کورکمانڈرز کانفرنس میں طے کیا گیا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہی آرمی چیف رہیں گے: صابر شاکر


صحافی صابر شاکر نے انکشاف کیا ہے کہ کورکمانڈرز کانفرنس نے جنرل قمر جاوید باجوہ ہی کو آرمی چیف برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کورکمانڈرز کانفرنس میں طے کیا گیا ہے کہ مسلح افواج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ ہی رہیں گے۔ وہی ہرصورت اپنی ملازمت کا تسلسل جاری رکھیں گے، اس میں کوئی شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے۔

صابر شاکر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں داخلی سیاست، داخلی سکیورٹی صورتحال، لائن آف کنٹرول اور افغان صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں خاص طور پر آرمی چیف کی تقرری کو متنازع بنانے کی مہم لانچ کرنے سے متعلق بات چیت کی گئی۔ کورکمانڈرزکانفرنس اتنی اہمیت کی حامل اورطویل دورانیے پر مشتمل ہے کہ اس کی پریس ریلیز جاری نہیں کی گئی بلکہ مناسب سمجھا گیا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غور پریس کانفرنس کر کے اہم فیصلوں سے آگاہ کریں گے۔

 انہوں نے کہا کہ کورکمانڈرز کانفرنس میں کچھ ایسے فیصلے ہوئے جن کے اثرات آئندہ تین ماہ میں واضح دکھائی دیں گے جبکہ کچھ فیصلے کچھ دنوں میں نظر آجائیں گے۔ آئندہ دنوں میں پتا چلے گا کہ پاکستان سیاست اور داخلی سکیورٹی صورتحال کس طرف جائے گی۔

صابر شاکر نے کہا کہ زیادہ پیش گوئی نہیں کرنا چاہتا لیکن وہ دشمن عناصر جو فوج کے خلاف پروپیگنڈا مہم کا حصہ رہے، ان کے خلاف 30 دنوں کے اندر کارروائی دیکھنے میں آئے گی، بڑی بڑی گرفتاریاں دیکھیں گے۔ یہ کھلاڑی مقامی ہیں ان کو ہدایات اور پیشکش باہر سے آرہی ہیں۔ مافیاز اکٹھے ہیں اور مافیاز اکٹھے ہوکر پاکستان کے سیاسی نظام کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).