پی آئی سی پر حملہ کرنے والے وکلا کے خلاف کریک ڈائون شروع: لاہور بار کے صدر سمیت 15 وکلا گرفتار


پنجاب پولیس نے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر دھاوا بولنے والے وکلا کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس نے لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر عاصم چیمہ سمیت  15 وکلا کو گرفتار کرلیا ہے. دوسری جانب پنجاب بارکونسل نے وکلا کی گرفتاریوں کے خلاف کل صوبے بھر میں ہڑتال کااعلان کردیا۔ پنجاب بار کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں وکلا عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی.

واضح رہے کہ آج پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں وکلا نے ہنگامہ آرائی کر کے ہسپتال کے اندر اور باہر توڑ پھوڑ کی جس کے باعث طبی امداد نہ ملنے سے 8 مریض جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کے مطابق اس پرتشدد مظاہرے کے دوران آٹھ مریض جان کی بازی ہار گئے۔ رپورٹس کے مطابق کئی مریض تشویش ناک حالت میں تھے اور وکلا کی جانب سے ایمرجنسی وارڈز میں گھسنے کے بعد انہیں طبی امداد نہ مل سکی۔ کئی مریضوں کے لواحقین نے الزام عائد کیا کہ حملہ آور وکلا نے مریضوں کو لگے آکسیجن ماسک بھی اتار پھینکے جبکہ آپریشن تھیڑ اور آئی سی یو کو بھی نشانہ بنایا گیا.واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب وکلا نے الزام عائد کیا کہ وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں ینگ ڈاکٹرز وکلا کا مذاق اڑا رہے تھے جس پر انہوں نے سوشل میڈیا پر مہم چلائی‘.


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).