کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید سمیت دیگر رہنماؤں پر غیر قانونی فنڈنگ کیس میں فرد جرم عائد


پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید سمیت ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں پر غیر قانونی فنڈنگ کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی ہے۔

حافظ سعید سمیت ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور دعویٰ کیا کہ یہ الزام عالمی دباؤ کی وجہ سے لگایا گیا ہے۔

صحافی عباد الحق کے مطابق بدھ کے روز حافظ محمد سعید اور ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

یاد رہے حافظ سعید اور ان کی کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے دیگر رہنماؤں کو پنجاب کے شہر گوجرانوالہ سے 17 جولائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

حافظ سعید کو ذاتی اکاؤنٹ سے رقم نکالنے کی اجازت

صلاح الدین کیس میں پولیس کو معافی کیسے ملی

جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کو گرفتار کر لیا گیا

حافظ سعید

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے مقدمے کی سماعت کی۔

سماعت کے آغاز پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالروف وٹو نے حافظ سعید سمیت دیگر افراد پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی جبکہ حافظ سعید کے وکیل نے اس کی مخالفت کرتے ہوئے فرد جرم عائد نہ کرنے کے لیے دلائل دیے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حافظ سعید سمیت ان کی تنظیم کے دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد ہونے کے بعد استغاثہ کے گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔

خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے ڈپٹی پراسیکیوٹر عبدالروف وٹو کو ہدایت کی کہ وہ جمعرات 12 دسمبر کو اپنے گواہوں کو عدالت میں پیش کریں۔

حافظ محمد سعید سمیت دیگر کے خلاف کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے غیر قانونی فنڈنگ کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا اور اب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں اس پر کارروائی کی جا رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp