فن لینڈ: 34 سالہ سنا مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیرِ اعظم منتخب


سنا مرین، فن لینڈ، وزیرِ اعظم

سنا مرین کی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی فن لینڈ کے پانچ جماعتی اتحاد کا حصہ ہے اور ان پانچوں جماعتوں کی سربراہی خواتین کے ہاتھ میں ہے

فن لینڈ کی سوشل ڈیموکریٹک پارٹی نے 34 سالہ سنا مرین کو وزیرِ اعظم منتخب کیا ہے جس کے بعد وہ دنیا کی کم عمر ترین وزیرِ اعظم بن جائیں گی۔

ان کی جماعت فن لینڈ کے پانچ جماعتی اتحاد کا حصہ ہے اور ان پانچوں جماعتوں کی سربراہی خواتین کے ہاتھ میں ہے۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ مرین کا بطور وزیرِ اعظم اس وقت انتخاب کیا گیا جب ان کی ہی جماعت کے وزیرِ اعظم آنتی رائنے نے عہدہ چھوڑا۔

توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اس ہفتے حلف اٹھائیں گی۔

یہ بھی پڑھیے

برطانیہ میں کبھی عورت وزیر اعظم رہی ہے؟

’اِس بچی کا نام بینظیر رکھا جانا چاہیے‘

وزیر اعظم ٹریزا مے کا سیاسی سفر، تصاویر میں

مرین فن لینڈ کی تیسری خاتون وزیرِ اعظم ہوں گی۔ اپریل میں ہونے والے انتخابات میں سوشل ڈیموکریٹک پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھری تھی اور اس لیے وہ اتحادی حکومت کی سربراہی کے لیے وزیرِ اعظم چُن سکتی ہے۔

ان کے پیش رو کو ایک ڈاک ہڑتال سے نمٹنے کے اپنے طریقہ کار کے سبب ایک اتحادی جماعت کا اعتماد کھونا پڑا۔

https://twitter.com/TNiskakangas/status/1203729511658995713

حلف اٹھانے پر مرین دنیا کی کم عمر ترین وزیرِ اعظم ہوں گی۔ نیوزی لینڈ کی وزیرِ اعظم جیسِنڈا آرڈرن 39 سال جبکہ یوکرین کے وزیرِ اعظم اولیکسی ہونچاروک 35 سال کے ہیں۔

فن لینڈ کے نشریاتی ادارے وائے ایل ای کے مطابق سنا مرین کی پرورش ان کی والدہ نے کی اور وہ اپنے خاندان کی پہلی فرد ہیں جو یونیورسٹی گئیں۔

سنا مرین

مرین نے ایک باریک مارجن سے وزارتِ عظمیٰ کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد رپورٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمیں اعتماد کی بحالی کے لیے بہت کام کرنا پڑے گا۔‘

انھوں نے اپنی عمر کے بارے میں سوالات پر کہا کہ ’میں نے کبھی اپنی عمر یا اپنی صنف کے بارے میں نہیں سوچا۔ میں سیاست میں آنے کی اپنی وجوہات کے بارے میں اور ان چیزوں کے بارے میں سوچتی ہوں جن کے لیے ہم نے عوام کا اعتماد حاصل کیا ہے۔‘

فن لینڈ کے پاس فی الوقت یورپی یونین کی صدارت ہے جو یونین کے تمام ممالک کو باری باری ملتی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp