امت کا رکھوالا انکل سام یا امت خود؟


قبلہ، جہاں سجدوں کی بارش عرش کو تھر تھراتی ہے، وہیں سجدوں سے باطل پر لرزہ طاری ہوتا ہے اس لیے چودہ سو سال بعد انکل سام نے اس کھپکھپاہٹ کی کمی کا بیڑہ اٹھا کر اپنی روح اہل کعبہ پر پھونک دی ہے۔ کیونکہ انھیں پتہ ہے ”روح محمد ان کے بدن سے نکال دو“ تو یہ ہم سے بھی بڑے ظالم بن جاتے ہیں۔

بات کو مختصر کرتے ہوئے یہ کہہ دیں کہ آج کل وہ ناراض ہے۔ اب یہ ”وہ“ سعودی ولی عہد ہے یا اس کی زبان میں انکل سام لیکن ناراض بہت ہے۔ اس ناراضی کو مٹانے پہلے ہمارے وزیر خارجہ سعودیہ تشریف آور ہوئے لیکن جب کچھ پلے نہ پڑا تو وزیر اعظم خود اہل کعبہ کو منانے گئے ہیں۔

در اصال ناراضی کوالالمپور میں ہونے والی کانفرنس پر ہے جو مہاتیر محمد کی سربرائی میں 18 سے 20 دسمبر کو ہونے جارہا ہے۔ جس میں مرکزی طور پر عمران خان، طیب اردگان، شیخ تمیم بن حماد الثانی اور حسن روحانی شرکت کررہے ہیں۔ ان کے ساتھ 450 افراد پر مشتمل مخلتف ممالک کے دانشور، اور نمائندے بھی ہوں گے۔ کانفرنس سات نکاتی ایجنڈے پر ہے جس میں اہم معاشی ترقی، دفاع، اسلاموفوبیا اور انسداد دہشتگردی شامل ہیں۔

کرائسٹ چرچ میں مسجد پر حملے کے بعد مہاتیر، اردگان اور خان صاحب نے یہ فیصلہ کیا تھا کہ ہمیں امت مسلمہ کے روح کو زندہ کرنا پڑے گا جو سرد خانہ میں ہے۔

سعودی ولی عہد کو یہ بات بہت ناگوار ہے کہ یہ ٹرائیکا شاید او آئی سی کے مخالف ایک تنظیم کھڑا کررہے ہیں۔ مہاتیر بھی یہ واضع کرچکے ہیں کہ ہم ایسی کوئی امید نہیں رکھتے اور عمران خان بھی یہی باور کرانے سعودیہ پہنچے ہیں۔ سعودیہ کو دوسری شکایت ایران کی شرکت پر ہے۔ حالانکہ ابتداً ایران اس لسٹ میں نہیں تھا اس میں انڈونیشیا تھا لیکن انڈونیشیا انکل سام کی طرف سے دھمکیوں کے بعد پیچھے چلا گیا ہے جس کی جگہ ایران نے لے لی ہے۔

مہاتیر کا یہ کہنا کہ یہ ایک چھوٹی کاوش ہے امت کو متحد کرنے کی دراصل اس خطرے کو زائل کرنے کی کوشش ہے جو کہ پہلے بھی اس طرح کی کاوشوں کے آگے رکاوٹ بنتا رہا ہے۔ وہ نہیں چاہتے نادیدہ قوتیں پھر بھٹو، شاہ فیصل، قذافی اور سادات والی گیم کھیلیں۔

اب دراصل آل سعود کو اپنی حکومت و بادشاہت کی فکر کھائی جارہی ہے۔ یہ وہ مٹھو ہے جس کی روح انکل سام میں ہے۔ جس روز سام ناراض ہوئے اس کی خیر نہیں۔ تبھی انکل سام کی ناراضی ولی عہد کے چہرے سے عیاں ہے۔ سعودی عرب کے توسط سے عمران مخالف لوگ اب بھی عوام کو یہ باور کرانے کی کوشش میں ہیں کہ عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے۔ کیونکہ یہ مرد شکم سعودی ریال سے پلتے ہیں اور سعودی انکل سام کی اشیرباد سے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).