#CitizenshipAmendmentBill2019: گواہاٹی میں دو مظاہرین کی موت


آسام میں مظاہرین

انڈیا میں شہریت کے ترمیمی بل کے خلاف آسام کے شہر گوہاٹی میں مظاہرین اور پولیس کے درمیان ٹکراؤ میں دو افراد کی ہلاکت ہو گئی۔

آسام کے پولیس اہلکار بھاسکر جیوتی مہنتا نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ جھڑپ میں چند پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ تاہم پولیس نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ ان افراد کی ہلاکت پولیس کی گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی۔

ڈی جی پی پولیس نے بتایا کہ ’دونوں افراد گولی سے زخمی ہونے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔ ہم تفتیش کر رہے ہیں کہ انہیں گولی کیسے لگی۔ متعدد مقامات پر پولیس اور مظاہرین کے درمیان ٹکراؤ ہوا۔ ان میں 7-8 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ریاست کے چند دیگر علاقوں میں بھی مظاہرین اور پولیس کے درمیان ٹکراؤ اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

شہریت کا قانون : انڈیا کے ہندو ہی ہندوؤں کے مخالف کیوں؟

شہریت کا متنازع ترمیمی بِل انڈین سپریم کورٹ میں چیلنج

آسام میں مظاہرہ

انڈین خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کے مطابق آسام کے میڈیکل کالج اور ہسپتال کے ایک اہلکار نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص نے ہسپتال لے جائے جانے سے پہلے ہی دم توڑ دیا جبکہ دوسرے کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔

جمعرات کو شہر میں کرفیو نافذ ہونے کے باوجود جگہ جگہ لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

مظاہرین نے گواہاٹی ہائی کورٹ کے سامنے ایک بڑے میدان میں جلسہ کیا اور پر امن مظاہرہ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

یہ بھی پڑھیے

ہمسایہ اقلیتوں کے بارے میں انڈین دعوے کتنے درست

شہریت کے متنازع بل کے خلاف انڈیا میں مظاہرے

انڈیا: شہریت کا متنازع ترمیمی بل لوک سبھا سے منظور

حکومت بنام مظاہرین

ریاست کے وزیر اعلیٰ سرو آنند سونووال نے بی بی سی کے نامہ نگار کو بتایا کہ حکومت نے مظاہرین کو مذاکرات کا پیغام بھیجا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے امن کی اپیل کی ہے۔

تاہم مظاہرین کے ایک رہنما سموجل بھٹاچاریا نے بی بی سی سے کہا کہ ان کے پاس ایسا کوئی پیغام نہیں پہنچا ہے۔

سموجل نے کہا کہ ’ہم لوگ اس معاملے کے قانونی زاویے بھی معلوم کر رہے ہیں۔ ضرورت پڑی تو شہریت کے ترمیمی بل کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔ یہ دراصل آئین کے بنیادی جذبے اور آسام کے لوگوں کی پہچان کے خلاف ہے۔ ہماری تحریک اس بل کو ختم کیے جانے تک جاری رہے گی۔ ہم اپنی شناخت کو مشکل میں نہیں ڈال سکتے۔‘

اس درمیان آسام کے دس اضلاع میں موبائل انٹرنیٹ سروس پر پابندی کو سنیچر تک کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔ تین علاقوں ڈبروگڑھ، گوہاٹی اور تن سوکیا میں کرفیو بھی نافذ ہے۔

پی ٹی آئی کے مطابق وزارت داخلہ کے سینیئر اہلکاروں نے بتایا کہ ہمسایہ ریاست میگھالیا میں موبائل انٹرنیٹ اور میسیجنگ سروس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp