ایک سال تک نہ خراب ہونے والا سیب امریکہ میں دستیاب


سیب کی ایک نئی قسم جسے تیار کرنے میں دو دہائی کا عرصہ لگا ہے، کو ممکنہ طور پر ایک سال تک فریج میں بغیر خراب ہوئے رکھا جا سکتا ہے اور اتوار سے امریکہ میں اس کی فروخت شروع ہو رہی ہے۔

سیب کی اس نئی قسم کو ’کاسمک کرسپ‘ کا نام دیا گیا ہے اور یہ ہنی کرسپ اور انٹرپرائز سیب کی پیوند کاری سے وجود میں آیا ہے۔ اسے پہلی بار سنہ 1997 میں واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی میں اگایا گیا تھا۔

اس ’ٹھوس، خستہ اور رس دار سیب‘ کے لانچ میں ایک کروڑ امریکی ڈالر خرچ آیا ہے۔

واشنگٹن ریاست کے کسانوں کو آنے والی دہائی میں اس کی کاشت کی اجازت دی جائے گی۔

واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی میں اس سیب کی افزائش اور نشوونما کی شریک سربراہ کیٹ ایوانز نے بتایا ’یہ زیادہ خستہ سیب ہے، یہ نسبتا سخت ہے، اس میں ترش و شریں کا اچھا توازن ہے اور یہ بہت ہی رسیلا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

وہ علاقہ جہاں سیبوں کی بارش ہوتی ہے

آم کے بارے میں چند رسیلے حقائق

’لمبی زندگی کے لیے روز دس مرتبہ پھل کھائیں‘

ان کا کہنا ہے کہ اس کے گودے کا رنگ تبدییل ہونے میں کافی وقت لگتا ہےاور اگر اسے ریفریجریٹر میں رکھا جائے تو دس بارہ ماہ تک کھانے میں اس کی اچھی کوالٹی برقرار رہتی ہے۔‘

کاسمک کرسپ کے ایک کروڑ 20 لاکھ درخت لگائے گئے ہیں اور سخت قواعد و ضوابط کی وجہ سے کسانوں کو اسے ملک کے دوسرے حصوں میں اگانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سیب کی اس قسم کو ابتدا میں ’ڈبلیو اے 38‘ کا نام دیا گیا تھا لیکن کاسمک کرسپ کا نام اسے اس لیے دیا گیا کہ اس کے گہرے سرخ رنگ پر سفید دانے نظر آتے ہیں جو رات میں تاروں بھرے آسمان کی طرح لگتے ہیں۔

واشنگٹن امریکہ میں سیب کی فراہمی کا سب سے بڑا مرکز ہے لیکن اس کے دو اقسام کے سیب گولڈین ڈیلیشیئس اور ریڈ ڈیلیشیئس کو پنک لیڈی اور رائل گالا سے سخت مقابلے کا سامنا رہا ہے۔

امریکہ میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے پھلوں میں سیب کے بعد کیلے کا نمبر آتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp