سعودی طالب علم کا امریکی نیول بیس پر حملہ، تین ہلاک


امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا کے بحری اڈے پر ایک سعودی طالب علم نے فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک کر دیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور کی شناخت ایک سعودی طالب علم کے طور پر کی گئی ہے جو اس بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

حکام کے مطابق سعودی طالب علم کو کلاس روم میں حملے کے بعد گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔

مقامی شیرف کے دفتر نے حملے میں آٹھ دیگر افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور نے ایک ہینڈگن کا استعمال کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاس واقعہ پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘سعودی عرب کے بادشاہ سلمان نے فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں ہونے والے حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے جوانوں کے اہل خانہ اور دوستوں سے اظہار تعزیت کیا اور ان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے‘۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1203030938663428103

ان کے مطابق ’سعودی شاہ کا کہنا ہے کہ سعودی عوام حملہ آور کے وحشیانہ اقدام پر سخت برہم ہیں، اور یہ کہ یہ شخص کسی بھی صورت میں امریکی عوام سے محبت کرنے والے سعودی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا‘۔

https://twitter.com/realDonaldTrump/status/1203030941108711424

بدھ کو بھی پرل ہاربر فوجی اڈے پر ایک امریکی اہکار نے فائرنگ کر کے دو افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

حکام کو پنساکولا کے جنوب مشرق میں قائم بحری اڈے پر فائرنگ کے واقعے کی اطلاع مقامی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 51 منٹ ہر موصول ہوئی تھی۔

ایسکیمبیا کاؤنٹی شیرف کا کہنا تھا کہ ‘جائے واقعہ سے گزرتے ہوئے ایسا لگ رہا تھا جیسے کسی فلم کا سیٹ ہو’۔

دو افسران کو بھی گولیاں لگی ہیں لیکن امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ خطرے سے باہر ہیں۔

فلوریڈا کے گورنر ران ڈی سانٹس کا کہنا ہے کہ ‘یقیناً سعودی حکومت کو چاہیے کہ وہ ان متاثرین کے لیے کچھ کرے، سعودی حکومت پر ان کا قرض ہے کیوں کہ حملہ آور ان کا شہری تھا’۔

امریکی بحریہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جب تک متاثرین کے ورثہ کو اطلاع نہیں دی جاتی اس وقت تک کسی کا بھی نام ظاہر نہیں کیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ان کو مکمل بریفنگ دے دی گئی ہے۔

‘اس مشکل وقت میں میری دعاییں متاثرین اور ان کے خاندن کے ساتھ ہیں۔’

بحری اڈے کی ویب سائٹ کے مطابق اس میں 16 ہزار ملٹری جبکہ 7 ہزار 400 سوللین کام کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp