سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر مارک باؤچر جنوبی افریقہ کے کوچ مقرر


Graeme Smith and Mark Boucher

سابق ٹیسٹ کرکٹر مارک باؤچر کو چار سال کی مدت کے لیے جنوبی افریقہ کا نیا ہیڈ کوچ تعینات کیا گیا ہے۔

43 سالہ مارک باؤچر نے نوغ کوے کی جگہ لی ہے جو کہ اگست میں سابق کوچ اوٹس گبسن کو ہٹائے جانے کے بعد عارضی طور پر ٹیم ڈائریکٹر کے فرائص انجام دے رہے تھے اور اب وہ اسسٹنٹ کوچ کا عہدہ سنبھالیں گے۔

یاد رہے کہ تین روز قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر گریم سمتھ کو عبوری ڈائریکٹر آف کرکٹ تعینات کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’میرا خیال ہے کہ مارک ایک قدرے ناتجربہ کار ٹیم کو سخت جان ٹیم بنانے میں کامیاب ہوں گے۔‘

مارک باؤچر کی تعیناتی کے بعد جنوبی افریقہ کی پہلی سیریز چار میچوں پر مشتمل ہوگی اور انگلینڈ کے خلاف 26 دسمبر کو سنچورین کے میدان میں شروع ہو رہی ہے۔

فاف ڈوپلیسی کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان بھی رکھا گیا ہے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے کیونکہ ادارے کے قیف ایگزیکیٹیو تھابنگ مورو کو بدعنوانی کے الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔

مارچ میں آئی پی ایل کے آغاز تک ادارے کی سربراہی گریم سمتھ کریں گے جبکہ مارک باؤچر کو 2023 میں آئندہ ورلڈ کپ کے اختتام تک چارج دیا گیا ہے۔

مارک باؤچر نے 147 ٹیسٹ اور 295 ایک روزہ میچز کھیلے۔ 2012 میں آنکھ زخمی ہونے کے بعد انھیں ریٹائرمنٹ لینا پڑی تھی۔

گریم سمتھ کا مارک باؤچر کی تعیناتی کے بارے میں مزید کہنا تھا کہ ’ان کے طویل انٹرنیشنل کیریئر کے تجربے کی وجہ سے انھیں معلوم ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیابی کے لیے کیا درکار ہوتا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’نوغ کے لیے بھی میرے دل میں بہت عزت ہے اور میں ایک ایسا راستہ اختیار کرنا چاہتا ہوں جس سے وہ ایک کامیاب انٹرنیشنل کوچ بن جائیں۔‘

گریم نے کہا کہ ساتھ ہی ساتھ اس وقت ٹیم میں ایک تسلسل اور توازن کی ضرورت ہے۔ ٹیم کے بیٹنگ اور بولنگ کوچز کا اعلان آئندہ عند روز میں متوقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp