ویسٹ ورجینیا کیڈٹس کو ’نازی سلام‘ کرنے پر نوکری سے ہاتھ دھونا پڑا


امریکہ کی ایک ریاست میں کم از کم 30 کیڈٹس کو اس وقت نکال دیا گیا جب ایک تصویر سامنے آئی جس میں وہ بظاہر نازی سلیوٹ (سلام) کرتے ہوئے دکھائی دے رہے تھے۔

تصویر میں دکھایا گیا کہ ویسٹ ورجینیا ڈویژن آف کوریکشنز اینڈ ری ہیبیلیٹیشن میں کیڈٹس ایک ’ہیل بِئرڈ‘ کے نشان کے نیچے اس طرح کا سلام کر رہے ہیں۔ بِئرڈ ان کی کلاس انسٹرکٹر کا نام ہے۔

ریاست کے گورنر نے پیر کو کہا تھا کہ ان کیڈٹس کو نکال دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیئے

ہٹلر کا سلیوٹ کرنے کے الزام میں دو چینی گرفتار

ہٹلر کی دیوانی ایک ہندو خاتون

تیراکی کے لباس میں تصاویر پر استانی کی نوکری چلی گئی

عالیہ بھٹ کی ہٹلر میں دلچسپی کیوں ہے؟

یہ تصویر 27 نومبر کو ان کی گریجویشن کی تقریب کے دوران لی گئی تھی۔

گورنر جم جسٹس نے ایک بیان میں بتایا کہ ’جیسا کہ میں نے شروع سے کہا ہے کہ میں بیسک ٹریننگ کلاس 18 کی اس تصویر کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔‘

’میری نگرانی میں حکومت کی کسی ایجنسی میں اس طرح کا رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

اس تصویر میں موجود کیڈس کے علاوہ دو دیگر افراد کو بھی پہلے ہی نکال دیا گیا تھا جن میں سے ایک ٹرینر اور ایک کیڈٹ تھا۔

ہم فوٹو کے متعلق کیا جانتے ہیں؟

اس میں 30 دھندلے چہرے دکھائی دیے جا رہے ہیں اور یہ تصویر حال ہی میں ریاست کی ’بیسک ٹریننگ کلاس 18‘ کی ہے۔ تصویر میں ملازمین کے نام نہیں لکھے گئے اور نہ ہی یہ درج ہے کہ یہ کہاں پر لی گئی ہے۔

یہ تربیت 21 اکتوبر سے 27 نومبر کے دوران منعقد کی گئی۔

ریاست کے فوجی امور اور پبلک سیفٹی کے ڈیپارٹمنٹ کے مطابق اس پر لکھی ہوئی تحریر کلاس کی لیڈر کیسی بِئرڈ کی طرف اشارہ کرتی ہے۔

ڈیپارٹمنٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق عملے کی ایک رکن نے تصویر ملنے کے بعد کیسی بِئرڈ سے اپنی تشویش کا اظہار کیا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بِئرڈ نے کہا کہ اس تصویر میں کچھ غلط نہیں ہے۔

انھوں نے اس تحریر کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ’انھوں نے اس لیے ایسا کیا کہ میں ہٹلر کی طرح سخت ہوں۔‘

برخاست کیے جانے والوں میں سے کسی کا نام بھی سرکاری طور پر نہیں بتایا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp