دلی: فیکٹری میں آگ لگنے سے 30 سے زیادہ افراد ہلاک


انڈیا کے دارالحکومت دلی میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے 30 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ اتوار کی صبح شہر کے پرانے حصے میں ایک فیکٹری میں لگی اور آگ بجھانے والا عملہ جائے وقوع پر پہنچ چکا ہے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کئی منزلوں والی اس عمارت میں درجنوں مزدور سوئے ہوئے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

انڈیا کے وزیرِ داخلہ امت شاہ نے اس واقعے میں ’قیمتی جانوں کے نقصان کو ایک سانحہ قرار دیا ہے۔‘

وزیراعظم مودی نے حکام سے کہا ہے کہ وہ اس سانچے سے نمٹنے کے لیے تمام تر سہولیات فراہم کریں۔

دلی میں آگ بجھانے کے عملے کو پہلی کال صبح پانچ بج کر بائیس منٹ پر موصول ہوئی۔ جس مقام پر یہ فیکٹری موجود تھی وہ شہر کا قدیم ترین حصہ ہے اور تنگ گلیوں کی وجہ سے جائے وقوع تک پہنچنا انتہائی مشکل تھا۔

مقامی اخباد ہندوستان ٹائمز نے دلی فائر سروس کے ڈائریکٹر اٹل گارگ کے حوالے سے بتایا کہ صبح ساڑھے نو بجے تک کم از کم 56 افراد کو ہسپتال منتقل کیا جا چکا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ تمام افراد دھوئیں کی وجہ سے بےہوش ہو چکے تھے۔‘

آگ لگنے کی اب تک وجہ سامنے نہیں آ سکی ہے اور اس حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp