اردن: جھونپڑیوں میں آتشزدگی سے بچوں سمیت 13 پاکستانی ہلاک


وادی اردن میں ایک کھیت میں قائم جھونپڑیوں میں آگ لگنے سے آٹھ بچوں سمیت کم از کم 13 پاکستانی ہلاک ہوگئے ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے پیر کو اردن کے حکام کے حوالے سے بتایا کہ کرامہ نامی قصبے میں واقع جھونپڑیوں میں آگ آدھی رات کے بعد لگی اور ابتدائی علامات کے مطابق ممکنہ طور پر یہ بجلی کے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی۔

محکمہ شہری دفاع کے ترجمان عیاد العمر نے ایک بیان میں بتایا ہے کہ اس واقعے میں تین مزید افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

اسلام آباد کا سستا بازار ایک بار پھر آگ کی زد میں

ٹرین میں آگ لگنے کے بعد کیا ہوا

ایمیزون کے جنگلات: ہزاروں مقامات پر آتشزدگی

اردن کے المملکہ ٹی وی نے اپنی ویب سائٹ پر شہری دفاع حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں آٹھ بچے، چار خواتین اور ایک مرد شامل ہیں۔

محکمے کے ایک اور ذریعے کا کہنا تھا کہ ٹین کی چھتوں والی جھونپڑیوں میں تارکینِ وطن مزدوروں کے دو خاندان رہتے تھے اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

زخمی ہونے والے تینوں افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

وادی اردن ایک زرخیز علاقہ ہے جہاں ہزاروں کی تعداد میں غیر ملکی مزدور ناگفتہ بہ حالات میں نجی زمینوں پر رہتے ہیں۔

حالیہ سالوں میں اردن میں کیمپوں میں رہنے والے شامی مہاجرین کی ہلاکت کے بھی کئی واقعات سامنے آئے ہیں جن میں بجلی کی خرابی سے آگ لگنا یا گیس کے چولہوں سے دم گھٹنا شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32508 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp