پرچہ سیاسیات و انتظامات


وقت۔ 5 سال کل نمبر۔ حسبِ لیاقت و منشاء

( حصہ معروضی )

نوٹ، تمام سوال لازمی ہیں۔ سوال چھوڑنے والوں کو ایف بی آر اور نیب کے حوالے کر دیا جائے گا۔

1۔ پرانے دور میں بادشاہ کہاں پیدا ہوتے تھے؟

1۔ چٹائی پر 2۔ چار پائی پر 3۔ کھیتوں میں 4۔ ہسپتال میں

2۔ پٹرولیم مصنوعات کی کون سی قسم ملکی معیشت اور سیاسی قیادت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے؟

1۔ مٹی کا تیل 2۔ ہائی سپیڈ 3۔ ڈیزل 4۔ موبَل آئل

3۔ آپ کے خیال میں سیاستدانوں کو کیسے چُنا جائے؟

1۔ الیکشن میں 2۔ سلیکشن میں 3۔ دیوار میں 4۔ ریفرنڈم میں

4۔ ملک کی سیاسی تاریخ میں کس جنگل کو سیاسی شہرت حاصل ہے؟

1۔ لال سوہانرا 2 چھانگا مانگا 3۔ کچے کے جنگل 4۔ چیچہ وطنی

5۔ اقبال نے کس طبقے کو ابلیس کے فرزند کہا ہے؟

1۔ اربابِ صحافت 2۔ اربابِ عدالت 3۔ اربابِ سیاست 4۔ تینوں کو

6۔ 55 روپے کلومیٹر، ٹماٹر سترہ روپے کلو اور مٹر پانچ روپے فی کلو میں کون سی اصطلاح مشترک ہے؟

1۔ ٹر ٹر ٹر 2۔ کلو 3۔ روپے 4۔ تینوں

7۔ کس چیز کی کمی کی وجہ سے قیدی سیاستدانوں کو باہر بھجوا دیا جاتا ہے؟

1۔ چمچوں کی کمی سے 2۔ ڈونگوں کی کمی سے 3۔ پلیٹوں کی کمی سے 4۔ کانٹوں کی کمی سے

8۔ جرمنی کا سب سے قریبی ہمسا یہ کون سا ملک ہے؟

1۔ آسٹریا 2۔ فرانس 3۔ جاپان 4۔ انگلینڈ

9۔ یہ بات طے ہے کہ بارش سے پانی آجاتا ہے۔ اگر زیادہ بارش آجائے تو اس صورت میں کیا ہوسکتا ہے؟ ۔

1۔ سردی بڑھ جاتی ہے۔ 2۔ کیچڑ ہو جاتا ہے 3۔ زیادہ پانی آتا ہے 4۔ موسم بدل جاتا ہے

10۔ بقول وزیراعظم درخت رات کو کون سی گیس خارج کرتے ہیں۔

1۔ کاربن ڈائی اکسائیڈ 2۔ میتھین 3۔ آکسیجن 4۔ کلورو فلورو کاربن

11۔ ہمارے دیس میں سال کے اندر کتنے موسم آسکتے ہیں؟ ۔

1۔ ایک 2۔ پانچ 3۔ بارہ 4۔ نو

12۔ دنیا کی کون سی قوم زندگی کی بجائے موت کے لئے ایمان کی دعا کرتی ہے۔ اور مذہب میں عبادت کی ترغیب کم جبکہ نفرت کا پرچار زیادہ کرتی ہے۔

1۔ سکھ 2۔ جین 3۔ مسلم 4۔ پارسی

14۔ کس ملک تمام حکمرانوں کی اولادیں اپنے ملک میں نہ تعلیم حاصل کرتی ہیں اور نہ سکونت کی سہولت سے فیض یاب ہو پاتیں ہیں اور انہیں دیار غیر میں خاک چھاننا پڑتی ہے۔

1۔ چین 2۔ جاپان۔ 3۔ پاکستان 4۔ ترکی

15۔ ہمارے ہاں ٹیکس کی کتنی اقسام پائی جاتی ہیں۔

1۔ بیسوں۔ 2۔ درجنوں 3۔ سینکڑوں 4۔ ہزاروں

حصہ دوم ( حصہ انشائیہ )

سوال نمبر 1۔ عزت مآب میکیاولی اور آنجہانی چانکیہ کے حالات زندگی قلمبند کریں اور ان کی رحم دلی سے بھرپور حکایات پہ تبصرہ کریں نیز فنِ حکمرانی میں ان کے داغے گئے فرمودات کا تفصیل سے جائزہ لیں۔

سوال نمبر 2۔ ”مجھے کیوں نکالا“ سے لے کر ”مجھے اب نکالو“ تک کے سفر کو اپنے الفاظ میں بیان کیجئے۔

سوال نمبر 3۔ آ پ اس بات سے کہاں تک اتفاق کرتے ہیں کہ ایاک نعبد  سے شروع ہونے والا سفر ان اللہ مع الصابرین سے ہوکر انا اللہ و انا الیہ رٰجعون کی طرف رواں دواں ہے َ؟ ، ۔

سوال نمبر 4۔ ایک سابق وزیر اعظم کے چھ، سابق صدر کے نو اور موجودہ وزیراعظم کے بارہ نکات سیاق و سباق سے بیان کریں؟

سوال نمبر 5۔ دلائل و رذائل سے واضح کریں کہ ہر سیاستدان کے اندر ایک دھرنا پسند انسان پوشیدہ ہوتا ہے۔ نیز یہ کہنا کہاں تک درست ہے کہ خالق نے ہر ”بڑے“ کے حصے کے بے شمار بے وقوف پیدا کر رکھے ہیں؟

سوال نمبر 7۔ وارم واٹر، واٹر گیٹ، بلیک واٹر، پانی پت، کالا پانی اور پانی پانی کی اصطلاحات کی وجہ تسمیہ بیان کریں۔ نیز اب کسی قلندر کی کوئی بات پانی پانی کرنے کی صلاحیتوں سے کیوں محروم ہوتی جاتی ہیں؟ ۔

سوال نمبر 8۔ حلال دھرنوں اور حرام دھرنوں کے فلسفے کو اجاگر کیجئے۔

سوال نمبر 9۔ ذیل میں سے پانچ پہ مختصر نوٹ لکھیں۔

1۔ خان دا کھڑاک 2۔ چوہدریاں دا چنبہ۔ ًِِ 3۔ میاں اِن ٹربَل 4۔ نیب دا وَیر۔

سوال نمبر 10۔ سیاستدانوں میں پائی جانے والی چند جان لیوا اور کچھ ایمان لیوا بیماریوں کی تفصیل بیان کریں۔ ذیل میں دی گئی بیماریوں کے اسباب، علامات اور علاج پہ تحقیقی و تشخیصی نوٹ لکھیں۔

اقتدار کی رے بیز، رشوت کی شوگر، وعدہ خلافی کا ڈمینشیا، سرخ فیتے کا ٹائیفائیڈ، نا اہلی کا فالج، بد اخلاقی کا جذام

سوال نمبر 11۔ ex۔ tention اور extention میں بنیادی فرق کی وضاحت کیجئے اور ان کے موجب پائی جانیوالی ٹینشن کا اجمالی جائزہ لیں۔

سوال نمبر 14۔ 1993 میں سپریم کورٹ پہ دھاوا بول کر شجاعت کے جھنڈے گاڑنے والے غازیان کے اسمائے گرامی تحریر کریں نیز 2014 ء کے دھرنوں میں کرپٹ

پارلیمان پر لشکر کشی کرنے والے مجاہدین کے درخشاں کارنامے قلمبند کیجئے۔ ان دونوں واقعات میں ملک کو پہنچنے والے سیاسی و اخلاقی فوائد پہ روشنی بھی ڈالیں۔

سوال نمبر 15۔ شرحِ خواندگی اور شرح خاوندگی میں تکنیکی فرق واضح کریں نیز ملک میں مروجہ موروثی سیاست اور عروسی سیاست کا لطیف جائزہ لیں۔

سوال نمبر 16۔ درج ذیل مقدس مقامات کی عظمت پر مدلل بحث کریں۔

1۔ جاتی امرا ء 2۔ بلاول ہاؤس 3۔ بنی گالہ 4۔ منصورہ

سوال 17۔ ملک کے کسی عظیم بابائے جمہوریت اور کسی بابائے آمریت کا تعارف پیش کیجئے۔ اور ان کے ایک ایک کارِ شر کو بطور مثال بیان کریں۔

سوال نمبر 18۔ آئین کی رو سے اقتدارِ اعلیٰ اور یلغا ر ِ اعلیٰ کے حقوق کن کن کے پاس ہیں۔

سوال نمبر 19۔ سلیکٹڈ، الیکٹڈ اور ریجیکٹڈ کی اصطلاحات پر جانبدارانہ تبصرہ کریں۔

یا

مندرجہ ذیل مشہور اقوالِ زریں کو سیاق و سباق کے ساتھ سپردِ قلم کریں

چھوڑوں گا نہیں، ووٹ کو عزت دو، پن دی سری، مٹی پاؤ، لعنت ہے پارلیمنٹ پہ، چھوٹے میاں بھی سبحان اللہ، مریدِ اعظم، عزیز ہم وطنو السلام علیکم

سوال نمبر 20۔ ان اشعار کی تشریح کریں۔

حج ادا کرنے گیا تھا قوم کا لیڈر کوئی سنگ باری کے لئے شیطان پہ جانا پڑا

ایک کنکر پھینکنے پہ یہ ندا اس نے سنی تم تو اپنے آدمی تھے تم کو آخر کیا ہوا

ہم بچاتے ہی رہے دیمک سے اپنے گھر مگر کرسیوں کے چند کیڑے ملک سارا کھا گئے

ہر بلاول ہے دیس کا مقروض پاؤں ننگے ہیں بے نظیروں کے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).