ماضی کی روشنی میں مستقبل سنواریں


نئے سال کا پہلا مہینا جنوری ہے۔ پہلا دن جنوری کا کچھ خود کلامی میں گزرتا ہے۔ گزرے سال کے واقعات اور حوادثات فلم کی طرح آنکھوں کے سامنے گزر جاتے ہیں۔ کبھی کوئی لمحہ لبوں پر مسکراہٹ بکھیرتا ہے اور کہیں پریشان کن لمحہ دل کو اداسی کا شکار بنا دیتا ہے۔ کچھ پشیمانیاں بھی دامن کو پکڑ لیتی ہیں اور دل میں کچھ ایسے خیالات ابھرتے ہیں

کاش اس وقت یہ نہ کیا ہوتا، یہ نہ کہا ہوتا، یہ کر لیا ہوتا، یہ کہہ دیا ہوتا۔ پھر گزشتہ یادوں کونئے سال کے عہدو پیماں سے جوڑنے کا وچار بن جاتا ہے۔ اس سال بہت سی کتابوں کو ورد زباں کریں گے، سوشل میڈیا سے کچھ دوری بھی رکھیں گے، افعال قبیحہ سے بھی اجتناب کریں گے۔

باقاعدگی کے ساتھ ایسے چمٹیں گے جیسے بچھڑا بچہ اپنی ماں سے چمٹتا ہے، دوستوں کے ساتھ اچھے تعلقات بھی رکھیں گے، ایک دوسرے کے حالات سے آ شنا بھی رہیں گے، جو روٹھیں ہیں انہیں بھی منائیں گے، او ر جن سے محبت ہے ان سے اظہار بھی کریں گے، جو غلطیاں پچھلے سال کیں انہیں درستی کا جاما بھی پہنائیں گے۔

دیکھا آپ نے! سال کے عہد باندھنے کے لیے ہمیں پچھلے سال کو سامنے رکھنا پڑتا ہے۔ پیچھے جھانکنا اور آگے دیکھنا یہ جنوری مہینے کا خاصہ ہے۔ جنوری کا مہینا انسان کی زندگی میں نئی امنگ، جوش اور ایسا جذبہ پیدا کرتا ہے جس میں انسان کے لئے آنے والے لمحات کو گزارنا آسان ہوجاتا ہے۔

مسقتبل کو دیکھنا اور ماضی کی طرف جھانکنا شایدرکاوٹ سی لگے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں آپ جب تک اپنے پیچھے دیکھتے رہیں گے آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔ اور کچھ کا خیال ہوتا ہے آپ ماضی کو یاد رکھ کر ہی مستقبل میں داخل ہو سکتے ہیں۔ آپ کی موجودہ زندگی، ماضی میں کیے گئے اعمال اور فیصلوں سے ہے۔

خوشخبری یہ ہے کہ آ پ ماضی سے سیکھ کر مستقبل کو سنوار سکتے ہیں۔ آپ کا قریب ماضی آپ کے حال پر تو اثرانداز ہوسکتاہے مگر مستقبل بنانا تو آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اور کچھ کا خیال ہے کہ ماضی اور مستقبل کہ چھوڑو بس سب کچھ اسی پل میں ہے۔ ماضی کو آپ بدل نہیں سکتے اس لیے آپ کی نظر اور توجہ حال پر ہونی چائیے۔

لیکن میری ناقص رائے یہ ہے کہ اگرچہ ہم مستقبل کو دیکھ نہیں سکتے لیکن ہم آئندہ کے منصوبے توضرور بنا سکتے ہیں اور اس سے ہم آئندہ زندگی کو کامیاب بنا سکتے ہیں۔ ماضی کو یاد رکھنا چائیے۔ جو غلطیاں کیں اور افعال قبیحہ سرزد ہوے ان سے سیکھنا چایئے۔ یقین جانیے ماضی میں جو غلط کیا اس کا اعتراف اگر خود سے ہی کر لیں گے تو ا ٓ ئندہ کچھ اچھا کرنے کی خواہش دل میں بیدار ہو گی۔ حال کو مطمئن بنائے اور مستقبل کے لئے اپنے اہداف کو بڑا رکھیں مگر ایک وقت میں ایک ہی ہدف کو ترجیح دیں اور ڈٹ کر اسے پورا کرنے کی کوشش کریں۔ اللہ نے چاہا تو کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments