مودی کا دورہ جھارکھنڈ: ’گو بیک مودی‘ کا ٹرینڈ منظم ٹرولنگ ہے یا وزیر اعظم کی مقبولیت میں کمی کی طرف اشارہ؟


نریندر مودی

انڈیا میں سوشل میڈیا پر ’گو بیک مودی‘ پہلے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ کیا یہ منظم ٹرولنگ کا نتیجہ ہے یا پھر وزیر اعظم نریندر مودی کی مقبولیت میں واضح کمی کی طرف اشارہ ہے؟

ٹوئٹر صارف اس ہیش ٹیگ پر حیرت کا اظہار بھی کر رہے ہیں لیکن یہ پہلی بار نہیں کہ انڈیا میں ’گو بیک مودی‘ ٹرینڈ کر رہا ہو۔

بعض صارف حیرت کے اظہار کے ساتھ پوچھ رہے ہیں کہ کہیں نریندر مودی انڈیا کی جنوبی ریاست تمل ناڈو تو نہیں جا رہے، کیونکہ ماضی میں وہ جب بھی تمل ناڈو گئے ہیں ٹوئٹر پر یہ ٹرینڈ نظر آیا ہے۔

مزید پڑھیے

نریندر مودی ٹوپی کیوں نہیں پہنتے؟

‘نریندر مودی کا آخری داؤ’

’سیلفی ایسے لیتے ہیں‘، نریندر مودی نے سکھایا

لیکن اس بار ’گو بیک مودی‘ ان کے ریاست جھارکھنڈ کے دورے پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ یہ وہی جھارکھنڈ ہے جہاں سنہ 2000 میں ریاست کے قیام سے اب تک بی جے پی کسی نہ کسی طرح برسر اقتدار رہی ہے۔

بعض تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ نریندر مودی جتنے تمل ناڈو میں غیر مقبول ہیں اتنے انڈیا کی کسی دوسری ریاست میں نہیں۔ لیکن گذشتہ دنوں کرناٹک اور یہاں تک کہ مہاراشٹر کے دورے پر بھی ’گو بیک مودی‘ کا ٹرینڈ نظر آیا تھا۔

مقامی صحافیوں کے مطابق تمل ناڈو میں پہلی مرتبہ ’گو بیک مودی‘ کا ٹرینڈ ان کے وزیراعظم بننے سے قبل سنہ 2012 میں ہی نظر آیا تھا جب وہ ڈیفنس ایکسپو کے افتتاح کے لیے وہاں گئے تھے۔

تمل ناڈو میں بی جے پی کی بنیاد بہت مضبوط نہیں ہے لیکن جھارکھنڈ میں اس کے قدم مقامی پارٹی مکتی مورچہ سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات رواں ماہ کی 30 تاریخ سے پانچ مرحلوں میں ہو رہے ہیں اور نتائج کا اعلان 23 دسمبر کو ہو گا۔

گذشتہ ماہ اکتوبر میں ہونے والے مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی سب سے زیادہ سیٹیں حاصل کرنے والی پارٹی تھی لیکن پہلے تو وہ حکومت بنانے میں ناکام رہی اور پھر اس نے سنیچر کو جو حکومت بنائی اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔

گو بیک مودی ٹرینڈ میں کیا ہے؟

اگر ’گو بیک مودی‘ ہیش ٹیگ کا سرسری جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ اس میں کانگریس کے حامیوں کی غالب تعداد ہے جبکہ بعض ایسے ہیں جو انڈیا کے اہم مسائل کو ’گو بیک مودی‘ سے جوڑ رہے ہیں۔

ساگر سبھاش ساونت نامی ایک صارف نے لکھا ‘پہلے کرناٹک، پھر مہاراشٹر اور اب جھارکھنڈ میں گو بیک مودی ٹرینڈ کر رہا ہے۔ یہ ہیش ٹیگ یقیناً تاریخ کی کتاب میں اپنی جگہ بنائے گا۔ آگ جلائی رکھیں۔‘

ایک صارف حسن مولانا نے لکھا ’کچھ برسوں میں مودی اس قوم کا کردار بدل دیں گے۔ ہم انھیں اییسے کرتا نہیں دیکھ سکتے۔’

تاہم ساتھ ہی ایک صارف پریا جوشی نے کہا کہ یہ ٹرینڈ چلانا درست نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’مودی کے منصوبوں نے اترپردیش، بہار، جھارکھنڈ، اڑیسا (اوڈیشا)، مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ وغیرہ میں کم تنخواہوں پر کام کرنے والے محنت کشوں کی مالی صورتحال بہتر بنانے میں مدد کی ہے۔‘

ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’مودی حکومت نے اکثریت میں ہونے کا غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے بنیادی حقوق کے خاتمے کے لیے کام کیا ہے۔ مودی نے بطور وزیرِ اعظم اس معاشرے کو مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل کی روایت کا تحفہ دیا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp