پی ٹی آئی میں ارکان پارلیمان کا ناراض گروپ بن گیا، سات ارکان قومی اسمبلی شامل ہیں


تحریک انصاف میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کا ناراض گروپ بن گیا جو وزیراعظم سے وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی کی بے ضابطگیوں کی شکایت کرنا چاہتے ہیں لیکن عمران خان انہیں ملنے کا ٹائم ہی نہیں دیتے۔

ذرائع کےمطابق سندھ میں پی ٹی آئی کے سات ایم این ایز اور 12 ایم پی ایز کے ناراض گروپ نے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دے دیا ہے۔

ناراض پی ٹی آئی ارکان کے گروپ نے پہلے مرحلے میں اسمبلیوں سے بائیکاٹ اور دوسرے مرحلے میں استعفوں کے آپشن استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق ناراض ارکان قومی اسمبلی میں فہیم خان، آفتاب جہانگیر، عطاء اللہ، اسلم خان، شکور شاد، جمیل خان اور اکرم چیمہ شامل ہیں ۔

ناراض گروپ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ ان کی وزیر اعظم عمران خان تک رسائی ہی نہیں ، وفاقی وزیر مراد سعید سمیت وزیراعظم کے قریبی رفقاء کے ذریعے کوششیں بھی کر چکے، مگر وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات نہیں ہو سکی ۔

ذرائع کے مطابق ناراض گروپ نے کابینہ میں شامل کراچی سے دونوں وزراء علی زیدی اور فیصل واوڈا کو اپنا نمائندہ ماننے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ انہیں شکایت ہے کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے ایم این اے جمیل احمد کو پارلیمانی سیکریٹری کے عہدے سے ہٹوایا اور ان کی جگہ آفتاب صدیقی کو پارلیمانی سیکریٹری میری ٹائم افیئرز لگا دیا گیا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جمیل احمد خان، وفاقی وزیر علی زیدی کی بے ضابطگیوں کی تفصیلات وزیراعظم کو دینا چاہتے ہیں۔

ناراض گروپ کے ذرائع کے مطابق علی زیدی، محمود مولوی کو پاکستان شپنگ کارپوریشن کا چیئرمین لگانا چاہتے ہیں اور ان کی تو وزیراعظم سے ملاقات بھی کرا دی مگر منتیں سماجتیں کرنے کے باجود سندھ سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ملاقات نہیں کر سکتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).