محمد بن سلمان ولی عہد بننے کے بعد سے سیاسی مخالفین کی آوازوں کو دبا رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp