چندریان 3: انڈیا کی طرف سے تیسرے چاند مشن کا اعلان


انڈیا کی خلائی ایجنسی کے سربراہ کے سیون

انڈیا کی خلائی ایجنسی کے سربراہ کے سیون حکم جنوری کو بنگلور میں ایک ترقیب سے خطاب کرتے ہوئے

انڈیا نے چاند کی سطح پر خلائی گاڑی اتارنے کے مشن چندریاں 2 کی ناکامی کے چند ماہ اب ایک نئے مشن چندریان 3 کا اعلان کر دیا ہے۔

انڈیا کی خلائی ایجنسی کے سربراہ کے سیون نے اس نئے مشن کے بارے میں بتایا کہ سب کام منصوبے کے مطابق ’ٹھیک‘ چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ انڈیا یہ مشن 2020 میں لانچ کرنا چاہتا ہے لیکن یہ 2021 میں جا سکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس کی کامیابی کی صورت میں انڈیا چاند پر خلائی گاڑی اتارنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ اس مشن کی کامیابی سے انڈیا کی کم خرچ خلائی مشن بنانے والے ملک کی حیثیت سے شہرت مزید مضبوط ہو جائے گی۔

اب تک امریکہ، روس اور چین ہی چاند کی سطح پر خلائی گاڑیاں اتار چکے ہیں۔

مزید پڑھیے:

اسرو کے ’وکرم لینڈر‘ کی وائرل تصویر کی حقیقت

چندریان 2 مشن: انڈیا نے کیا کھویا کیا پایا؟

چندریان 2:وکرم لینڈر سے رابطے کی کوششیں جاری

چندریان 2: کیا انڈیا کا خلائی مشن کامیاب رہا؟

انڈیا کا منصوبہ ہے کیا؟

کے سیون نے صحافیوں کو بتایا کہ نیا مشن چندریان 2 سے ملتا جلتا ہو گا۔ چندریاں 2 انڈیا کی خلائی ایجنسی کی طرف سے سب سے مشکل منصوبہ تھا۔ اس کا ٹارگٹ چاند قطب جنوبی پر خلائی گاڑی اتارنا تھا جہاں اب تک کسی اور ملک نے مشن نہیں اتارا۔ اس کا مقصد وہاں پانی، معدنیات کی تلاش اور چاند پر زلزلوں کی طاقت کی پیمائش تھا۔

لیکن چندریاں 2 ستمبر میں ناکام ہو گیا تھا جب اس کی چاند گاڑی بے قابو ہو کر چاند کی سطح پر گر گئی تھی۔

کے سیون نے کہا کہ نیا مشن بھی اسی مقام پر اترے گا۔ نئے آلات کی قیمت 26 ملین پاؤنڈ یا 35 ملین ڈالر ہے جبکہ پورے مشن پر لاگت اس سے زیادہ ہو گی۔

خلاء کے محکمے کے جونیئر وزیر جتندر سنگھ نے کہا کہ چندریاں 3 ’کافی کم خرچ مشن‘ ہو گا۔ انھوں نے اخبار ’ٹائمز آف انڈیا‘ کو بتایا کہ انڈیا کا آربٹر تو پہلے ہی چاند کے مدار میں ہے اس لیے خرچ کم ہو گا۔

چاند پر (بغیر خلا باز کے) خودکار خلائی گاڑی اتارنا انڈیا کا کم خرچ خلائی تحقیق کے وسیع تر منصوبوں کا ایک حصہ ہے۔

کے سیون نے کہا کہ انڈیا 2020 میں کم سے کم 25 خلائی مشن لانچ کرنا چاہتا ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ مدار میں خلا باز بھیجنے کا منصوبہ بھی پروگرام کے مطابق چل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس مشن کے لیے چار خلا باز چنے گئے ہیں جن کی ٹریننگ اس ماہ کے آخر میں روس میں شروع ہو جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس مشن پر تین خلا باز جائیں گے اور یہ مشن 2022 میں متوقع ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp