بیلجئیم: نو سال کی عمر میں گریجویشن مکمل کرنے کا خواہشمند بچہ یونیورسٹی سے باہر


بچہ

بلجئیم سے تعلق رکھنے والے غیر معمولی قابلیت کے حامل ایک نو سالہ بچے کے والدین نے اسے اس وقت یونیورسٹی سے نکال لیا جب انتظامیہ کی جانب سے انھیں مطلع کیا گیا کہ ان کا بیٹا اپنی دسویں سالگرہ سے قبل گریجویشن مکمل نہیں کر پائے گا۔

نو سالہ لورنٹ سائمنز کے والدین کی خواہش ہے کہ ان کا غیر معمولی ذہانت کا حامل بیٹا 26 دسمبر سے قبل اپنی گریجویشن مکمل کر لے۔ ایسا کرنے کی صورت میں وہ دس سال سے کم عمر دنیا کا پہلا یونیورسٹی گریجویٹ بن جائے گا۔

26 دسمبر کو لورنٹ کی سالگرہ ہے اور اس وقت وہ 10 برس کے ہو جائیں گے اور اس سے قبل گریجویشن مکمل نہ کرنے کی صورت میں وہ ریکارڈ نہیں توڑ پائیں گے۔

تاہم نیدر لینڈز میں واقع اینڈہوون یونیورسٹی، جہاں لورینٹ ایک گریجویشن کورس میں داخلہ لے چکے تھے، انتظامیہ نے والدین کو بتایا کہ گریجویشن سے قبل لورینٹ کو بہت سے امتحانات میں شمولیت کرنی ہو گی اور یہ کام 26 دسمبر سے قبل مکمل نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیے

اسرائیلی فوج کی قید میں گزرا بچپن

اپنے ذہین بچوں کو کامیاب کیسے بنائیں؟

کیا کہانیاں بچوں کا کتاب سے رشتہ بحال کر سکتی ہیں؟

یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے انھیں سنہ 2020 کے وسط میں گریجویشن مکمل ہونے کی تاریخ دی گئی تاہم والدین نے اسے مسترد کرتے ہوئے اپنے بیٹے کو یونیورسٹی سے فوراً نکال لیا۔

لورنٹ کو اپنی دسویں سالگرہ سے قبل گریجویشن مکمل کرنے کی شرط کو پورا کرنے کے لیے الیکٹریکل انجینئرنگ کی تین سالہ ڈگری صرف 10 ماہ میں مکمل کرنا تھی۔

لورنٹ کے والد الیگزینڈر سائمنز نے ڈچ میڈیا کو بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ انھیں بارہا اس بات پر ہدف تنقید بنا چکی ہے کہ وہ کیوں اپنے بیٹے کو اتنی زیادہ میڈیا کوریج دلواتے ہیں۔

لورینٹ

’ہمیں بتایا گیا کہ بہت زیادہ میڈیا کی توجہ ہمارے بیٹے پر دباؤ کا باعث بنتی ہے اور اگر ہم نے یہ سلسلہ جاری رکھا تو بچے کو نفسیاتی امتحان کے مرحلے سے بھی گزرنا ہو گا۔‘

ان کے والد کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر ایک بچہ بہت اچھی فٹ بال کھیلتا ہے تو ہم سب کے خیال میں اسے میڈیا سے ملنے والی پذیرائی بہت اچھی چیز ہے۔ میرے بیٹے میں مختلف ٹیلنٹ ہے، تو اسے اس پر غرور کیوں نہ ہو؟‘

لورنٹ سائمنز کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک تصویر بھی پوسٹ کی گئی جو گذشتہ ماہ انھیں یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بھیجے جانے والی ایک ای میل کا عکس ہے۔ اس ای میل میں دسمبر کے ماہ میں ان کی گریجویشن مکمل ہونے کے امکانات کو ظاہر کیا گیا تھا۔

دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لورنٹ کے لیے اپنی دسویں سالگرہ سے قبل تخلیقی صلاحیتوں اور تنقیدی تجزیے کے ساتھ گریجویشن کورس مکمل کرنا ممکن نہیں ہو گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر وہ کورس جلدی میں مکمل کرنے کی کوشش کرتا ہے تو اس کا اثر اس کی تعلیمی ترقی پر پڑے گا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے نو سالہ طالبعلم پر بہت زیادہ دباؤ ڈالنے کے حوالے سے بھی متنبہ کیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp