ہماری ’مراعات زدہ‘عدلیہ


ایک خبر کے مطابق سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار چوہدری کی بلٹ پروف سرکاری گاڑی پر مرمت اور پٹرول کی مد میں ملازمت سے سبکدوشی کے بعد اب تک سرکاری خزانے سے چالیس لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں۔ جس میں سے تینتیس لاکھ گاڑی کی مرمت پر اور باقی رقم پٹرول پر خرچ ہوئی۔ اطلاع کے مطابق سابق چیف جسٹس کی مرسڈیز گاڑی پر ماہانہ 100 سے 570 لٹر تک پٹرول کے اخراجات وزارتِ قانون نے برداشت کیے ہیں۔ یہ امر دلچسپ ہے کہ سابق چیف جسٹس اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کر چکے ہیں پھر بھی سرکاری گاڑی استعمال کر رہے ہیں۔ ایسا ملکی قانون کے مطابق درست ہے یا نہیں یہ ایک الگ بحث ہے لیکن سوال یہ ہے کہ کیا ایک غریب اور مقروض ملک کی ایسی مراعات یافتہ بلکہ “مراعات زدہ ” عدلیہ انصاف کر سکتی ہے؟ فارغ خدمتی کے بعد بھی سرکاری گاڑی اور دیگر سہولتوں کا سرکاری خزانے پر اتنا بوجھ، ایسا صرف ہمارے ملک ہی میں ہو سکتا ہے جہاں عوام کے ٹیکسوں کی ساری رقم حاضر و سابق سربراہانِ مملکت، وزرائے اعظم، وزیروں مشیروں، سیاستدانوں، اعلیٰ سرکاری افسروں، عدل گستروں اور جرنیلوں پر صرف ہو جاتی ہے اور عوام اور عام سرکاری ملازمین کو ٹیکسوں کے بدلے کچھ بھی نہیں ملتا۔ یہ مراعات یافتہ طبقہ بعد از ملازمت اور حکومتی ایوانوں سے رخصتی کے بعد بھی مالیاتی اداروں کی جان نہیں چھوڑتا اور عادی ویمپائر کی طرح بدستور سرکاری خزانے کا خون چوستا رہتا ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں تو اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔

برطانیہ اور تاجِ برطانیہ کے زیرِ نگیں ملکوں کینیڈا، آسٹریلیا، وغیرہ میں روایتی عدالتی پروٹوکول اور ادب آداب ابھی باقی ہے جبکہ باقی یورپی ممالک میں یہ طبقاتی تکلفات اور حد سے زیادہ ضابطہ پرستی بھی ختم ہو چکی ہے سوائے اس کے کہ جج صاحبان، وکلا اور پبلک پراسیکیوٹرز عدالت میں سیاہ گاو¿ن پہنتے ہیں۔ لیکن جو پروٹوکول اور مراعات ہماری عدلیہ کو حاصل ہیں پورے یورپ میں کہیں بھی نہیں۔ نہ مستقل سرکاری گاڑیاں، نہ ذاتی ملازمین، نہ پلاٹس، ریٹائرمنٹ کے بعد بس پنشن ملتی ہے جو ان کے ذوقِ باغبانی کے لیے کافی ہوتی ہے اور اکثر جج صاحبان ملازمت سے فراغت کے بعد اپنے اپنے گھروں کے باغیچوں کی تراش خراش میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔ کورٹ کی گاڑیاں ذاتی استعمال کے لیے نہیں بلکہ صرف کورٹ کے کاموں پر مامور ہوتی ہیں۔ ہاں ٹیکس میں اور دیگر کچھ جائز رعایتیں ان کو ضرور حاصل ہوتی ہیں جیسے ہمارے ہاں اور باقی دنیا میں بھی فوجی ملازمین کو ملتی ہیں جس کی بدولت ان کے سفری، ہوٹلوں میں قیام و طعام کے اخراجات وغیرہ میں بچت ہو جاتی ہے۔ یورپ کے بیشتر ممالک میں جج عام ملازموں اور شہریوں کی طرح رہتے ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتے ہیں اور مارکیٹوں میں سودا سلف خریدنے جاتے ہیں۔ ان ممالک میں پی اے یا سیکرٹری عموماً خواتین ہوتی ہیں، جج صاحبان عدالت میں داخل ہوتے وقت احتراماً ان کے لیے خود دروازہ کھولتے ہیں۔ یورپ کے بیشتر ممالک میں کٹہرا سسٹم بھی نہیں رہا اور ملزمان کو کرسی پر بٹھایا جاتا ہے۔ نفسیاتی تجزیے میں خطرناک قرار دیے گئے ملزموں کے سوا کسی ملزم کو کمرہ عدالت کے اندر ہتھکڑی بھی نہیں لگائی جاتی۔ بلاشبہ کمرہ عدالت میں جج ڈسپلن اور اپنی اتھارٹی برقرار رکھتا ہے لیکن عدالت کے باہر جج کا رویہ عام لوگوں کی طرح ہوتا ہے۔ میرا بھائی جرمنی میں تعلیم کے دوران وہاں کی پولیس کے ساتھ اورعدالتوں میں بطورِ مترجم و سہولت کارجز وقتی کام کرتا رہا ہے۔ ایک بار وہ ٹرام میں سفر کر رہا تھا تو ایک شخص، جس نے عام سا لباس پہنا ہوا تھا اور ہاتھ میں شاپنگ بیگ پکڑ رکھا تھا، اس کا حال چال پوچھنے لگا۔ میرے بھائی نے جوابی علیک سلیک کے بعد معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسے پہچان نہیں پایا۔ اس شخص نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ وہ فلاں شہر کا جج تھا جہاں عدالت میں ہماری ملاقات ہوئی تھی۔ اِسی طرح ا±س کے شہر میں ایک نیا جج آیا اور رہائش کے لیے میرے بھائی سے مشورہ کیا کہ کون سا علاقہ مناسب رہے گا کیونکہ بھائی ا±س شہر میں پرانا تھا اور جج اس شہر سے ناواقف۔ بھائی نے سوچا کہ یہ جج ہے کسی اچھے علاقے میں رہنا پسند کرے گا۔ ا±س نے اپنی دانست میں بہتر جگہیں بتائیں لیکن کرایہ زیادہ ہونے کے باعث بالآخر جج نے ایک عام سے علاقے میں سستا مکان کرائے پر لیا جہاں سے وہ روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ میں عدالت آتا جاتا تھا جبکہ اس کی سیکرٹری کے پاس اپنی کار تھی۔ جب بھائی عدالت میں یا جج کے کمرے میں داخل ہوتا تو وہ احتراماً کھڑا ہو کر ہیٹ پہنا ہو تو اتار کر یا کورنش بجا لانے کے انداز میں مِلتا تھا محض اس لیے کہ میرا بھائی پی ایچ ڈی اسکالر تھا اور جج کے خیال میں اس سے زیادہ قابلِ عزت۔ یورپ میں ٹیچرز، پروفیسرز اور پڑھے لکھے افراد کا عدالتوں میں بہت احترام کیا جاتا ہے۔

اب ذرا اپنے ہاں دیکھیے۔ کیا آپ نے کسی جج یا ضلعی انتظامیہ کے کسی افسر کو بسوں ویگنوں یا میٹرو میں سفر کرتے دیکھا ہے؟ کبھی انھیں عام مارکیٹوں میں خود شاپنگ کرتے پایا ہے؟ کبھی کسی باربر شاپ میں آپ کی ان سے اچانک ملاقات ہوئی ہے؟ اور تو اور کبھی آپ نے انھیں عام پارکوں میں گھومتے اور بچوں کے ساتھ کھیلتے کھاتے دیکھا ہے؟ کبھی انھیں اپنے گھروں میں مالی کا کام کرتے اور کسی کام کے لیے کہیں قطار میں کھڑے دیکھا ہے؟ کبھی ان میں سے کسی نے سرِ راہ مسکرا کر آپ کو ہیلو ہائے کہا ہے؟ اعلیٰ پولیس افسران اور عدالتوں کے ججز تو دور کی بات ہمارے ہاں درجہ سوم کا مجسٹریٹ بھی ایسا کرنا کسرِ شان سمجھتا ہے۔ ان کی دنیا ہی اور ہے، آرام گاہیں، تفریح گاہیں، سیر گاہیں، جم خانے، کلب الگ ہیں۔ سماجیات اور ’بہت کچھ‘ مختلف ہے۔ دفتری اوقات کے بعد بھی عام شہریوں جیسی زندگی بسر کرنا، اپنی فیملی کے علاوہ لوگوں سے نارمل انسانوں کی طرح مسلمہ اقدار کے مطابق پیش آنا اور اپنے معمول کے کام کاج خود کرنا ان کی شانِ افسری و ججی کے خلاف ہے۔ ہمارے جج صاحبان سرکاری گاڑیوں کی پچھلی سیٹوں پر، از خود خلافِ قانون، کالے شیشے چڑھائے گردنیں اکڑائے یوں بیٹھے ہوتے ہیں کہ دائیں بائیں بھی نہیں دیکھتے مبادا کسی عام شہری پر نظر پڑ جائے۔ ہماری عدلیہ اور انتطامیہ کا فرائضِ منصبی اور دیانت کا معیار بھی عجیب ہے۔ ایک بار پنجاب پولیس کے ایک عرفاً ایماندار افسر نے بڑے فخر سے بتایا کہ ان کے بچے چھٹیوں میں سیر کے لیے شمالی علاقہ جات گئے تو خیبر پختون خواہ میں ان کے دوست پولیس افسروں نے حقِ دوستی ادا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی اور ہر تھانے کی حد میں داخل ہوتے ہی پولیس کی گاڑی اور عملہ ان کی محافظت اور خدمت کے لیے ’حاضر ڈیوٹی‘ ہوتا تھا۔ اسی طرح ریاست کے ایک بظاہر دیانتدار جسٹس کی عدالت میں ایک وائس چانسلر کے خلاف کیس جاتا ہے تو وائس چانسلر ان کے بیٹے کو لیکچرر بھرتی کر کے فوراً ہی مہنگے ترین اسکالر شپ پر بیرونِ ملک بھیج دیتے ہیں اگرچہ قواعد و ضوابط کے تحت اس کے لیے حسبِ اہلیت کچھ برسوں کی سروس ضروری ہے۔ جواباً جج صاحب وائس چانسلر کے خلاف فیصلہ نہیں دیتے۔ یوں دونوں کا کام بن جاتا ہے اور دیانت داری پر بھی حرف نہیں آتا۔

ایک “ایماندار ” پولیس افسر اور “دیانتدار ” جج کا یہ حال ہے تو جو ایماندار نہیں کہلاتے ان کا طور طریق کیا ہو گا۔ جبکہ آج کی دنیا میں امریکہ کا صدر جس کی تنخواہ لاکھوں ڈالر ہے اور جس کی حفاظت پر کروڑوں ڈالر خرچ ہوتے ہیں وہ بھی اپنے خاندان کے ذاتی سیر سپاٹوں پر خلافِ ضابطہ کسی پولیس کاو¿نٹی سے ایک سپاہی اور گاڑی لینے کی جرات نہیں کر سکتا، ایسا کرنے کی صورت میں اسے صدارت سے ہاتھ دھونے پڑ سکتے ہیں۔ اور یورپ کا کوئی جج تو کیا وزیر اعظم یا صدر بھی اپنے بیٹے یا بیٹی کو خلاف قانون کہیں بھرتی کروا سکتا ہے نہ اسکالر شپ دلوا سکتا ہے۔ لیکن پاکستان میں معمولی اختیار والے عہدہ دار کے لیے بھی یہ ایک معمول کی بات ہے جسے بددیانتی یا جرم یا عہدے کا ناجائز استعمال یا برا نہیں سمجھا جاتا۔

مزید ستم یہ ہے کہ ایک ہی ملک کے ایک ہی گریڈ کے مختلف سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور مراعات میں زمین و آسمان کا فرق اور عدم توازن ہے۔ ایک پروفیسر ریٹائر ہوا ہے تو اسے چھتیس برس کی سروس کا صلہ کل ملا کر چھتیس لاکھ روپے ملے ہیں جس سے آج کل ایک مکان بنانا تو کیا ایک پلاٹ بھی نہیں خریدا جا سکتا۔ اِسی گریڈ کا ایک بیورو کریٹ، ضلعی انتظامیہ کا افسر یا جج ریٹائر ہوتا ہے تو اتنی رقم تو اسے ملنے والی رقم کا محض سود بنتی ہے۔ یقین نہ آئے تو حالیہ دنوں میں ریٹائر ہونے والے ایک ایماندار بیوروکریٹ کی خود تشہیری مہم ملاحظہ فرما لیجیے۔ سوچیں اصل رقم کتنی ہو گی جس کا سود ہی اتنا ہے۔ ظاہر ہے پروفیسر کو ملنے والی رقم سے کئی گنا زیادہ۔ پلاٹس اور ریٹائرمنٹ کے فوراً بعد نئی تعیناتیاں، نئے کنٹریکٹ اور دیگر مراعات تو اب جیسے اس صیغہ خدمت (Cadre)کا آہنی حق ہے۔ اس سے تو بہتر ہے ریٹائرمنٹ کی عمر ہی بڑھا دی جائے۔ جب تک یہ طبقاتی اور مخصوص ادارہ جاتی پیکج ختم نہیں ہوتے، چھوٹے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوتا اور تمام سرکاری اداروں کے افسران کی تنخواہوں، مراعات اور اختیارات میں معادلت اور ہم قدری نہیں لائی جاتی، پاکستان فلاحی ریاست تو درکنار اسلامی بن سکتا ہے نہ جمہوری اور نہ یہاں عدل گستری پنپ سکتی ہے۔ یہ مفروضہ کہ مخصوص کیڈر اور مخصوص عہدوں کی تنخواہیں اور مراعات بڑھانے سے ان کی کارکردگی میں اضافہ اور رشوت، بدعنوانی اور ناانصافی کا خاتمہ ہو سکتا ہے، اپنی افادیت کھو چکا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments