سال2019 کی ”سب سے پہلے“ ریکارڈ والی دس عورتیں ۔ ۔ ۔ ۔


دنیا کے تمام ممالک نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے اپنے ملک میں سال 2030 تک جنڈر ایکولٹی (مردوں عورتوں میں مساوات) قائم کرد یں گے۔ لیکن 2019 میں شائع ہونیوالے ایک انڈیکس کے مطابق ممالک کی اکثر یت نے اس مقصد کو حاصل کر نے کے لئے کچھ بھی نہیں کیا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے انٹر نیشنل لیبر ارگنائزیشن کے مطابق عورتوں کو بیس فی صد تنخواہ کم دی جاتی ہے۔ دنیا کی پارلیمنٹوں میں عورتیں مردوں کی نسبت کم ہیں۔

حالیہ سالوں میں اگرچہ عورتوں نے لیبر فورس میں آنا شروع کیا ہے بلکہ ٹاپ مینجمنٹ میں بھی عورتیں نظر آتی ہیں لیکن کارپوریٹ دنیا میں عورتیں کم تعداد میں ہیں۔ اس کے باوجود دنیا کے کچھ ممالک میں عورتوں نے نام پیدا کر کے گلاس سیلنگ توڑی ہے۔ درج ذیل میں ہم ان دس عورتوں کا ذکر کرتے ہیں جنہوں نے 2019 میں اپنی قابلیت کی بناء پر اول ترین پوزیشن حاصل کی ہے۔

( 1 ) عورتوں کی فرسٹ سپیس واک :

اکتوبر 2019 میں امریکہ کی خلائی ایجنسی ناسا کی دو خاتون اسٹراؤ ناٹس کرسٹین کوک اور جیسیکا میر Christine Koch & Jessica Meir نے تاریخ میں پہلی بار سپیس واک کی۔ اگرچہ اس سے پہلے مرد اسٹروناٹ سپیس واک کر چکے ہیں مگر یہ پہلی بار تھی کہ دوعورتوں کی ٹیم نے سپیس واک کی۔ اس کے بعد کرسٹین کوک (پیدائش 1979 ) چار دفعہ سپیس واک کرچکی ہے اور تا وقت تحریر انٹرنشینل سپیس سٹیشن میں موجود ہے۔ جیسیکا میر (پیدائش 1977 ) پیشہ کے طور پر میرین بیالوجسٹ اور فزیالوجسٹ ہے۔ کرسٹینا کوک نے 28 دسمبر 2019 کو ایک اور ریکارڈ قائم کیا جب اس نے سپیس میں 289 دن مکمل کر لئے۔ یوں وہ پہلی خاتون اسٹروناٹ ہے جس نے سب سے لمبا عرصہ خلاء میں گزارا ہے۔

( 2 ) فرسٹ ہندوستانی خاتون پائلٹ :

انڈین نیوی کی سب لیفٹننٹ شیوانجی Shivangi پہلی عورت ہے جس نے جہاز اڑایا۔ یہ سنگ میل تین سال بعد وقوع پذیر ہؤا جب نیوی نے خاتون پائلٹ بھرتی کر نے شروع کیے تھے۔ چو بیس سالہ شیوانجی جس کا ایک ہی نام ہے اس نے اپنی ٹریننگ انڈین نیول اکیڈیمی میں 2018 میں مکمل کی تھی۔

( 3 ) امریکی کانگریس میں پہلی ریڈ انڈین عورت:

جنوری 2019 میں دو نیٹو امریکن عورتوں یعنی Deb Haaland and Sharice Davids نے کانگریس میں حلف اٹھا یا۔ امریکہ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہؤا ہے کہ کسی Nativeریڈ انڈین نے امریکی کانگریس کا انتخاب جیتا ہے۔

( 4 ) سوڈان کی پہلی خاتون سپریم کورٹ جج:

سوڈان کی سپریم کورٹ کی جج نعمت عبد اللہ خیر کسی افریقن مسلم ملک کی پہلی جج ہے جس کو ملک کی اعلیٰ عدالت میں نامزد کیا گیا ہے۔

( 5 ) سلوواکیہ کی پہلی خاتون صدر :

بطور پیشہ کے وکیل، ایکٹیوسٹ، انٹی کرپشن کی مہم کی سربراہ چھتا لیس سالہ Zuzana Caputova سلو واکیہ کی سب سے پہلی کم عمر والی صدر جون 2019 میں منتخب ہوئی تھی۔ اس کی دو بیٹیاں ہیں شوہر سے وہ طلاق لے چکی ہے۔

( 6 ) ویٹی کین کی پہلی خاتون افسر :

ویٹی کن جو کیتھولک مذہب کا صدر مقام ہے اس کے office of synods میں پوپ فرانسس نے چار عورتیں (تین راہبات اور ایک عام عورت) کو نسلر نامزد کی تھیں۔

آفس آف سیناڈ، دنیا بھر کے اسقفوں (بشپز) کی عالمی میٹنگ کی تیاریاں کرتی جو ہر چند سال بعد منعقدہوتی ہے۔

( 7 ) حجاب پہننے والی پہلی برٹش جاکی :

خدیجہ میلا Khadijah Mellah حجاب میں ملبوس پہلی مسلمان خاتون تھی جس نے برٹش جاکی (ہارس ریس ) کے مقابلے میں حصہ لیا تھا۔ نہ صرف یہ بلکہ اس نے یہ مقابلہ (میگنولیا کپ) بھی جیت لیا جس کو اس نے فئیری ٹیل FairytaleVictory فتح کا نام دیا تھا۔ اس کی زندگی پر بنائی گئی ڈاکو منٹری Riding the Dream نومبر 2019 میں براڈکاسٹ کی گئی تھی۔ خدیجہ اس وقت برائیٹن یو نیورسٹی میں انجنئیرنگ کی تعلیم حاصل کر رہی ہے۔

( 8 ) پہلی سیاہ فام خاتون جس نے ماؤنٹ ایورسٹ کوفتح کیا:

متعددکوششوں کے بعد ساؤتھ افریقہ کی خاتون Saray N ’kusi Khumalo پہلی سیاہ فام عورت تھی جس دنیا کی سب سے اونچی چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کوچوتھی کوشش پر فتح کیا تھا۔ اب وہ دنیا کی سات دوسری چوٹیوں کو فتح کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔

( 9 ) میکسیکو کی پہلی مقامی عورتکے لئے آسکر ایوارڈ :

میکسیکو کی 26 سالہ Yalitza Aparicioپہلی مقامی عورت ہے جس کو آسکر ایوارڈ کے لئے نامز د کیا گیا تھا۔ اس نے فلم Roma میں ڈومیسٹک ور کر کا کردار اداکیا جبکہ اس نے اس سے پہلے کبھی ایکٹنگ نہیں کی تھی۔ اس کی شہرت اور ناموری کو ورکرز کی حالت سدھارنے کے لئے استعمال کیا ہے۔ اس کو اکیڈیمی ایوارڈ کے لئے بیسٹ اکیٹریس کے طور پر نامزد کیا گیا تھا۔ ٹائم میگزین نے اس کو 2019 کی 100 انفلوئینشل عورتوں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔

( 10 ) فنانشل ٹائمز کی پہلی خاتون ایڈیٹر:

راؤولا خلافRoula Khallaf کو برطانیہ کے پنک نیوز پیپر فنانشل ٹائمز کا ایڈیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اخبار کا آغاز 1888 میں ہؤا تھا اور یہ پہلی بار ایسا ہؤا ہے۔ خلاف جس کی پیدائش لبنان میں ہوئی تھی اخبار میں چو بیس سال سے ملازمت کر رہی ہے۔ عراق کی جنگ اور عرب سپرنگ کے دوران وہ اخبار کی مشرقی وسطیٰ میں نمائندہ تھی۔

عالمی بساط پر معمر خواتین

دنیا میں اس وقت چند ایک ایسی خواتین بھی ہیں جو معمر ہونے کے باوجود اپنے اپنے شعبے میں سنہری کارنامے سر انجام دے رہی ہیں۔ ان میں سے سب سے اول امریکہ کی کانگریس کی سپیکر نینسی پیلوسی ہے جس کی عمر 79 سال ہے۔ اس نے امریکی صدر ڈانلڈ ٹرمپ کا ناک میں دم کر رکھا ہے۔ وہ پہلی عورت ہے جو سپیکر کے عہدہ پر فائز ہوئی ہے۔ اسی طرح امریکہ کی راک آئی کان ٹینا ٹرنر کی عمر 80 سال ہے۔ دنیا میں عورتیں، نوجوان لڑکیاں ان معمر خواتین سے بہت کچھ سیکھ رہی ہیں بلکہ آنیوالی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔

2019 میں فوربز میگزین نے جو دنیا کی 100 موسٹ پاور فل ویمن کی فہرست شائع کی ہے اس میں اول جرمن چانسلر انجیلا مرکل ہے جو 65 سال کی ہے۔ G 20 ترقی یافتہ اقوام میں سے جرمن چانسلر واحد عورت ہے جو کمانڈ ر ان چیف ہے۔ اس فہرست میں اوپر کی دس عورتوں میں سے چھ کی عمر 61 سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں سب سے زیادہ لمبی عمر والی خاتون برطانیہ کی ملکہ ایلزبیتھ ہے جو 93 سال کی ہے۔ یورپین بنک کی صدر کرسٹین لا گارڈ 64 سال کی ہے۔ یورپین کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈر لی این کی عمر 61 سال ہے مگر وہ پورے جوش و خروش کے ساتھ کلا ئی میٹ چینچ کو روکنے کے لئے تگ و دو کر رہی ہے۔ کینیڈا کی شہرہ آفا ق رائٹر اور فیمی نسٹ ادیب مارگریٹ ایٹ ووڈ 80 سال کی ہے اور حال ہی میں اس کو 2019 کا بوکر پرائز دوسری دفعہ دیا گیا ہے۔

کہاوت ہے کہ مرد گھوڑے کی طرح کبھی بوڑھا نہیں ہوتا مگر ایسا لگتا ہے کہ زمانہ بدل گیا ہے اور اب عورتیں بھی ورلڈ سٹیج پر شیرنیوں کی طرح دھاڑتی ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments