شوبز ڈائری: انڈیا میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف کس بالی وڈ اداکار نے کیا کہا؟


انڈیا، بالی وڈ، شہریت کا متنازع قانون

پرینیتی چوپڑہ اور فرحان اختر ان اداکاروں میں شامل ہیں جو شہریت کے متنازع قانون کے خلاف بولے ہیں

انڈیا میں شہریت کے نئے متنازع قانون پر جاری ہنگامہ آرائی اور احتجاج اب پورے ملک میں پھیل چکا ہے اور بالی وڈ جو پہلے ہی دائیں یا بائیں بازو کی سیاست کا شکار رہا ہے وہ بھی اس تازہ صورتحال سے متاثر ہو رہا ہے۔

گذشتہ چند دنوں میں بالی وڈ کی کئی اہم شخصیات، جن میں خان یا اپنے زمانے کے ’غضیلے نوجوان‘ امیتابھ بچن قطعاً شامل نہیں، نے اپنے اپنے انداز میں اس قانون کے حق اور مخالفت میں آواز اٹھائی ہے۔

جن لوگوں نے جامعہ ملیہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبا کے خلاف تشدد پر افسوس اور پورے انڈیا کے طلبا کے احتجاج کے حق میں ٹویٹ کی، ان کی تعریف ہو رہی ہے اور جو خاموش ہیں انھیں سوشل میڈیا پر دل کھول کر ٹرول کیا جا رہا ہے۔

اکشے کمار اور سلمان خان مجبور ہیں۔ صرف پردے کے دبنگ سلمان خان کی فلم اسی ہفتے ریلیز ہونی ہے تو وہ پنگا کیوں لیں گے اور دوسرے کے پاس تو انڈین شہریت ہی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیے

شہریت کے متنازع قانون پر بالی وڈ منقسم

انڈیا میں احتجاج، سینکڑوں گرفتار، انٹرنیٹ معطل

شہریت کے قانون کے خلاف مظاہروں کا دائرہ وسیع

جہاں تک امیتابھ بچن کا تعلق ہے، تو کیا پہلے کبھی انھوں نے کسی مسئلے پر اپنی قیمتی رائے کا اظہار کیا ہے؟ جواب ہے نہیں۔

شاہ رخ تو پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ’امی جان کہتی تھیں کوئی دھندا چھوٹا نہیں ہوتا اور دھندے سے بڑا کوئی دھرم نہیں ہوتا‘، تو بھائی صاحب، بات صرف اتنی ہے کہ دھندا مندا نہیں ہونا چاہیے۔

https://twitter.com/ParineetiChopra/status/1206779184011300864

رِتک روشن نے اس بارے میں اس قدر الجھا ہوا بیان دیا ہے کہ سوشل میڈیا کے جیالے ابھی تک اپنا سر کھجا رہے ہیں کہ انھیں ٹرول کریں یا تعریف لیکن پریانکا چوپڑہ، پرینیتی چوپڑہ، فرحان اختر، ’ملک‘ فلم کے ڈائریکٹر ابھینو سنہا اور ان سب سے بڑھ کر انوراگ کشیپ سمیت بہت سی فلمی شخصیات نے اس قانون کے خلاف احتجاج کی حمایت کی ہے۔

ان سب میں سب سے زیادہ تعریف کے حقدار بنے ہیں ٹی وی سیریل ’ساودھان انڈیا‘ کے اینکر سوشانت سنگھ، جنھیں اس متنازع قانون کے خلاف بولنے کی بڑی قیمت ادا کرنی پڑی۔

ایک تو مودی جی کے بھگت پوری طاقت سے انھیں ٹرول کر رہے ہیں اور دوسرا یہ کہ انھیں اس شو سے نکال دیا گیا۔ تاہم سوشانت کا کہنا ہے کہ ’اس احتجاج نے میرے عقیدے کو مزید مضبوط کر دیا ہے۔‘

سوشانت سنگھ، انڈیا، بالی وڈ، شہریت کا متنازع قانون

اداکار اور ٹی وی شو میزبان سوشانت سنگھ (دائیں) 16 دسمبر کو ممبئی یونیورسٹی کے کیمپس کے باہر انڈیا میں شہریت کے متنازع قانون کے خلاف مظاہرے میں شریک ہیں

بنٹی اور ببلی کا سیکوئل

ابھیشک بچن اور رانی مکھرجی کی فلم ’ببلی اور بنٹی‘ یاد ہے آپ کو؟ یش راج فلمز نے اس فلم کا سیکوئل بنانے کا اعلان کیا ہے اور اس بار رانی مکھرجی کے ساتھ سیف علی خان بنٹی کے کردار میں نظر آنے والے ہیں۔

’ہم اور تم‘ اور ’تارا رم پم‘ جیسی فلموں کی یہ ہٹ جوڑی اپنی آن سکرین کیمسٹری کے لیے مشہور ہوئی تھی اور اب 11 سال بعد یہ دونوں ایک بار پھر ساتھ کام کریں گے۔

اس فلم میں پہلی فلم کے 10 سال کے بعد کی کہانی دکھائی جائے گی اور دو نئے کردار بھی شامل ہوں گے جس کے لیے سدھانت چترویدی اور ایشا شروانی کا نام لیا جا رہا ہے۔

سیف اور رانی اس نئے پراجیکٹ کے بارے میں کافی پر امید ہیں۔

سیف علی خان، رانی مکھرجی

رانی مکھرجی اور سیف علی خان نے آخری مرتبہ 11 سال قبل ساتھ کام کیا تھا

کارتک اور ڈیٹنگ ایپ

اداکار کارتک آرین کا کہنا ہے کہ ہیرو بننے سے پہلے بھی انھوں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی کسی ڈیٹنگ ایپ کا استعمال نہیں کیا۔

اداکارہ کرینہ کپور کے ساتھ ان کے ریڈیو شو ’وٹ وومن وانٹ‘ پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھیں کبھی کسی ڈیٹنگ ایپ کی ضرورت ہی محسوس نہیں ہوئی۔

لیکن آرین کے اس جواب پر کرینہ کا ردِ عمل زیادہ دلچسپ تھا۔

ب کارتک نے کہا کہ انھیں ڈیٹنگ ایپ کی ضرورت ہی نہیں تو کرینہ نے پر اسرار انداز میں کہا کہ ’خاص طور پر اب‘ جس پر کارتک شرما گئے۔

دراصل کارتک کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کو ڈیٹ کر رہے ہیں اور دونوں اکثر ساتھ نظر بھی آتے ہیں ایسے میں کرینہ کا یہ ردِ عمل ان افواہوں کو اور ہوا دیتا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp