مظفر گڑھ گزیٹیئر: ڈاکٹر احتشام انور کی قابل قدر کاوش


برصغیر میں نوآبادیاتی طاقت ہونے کے باوجود انگریزوں نے پنجاب کے اضلاع کے تفصیلی گزیٹیئر مرتب کر کے ان کی اشاعت میں کامیابی حاصل کی جو اب بھی اضلاع کی تاریخ و ثقافت سے متعلق مستند حوالوں کے طور پر استعمال ہوتے ہیں۔ یہ گزیٹیئر سب سے اہم اور مستند دستاویز کے طور پر متعلقہ ضلع کی تاریخ، جغرافیہ، آبادی، روایات، معیشت اور زراعت جیسی تمام متعلقہ تفصیلات و معلومات کا احاطہ کرتے تھے۔ تاہم 1947 ء میں قیام پاکستان کے بعد اس سلسلے میں زیادہ کام نہیں کیا جا سکا اور یوں یہ خوبصورت روایت تاریخ کے دھندلکوں میں گم ہو گئی۔

حالیہ دنوں میں مطفر گڑھ کے سابق ڈپٹی کمشنر بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے اپنے ایک سال سے بھی کم عرصہ تعیناتی کے دوران ضلع مظفر گڑھ کے لئے ایک گزیٹیئر مرتب کیا ہے۔ ضلع مظفر گڑھ کا پہلا گزیٹیئر 1915 ء میں مرتب اور شائع کیا گیا تھا، بعدازاں 1929 ء میں اس وقت کے ڈپٹی کمشنر مسٹر ایڈورڈ ایچ لنکنز نے مظفر گڑھ کا گزیٹیئر مرتب کیا۔ 1960 ء کی دہائی کے اوائل میں حکومت کی طرف سے افسر ز آن خصوصی ڈیوٹی (اؤ ایس ڈی) کو گزیٹیئرز کو مرتب کرنے کا کام سونپا گیا تھا۔ جس کے تحت 1964 ء میں ضلع مظفر گڑھ کے گزیٹیئر کی ایک کاپی تیار کی گئی۔

ضلع مظفر گڑھ کا تازہ ترین گزیٹیئر مرتب کرنے کے علاوہ بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہار نے اس کا ایک الیکٹرانک ورژن بھی تیار کیا ہے جو آن لائن دستیاب ہو گا، جس میں لوگوں کے لئے کسی خاص معلومات کا پتہ لگانے کے لئے تلاش کا آپشن دستیاب ہو گا۔ دوسرے الفاظ میں یہ پاکستان میں کسی بھی ضلع کا پہلا ای گزیٹیئر ہے۔

تاریخی لحاظ سے اہمیت کا حامل مظفر گڑھ صوبہ پنجاب کا ایک زرخیز شہر ہے۔ جس کی بنیاد حاکم ملتان نواب مظفر خان نے 1794 ء میں رکھی۔ یہ ضلع اپنی تہذیب و ثقافت، زراعت و صنعت، سیاست و تجارت، علم وادب اور جغرافیائی محل وقوع کی بنا پر منفرد حیثیت کا حامل ہے۔ مظفر گڑھ گزیٹیئر ضلع میں آباد نسلوں، محل وقوع، شہر، مذہبی تہوار، لوک دست کاری، اہم فصلات، درخت، جانور وغیرہ، بندوبست و زراعت، ثقافت، کھیلوں، رسموں، احوال سرکاری محکمہ جات، تعلیمی ترقی، عدل و انصاف، تجارت، ذاتوں، ادبی و صحافتی پہلو، نقشہ جات اور اہم واقعات کا احاطہ کرتا ہے۔ یہ گزیٹیئر ضلع مظفر گڑھ کی تاریخ، زبان، ثقافت اور آثار کے حوالے سے ایک مکمل دستاویز ہے اور تاریخ کے طالب علموں کے بہترین رہنما کی حیثیت رکھتا ہے۔

آخر میں یہ عرض کرنا چاہوں گا کہ تاریخ ساز لوگ ہی ہمیشہ تاریخی کارنامے سرانجام دیتے ہیں اور تاریخ رقم کرنا بجائے خود ایک تاریخی عمل ہے۔ انگریز دور میں ضلعی سطح پر جو گزیٹیئر مرتب ہوتے تھے، اس کام کو ایک بار پھر سے شروع کرنے کی ضرورت ہے، بیرسٹر ڈاکٹر احتشام انور مہر نے بطور ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ جزوی طور پر ہی سہی، اس کام کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جس پر ان کی تحسین ہونی چاہیے۔ ان کی طرف سے عہد رفتہ کی گم گشتہ روایات میں سے ایک خوبصورت روایت کو 90 سال بعد زندہ کرنے کی قابل فخر کاوش تادیر یاد رکھی جائے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).