ہفتے میں اسپرین کی تین گولیاں کھانے سے عمر میں 20 فیصد اضافہ ہو سکتا ہے


سائنسدانوں نے اسپرین کا ایک حیران کن فائدہ دریافت کیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق نئی تحقیق میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ہفتے میں اسپرین کی تین گولیاں کھانے سے انسان کی زندگی میں 20 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے۔ امریکی ریاست میری لینڈ کے شہر راک وائل میں واقع نیشنل کینسر انسٹیٹیوٹ کے سائنسدانوں نے اس تحقیق میں 1993ءسے 2008ء تک 1 لاکھ 46 ہزار 152 مرد و خواتین کی نگرانی کی اور ان کے اسپرین کھانے کی عادت اور ان کی زندگی پر اس کے اثرات کا جائزہ لیتے رہے۔ ان تمام لوگوں کی عمریں 65 سال سے زائد تھیں۔

نتائج میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ان مردوخواتین میں جو لوگ ہفتے میں تین اسپرین کی گولیاں کھاتے تھے وہ اسپرین کی گولیاں نہ کھانے والوں کی نسبت 10 سال تک زیادہ زندہ رہے۔ سائنسدانوں کا کہنا تھا کہ ”ہم لگ بھگ 12سال تک ان لوگوں کی صحت کی نگرانی کرتے رہے۔ اس دوران ہم نے دیکھا کہ جو لوگ ہفتے میں اسپرین کی تین گولیاں کھاتے تھے ان کے زندہ رہنے کے امکانات 20 فیصد زیادہ تھے۔ اس کے علاوہ ان لوگوں میں کینسر کے باعث مرنے کے امکانات بھی اسپرین نہ کھانے والوں کی نسبت 15 فیصد کم تھے۔ اسپرین کی گولی مقعد، معدے اور بڑی آنت کے کینسر سے بچاتی ہے۔ جو لوگ ہفتے میں تین گولیاں کھاتے تھے ان میں کینسر کی ان اقسام کے 25 سے 29 فیصد کم کیسز سامنے آئے۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).