شعیب اختر کا دعویٰ: کیا پاکستانی کرکٹرز واقعی دانش کنیریا سے مذہبی بنیادوں پر تعصب برتتے تھے؟


دانش کنیریا

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق لیگ سپنر دانش کنیریا ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں۔

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک ٹی وی پروگرام میں دانش کنیریا کا ذکر کرتے ہوئے یہ انکشاف کیا ہے کہ پاکستانی ٹیم کے چند کھلاڑی مبینہ طور پر ان کے ساتھ کھانا کھانے میں خوشی محسوس نہیں کرتے تھے۔

شعیب اختر نے دعویٰ کیا ہے کہ ’اپنے کریئر میں میرا دو، تین کھلاڑیوں کے ساتھ جھگڑا اس بات پر ہوا جب انھوں نے لسانیت پر مبنی گفتگو کی۔ جب انھوں نے کراچی، پنجاب، اور پشاور کی بات کی تو مجھے بہت غصہ آیا۔ اگر کوئی ہندو ہے تو وہ پاکستان کے لیے کھیلے گا۔ اسی ہندو نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز جتوائی تو میں نے کہا اب بولو۔ میں نے ڈریسنگ روم میں سُنا کہ کچھ نے کہا سر! یہ کنیریا یہاں سے کھانا کیوں لے رہا ہے؟ تو میں نے جواب دیا کہ میں تم لوگوں کو اٹھا کر باہر پھینک دوں گا۔ تم کپتان ہو گے اپنے گھر کے۔‘

یہ بھی پڑھیے

دانش کنیریا مجرم، برطانیہ میں تاحیات پابندی

‘دانش کنیریا کو بلانے کا فیصلہ نادانستگی میں ہوا’

دانش کنیریا تاحیات پابندی کے خلاف ہائی کورٹ میں

جب بی بی سی نے اس سلسلے میں دانش کنیریا کا مؤقف جاننے کے لیے ان سے رابطہ کیا تو انھوں نے بلاواسطہ اس بات کی تصدیق کرنے سے گریز کیا تاہم انھوں نے اس کی تردید بھی نہیں کی۔

دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ وہ شعیب اختر کی اس بات کا احترام کرتے ہیں جو وہ سب کے سامنے لے کر آئے ہیں۔ یقیناً ایسی کوئی بات ہوئی ہو گی جس کی وجہ سے شعیب اختر کو یہ کہنا پڑا ہے۔ شعیب اختر نے یقیناً ذمہ داری سے یہ بات کہی ہے۔

شعیب اختر

دانش کنیریا سے بار بار یہ سوال کیا گیا کہ کیا آپ کے ساتھ براہ راست اس طرح کا کوئی واقعہ پیش آیا جس میں کسی کرکٹر نے ڈریسنگ روم میں صرف مذہب کی بنیاد پر آپ کو کھانا لینے سے روکا ہو یا ناگواری کا اظہار کیا ہو؟ اس پر دانش کنیریا نے محتاط انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے ساتھ براہ راست اس طرح کی بات نہیں ہوئی لیکن چند مواقع پر انھوں نے اس طرح کی چیز محسوس ضرور کی تھی۔

دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ وہ شعیب اختر کا بہت احترام کرتے ہیں لیکن وہ نہیں چاہتے کہ صرف اس بات پر پاکستان کی کرکٹ بدنام ہو۔ اس بات کا غلط مطلب نہ لیا جائے۔

دانش کنیریا کا کہنا ہے کہ پاکستان ان کا ملک ہے، ان کی جنم بھومی ہے انھوں نے اپنی کارکردگی سے پاکستان کو بین الاقوامی میچز جتوائے ہیں حالانکہ انھیں اپنے کریئر میں سخت چیلنجز کا بھی سامنا رہا۔

دانش کنیریا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان کی اچھی کارکردگی کی وجہ سے انھیں اپنے کپتانوں انضمام الحق، محمد یوسف اور یونس خان کی حمایت بھی حاصل رہی۔

واضح رہے کہ دانش کنیریا نے 61 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 261 وکٹیں حاصل کیں۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے پاکستانی بولرز میں وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان کے بعد چوتھے نمبر پر ہیں۔

دانش کنیریا

دانش کنیریا نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں سب سے زیادہ 120 وکٹیں انضمام الحق کی قیادت میں حاصل کیں۔

ان کی موجودگی میں پاکستان نے23 ٹیسٹ میچ جیتے جن میں وہ 120 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

دانش کنیریا کا کریئر سپاٹ فکسنگ سکینڈل کی زد میں آ کر ختم ہوا۔ ان کے ساتھ کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے والے کرکٹر مرون ویسٹ فیلڈ نے ان پر مبینہ طور پر سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو ترغیب دینے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی تھی۔

دانش کنیریا چھ سال تک سپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے کی تردید کرتے رہے تھے تاہم گذشتہ سال اکتوبر میں انھوں نے الجزیرہ ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں سپاٹ فکسنگ کے لیے ساتھی کرکٹرز کو پیشکشیں دینے کا اعتراف کر لیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32497 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp