کارو کاری کی لرزہ خیز واردات: دادو میں 9 سال کی بچی گل سما مبینہ طور پر غیرت کے نام پر سنگسار


دادو کی تحصیل جوہی میں 9 سال کی بچی کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ کچھ دن قبل دادو کی تحصیل جوہی کے علاقے واہی پاندھی میں پیش آیا جہاں کمسن گل سماء کو غیرت کے نام پر پتھر مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس نے بچی کے باپ علی بخش رِند، نماز جنازہ پڑھانے والے مولوی ممتاز لغاری اور کفن دفن میں سہولت کاری کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔

ترجمان دادو پولیس کے مطابق قبر کشائی کے لیے مقامی عدالت سے رجوع کیا جائے گا جس کے بعد پوسٹ مارٹم کروایا جائے گا، واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ لے لیا ہے۔

دوسری جانب بچی کے والدین کا کہنا ہے کہ گل سماء کے قتل کی باتیں غلط ہیں، حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہوا، ان کی بیٹی کھیل رہی تھی کہ اچانک سر پر بھاری پتھر لگنے سے اس کا انتقال ہو گیا۔

واقعے کے حوالے سے صوبائی وزیراطلاعات سعید غنی کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے دادو میں لڑکی کو مبینہ طور پر سنگسار کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے۔ سعید غنی کے مطابق پولیس اس حوالے سے تحقیقات کررہی ہے اور لڑکی کے والد اور ایک شخص پولیس کے پاس ریمانڈ پر ہیں جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی اس معاملے پر تشویش کا اظہار کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).