قومی مفاد کی عینک


اخباری رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی قانونی ٹیم کی کارکردگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی ٹیم نے عدالت عظمیٰ کو مطمئن کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور عدالتی فیصلہ قانونی ٹیم کی فتح ہے۔ مزید فرمایا گیا ہے کہ فیصلے سے ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسہ بچانے والے اس مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہو گی۔ 15 ماہ تک زور لگانے والا مافیا ناکام ہو گیا۔ جس بھی شخص نے گزشتہ چند روز کے دوران اٹارنی جنرل انور منصور اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے موجود بیرسٹر فروغ نسیم کے دلائل سنے ہیں، اور اس سے پہلے چیف آف آرمی سٹاف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے حوالے سے جاری کیے جانے والے اعلانات کی تفصیل سے بھی کچھ واقفیت حاصل کی ہے، وہ وزیر اعظم کی اس ”شاباش“ پر مسکرائے بغیر نہیں رہ سکتا۔

سپریم کورٹ کے سامنے جو کچھ کہا گیا، اور اس سے پہلے ایوانِ صدر اور ایوانِ وزیر اعظم میں جو نوٹیفکیشن، نوٹیفکیشن کھیلا جاتا رہا، اس پر ایک اچٹتی سی نظر ہی ڈال لی جائے تو وزیر اعظم کے حوصلے کی داد دینا پڑتی ہے کہ جن لوگوں کو مرغا بنانا چاہیے تھا، وہ ان کی پیٹھ تھپک رہے ہیں۔ اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ میرٹ اور کارکردگی کی تعریف ان کی نظر میں کیا ہے؟ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے تو ایک موقع پر یہاں تک کہہ دیا کہ جن لوگوں نے نوٹیفکیشن نمبر 3 جاری کیا ہے، ان کی ڈگریاں چیک کی جانی چاہئیں کہ ایسا تو اسسٹنٹ کمشنر کی تعیناتی کے ساتھ بھی نہیں ہوتا، جو کچھ چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے از سر نو تقرری کی سمری بھجوائی گئی تھی، جبکہ ایوانِ صدر سے نوٹیفکیشن توسیع کا جاری ہو گیا۔ اٹارنی جنرل سپریم کورٹ کے سامنے جس طرح بوکھلاتے اور گھگھیاتے رہے، وہ تو تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔ کبھی کہا کہ جنرل ریٹائر نہیں ہوتا، اور کبھی کہا کہ وزیر اعظم چاہے تو ریٹائرڈ جرنیل کو بھی آرمی چیف بنا سکتا ہے۔ ان کے جو ارشادات اخبارات میں چھپتے رہے، اور ٹیلی ویژن پر جگمگاتے رہے، انہیں یکجا کر لیا جائے تو قانون کے طالب علموں کی تفننِ طبع کے لئے ایک اچھا خاصہ کتابچہ تیار ہو سکتا ہے۔

سپریم کورٹ کا مختصر حکم نامہ جاری ہونے کے بعد بیرسٹر فروغ نسیم نے ایک پریس کانفرنس میں فرمایا کہ اب اگر اپوزیشن اس معاملے پر قانون سازی کے لیے تعاون نہیں کرے گی تو اس پر توہین عدالت بھی عائد ہو سکتی ہے۔ عدالتی فیصلے کی اس نادر تشریح پر کئی قانونی ماہرین کے نزدیک ان کو خود توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا جا سکتا ہے۔ یہ درست ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف کی مدتِ ملازمت اور توسیع کے حوالے سے سپریم کورٹ نے قانون سازی کی ہدایت کی ہے۔

 اس کا یہ مطب نہیں کہ وہ پارلیمنٹ کے کسی رکن کو کسی خاص نوعیت کا قانون بنانے پر مجبور کر سکتی ہے یا اس کی ہدایت دے سکتی ہے۔ سپریم کورٹ کے حکم کی بنیاد اس حکومتی یقین دہانی پر ہے کہ یہ معاملہ چھ ماہ میں طے کر لیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ توسیع کا اعلان کرنے والی حکومت کے نمائندے نے عدالت کے سامنے واضح اقرار کیا کہ اس حوالے سے کوئی قانون موجود نہیں ہے۔ وزیر اعظم اپنی قانونی ٹیم کو شاباش دے رہے ہیں تو ان کی مرضی۔

خرد کا نام جنوں پڑ گیا جنوں کا خرد

جو چاہے آپ کا حسنِ کرشمہ ساز کرے

ان کی اپنی ٹیم ہے، وہ جس طرح چاہیں اس کی بلائیں لیں، یہی لیل و نہار رہے تو حکومت اور عوام لڑھکنیوں سے لطف اندوز ہوتے رہیں گے۔ کسی کو لکی ایرانی سرکس میں جا کر وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

وزیر اعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ: ملکی اداروں میں تصادم چاہنے والوں کو شکست ہوئی، اپنا پیسہ بچانے والے مافیا کو آئندہ بھی مایوسی ہو گی۔ تیری آواز مکے اور مدینے، اداروں میں تصادم کی کوشش کرنے والوں پر تین حرف بھیجے جا سکتے ہیں، لیکن وہ ”مافیا“ کون ہے، جو اپنا پیسہ بچانے کے لئے یہ سب پاپڑ بیل رہا تھا؟ اگر اس سے مراد اپوزیشن ہے، تو وہ تو گزشتہ دِنوں چُپ سادھ کر بیٹھی رہی۔ اس معاملے میں تو یوں لگ رہا تھا کہ اس کے منہ میں زبان ہی نہیں ہے۔

 نوٹیفکیشن وزیر اعظم ہاؤس میں تیار ہوتے رہے، جوہر وزارتِ قانون کے کھلتے رہے، متضاد بیانات ایوانِ صدر سے منسوب ہوتے رہے، اٹارنی جنرل عدالت کے سامنے لرزتے کانپتے رہے۔ درخواست گزار کا کوئی تعلق کسی اپوزیشن جماعت سے نہ تھا۔ سوالات پر سوالات سپریم کورٹ کے فاضل جج صاحبان اٹھاتے رہے۔ اس سب میں اپوزیشن کہاں سے آ گئی؟ مافیا کون سا تھا اور کیا کر رہا تھا؟ اگر اس بارے میں تفصیلی بیان جاری کر دیا جائے تو قانون اور سیاست کے طالب علموں کا کچھ نہ کچھ بھلا ہو سکتا ہے۔

وزیر اعظم کی نگاہ سے یہ بات اوجھل نہیں ہو گی کہ معاملہ پارلیمنٹ میں جانا ہے، وہاں قانون سازی کے لیے انہیں اپوزیشن سے معاونت درکار ہو گی۔ عام بل منظور کرانے کے لیے بھی دونوں ایوانوں میں مطلوب اکثریت حکومت کے پاس نہیں ہے، اس لیے ایک انتہائی اہم ادارے کے معاملات کو گروہی سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے۔ سیاسی جماعتوں کو وسیع تر اتفاق کے ذریعے قانون بنانا چاہیے۔ چیف آف آرمی سٹاف کا تقرر، مدتِ ملازمت یا توسیع کا معاملہ سیاسی یا جماعتی نہیں، قومی ہے، اور اسے قومی مفاد کی عینک لگا کر ہی دیکھنا ہو گا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو زیر بحث لائے بغیر مستقبل کے لیے قانون سازی کرنا ہو گی۔ انہیں تو توسیع مل چکی، لیکن وہ پہلے آرمی چیف ہیں، نہ (خدانخواستہ) آخری۔ ان سے پہلے کا ماضی بھی طویل ہے، اور بعد کا مستقبل بھی طویل ہو گا (انشاء اللہ) دور تک دیکھنے کی کوشش کر گزریے، بینائی یہ کچھ زیادہ زور نہیں پڑے گا

اے اہلِ نظر، ذوق نظر خوب ہے لیکن

جو شے کی حقیقت کو نہ سمجھے وہ نظر کیا

(بشکریہ روز نامہ پاکستان)

مجیب الرحمن شامی
Latest posts by مجیب الرحمن شامی (see all)

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

مجیب الرحمن شامی

یہ کالم روز نامہ پاکستان کے شکریے کے ساتھ شائع کیا جاتا ہے

mujeeb-ur-rehman-shami has 129 posts and counting.See all posts by mujeeb-ur-rehman-shami