ڈیفنس اغوا کیس: مغوی طالبہ اپنی مالی حیثیت کے بارے میں مبالغہ آرائی کرتی تھی


ڈیفنس میں فائرنگ کے بعد لڑکی کے اغواء کی ویڈیو ڈیفنس میں کار سوار ملزمان کے ہاتھوں قانون کی طالبہ کے اغواء کے سلسلے میں تفتیشی ٹیم تاوان وصولی کے پہلو پر بھی تفتیش کر رہی ہے جبکہ امریکہ میں تعلیم کے حصول کے دوران ایک نوجوان کی جانب سے جبری شادی کی کوشش اور بلیک میلنگ کا معاملہ بھی پولیس نے تفتیش میں شامل کرلیا ہے۔

پولیس کے تفتیشی ذرائع کے مطابق کراچی کی مقامی لاء یونیورسٹی میں فائونڈیشن کی طالبہ دُعا منگی نے اپنے حلقہ احباب میں خود کو امیر زادی اور ڈیفنس کے بڑے بنگلے کی رہائشی ظاہر کر رکھا تھا۔ ڈیفنس فیز 6 میں بڑا بخاری کے ریسٹورنٹ کے باہر سے اغواء کے بعد حقائق سامنے آنے پر دعا منگی کے کورنگی کراسنگ پر رہنے کے انکشاف پر اس کے ساتھی حیرت زدہ ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق دعا منگی کی جانب سے عام کئے گئے رئیس زادی کے تاثر سے اس کے تاوان کی غرض سے اغواء کئے جانے کے پہلو پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق امریکہ میں تعلیم کے حصول کے دوران رہائش کے دوران دعا کی پاکستانی لڑکے سے دوستی ہوگئی تھی جس نے بعد ازاں دعا کو شادی پر رضامند کرنے کی کوشش کی۔ ذرائع کے مطابق دعا مانگی کے مسلسل انکار پر وہ لڑکا مبینہ دھمکیوں پر اتر آیا اور اس نے شادی نہ کرنے کی صورت میں مبینہ طور پر دعا کی بعض تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔ پولیس کے تفتیشی ماہرین کے مطابق اس پہلو کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد حارث زخمی ہوا تو اسے سنبھالنے کے دوران دعا منگی کا فون وہاں گر گیا تھا جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حارث اور دعا کے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے بھی پولیس تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).