بوئنگ 737 میکس: کمپنی ملازمین کی گفتگو، ’طیارہ مسخروں نے ڈیزائن کیا ہے‘


Boeing 737 Max Planes Sit Idle As Company Continues To Work On Software Glitch That Contributed To Two Fatal Jetliner Crashes.

مسافر بردار طیارہ بنانے والی کمپنی بوئنگ کے ملازمین کے آپسی پیغامات سامنے آنے کے بعد بوئنگ کے 737 میکس جہاز کی حفاظت سے متعلق مزید سوالات پیدا ہوئے ہیں۔

ایک گفتگو کے دوران ایک اہلکار نے کہا کہ ’یہ طیارہ مسخروں نے ڈیزائن کیا ہے۔‘

طیارہ ساز کپمنی نے اس گفتگو کو ’ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔‘

737 میکس سنہ 2019 میں دو جان لیوا حادثات کے بعد گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔ انڈونیشیا اور ایتھوپیا میں تباہ ہونے والے طیاروں میں 350 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

بوئنگ کا کہنا ہے کہ اس نے شفافیت کے خاطر سینکڑوں تدوین شدہ پیغامات جاری کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بوئنگ 737 میکس طیارے دنیا بھر میں گراؤنڈ

بوئنگ طیاروں کی فیکٹری، حیرتوں کی انتہا

سعودی فضائی کمپنی کا بوئنگ طیارے خریدنے سے انکار

ہوائی سفر کرنے کے خوف سے کیسے نمٹا جائے؟

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور امریکی کانگرس کو اس گفتگو کی غیر تدوین شدہ نقل گذشتہ ماہ ہی فراہم کر دی گئی تھی۔

بوئنگ کا کہنا تھا ’یہ گفتگو کمپنی کی عکاسی نہیں کرتی، نہ ہی اس کی جو ہم بننا چاہتے ہیں، اور یہ باتیں قطعی ناقابلِ قبول ہیں۔‘

سیمولیٹر کی مخالفت

ایک اہلکار جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اس نے کمپنی کے اندرونی رابطے کے نظام پر پیغام میں کہا ’یہ طیارہ مسخروں نے ڈیزائن کیا ہے جن کی نگرانی بندر کر رہے تھے۔‘

واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے شائع کی جانے والی ایک دستاویز سے ظاہر ہوتا ہے کہ بوئنگ نے پائلٹس کے سیمولیٹرز پر تربیت حاصل کرنے کو مسترد کیا کیونکہ اس سے کمپنی کو زیادہ لاگت اٹھانا پڑتی۔

اس وقت بوئنگ 737 کے چیف ٹیکنیکل پائلٹ مارک فارکنر نے مارچ 2017 کی ایک ای میل میں لکھا ’میں اس چیز کی اہمیت پر زور دینا چاہتا ہوں کہ اس بات پر سختی سے قائم رہا جائے کہ این سی میکس پر منتقل ہونے کے لیے سیمولیٹر پر کسی بھی قسم کی تربیت کی ضرورت نہیں ہے۔‘

انھوں نے مزید لکھا ’بوئنگ ایسا نہیں ہونے دے گا۔ اگر کسی نگرانی کرنے والے نے اس کی ضرورت پر زور دیا تو ہم اس کا سامنا کرلیں گے۔‘

رواں ہفتے منگل کو بوئنگ نے اپنے موقف سے پیچھے ہٹتے ہوئے تمام پائلٹس کے لیے سیمولیٹرز پر تربیت کی سفارش کر دی۔

نومبر سنہ 2015 کی ملازمین کی ایک اور گفتگو سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی نے ایویشن کے نگرانوں کی جانب سے سیمولیٹرز کے ایک مخصوص پہلو کی تربیت کے مطالبے کے خلاف لابئنگ کی تھی۔

ایک پیغام میں کہا گیا ’ہم اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حتمی مذاکرات کے لیے ہمیں شاید اس کے لیے اعلیٰ سطح پر حمایت درکار ہو۔ ‘

اس دستاویز سے یہ ظاہر ہوتا ہے سیمولیٹرز کے بارے میں بات چیت میں مسائل تھے۔

فروری سنہ 2018 میں بوئنگ کے ایک اہلکار نے اپنی ساتھی اہلکار سے پوچھا ’کیا تم اپنے خاندان کو میکس سیمولیٹر سے تربیت یافتہ طیارے پر بٹھاؤ گے؟ میں تو ایسا نہیں کروں گا‘۔

دوسری جانب سے بھی جواب آیا ’نہیں۔‘

’چھپانے کی کوشش‘

دیگر ای میلز اور پیغامات میں کپمنی کے ملازمین کمپنی کی روایات کے حوالے سے اپنے جھنجھلاہٹ، سستی اشیا کی تلاش اور ناممکن نظام الاوقات کے بارے میں شکایت کرتے نظر آتے ہیں۔

جون سنہ 2018 میں ایک اہلکار نے ای میل میں لکھا ’مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ ان چیزوں کو کیسے ٹھیک کروں۔ یہاں کی روایات۔ یہ حقیقت ہے کہ ہماری ٹیم کے اعلیؤ رہنما ایسے لوگ ہیں جنہیں اس کام کے بارے میں بہت کم معلومات ہیں اور وہ ہمیں مخصوص مقاصد کی طرف لے جاتے ہیں۔‘

اور سنہ 2018 میں کی گئی ایک ای میل میں بوئنگ کے ایک اہلکار نے کہا ’مجھے خدا نے اب تک معاف نہیں کیا اس سب کے لیے جس کی میں نے گذشتہ برس پردہ پوشی کی تھی۔‘ اس بات کا حوالہ دیے بغیر کہ کس چیز کی پردہ پوشی کی گئی انھوں نے مزید لکھا ’میں یہ دوبارہ نہیں کر سکتا ورنہ جنت کے دروازے مجھ پر بند ہو جائیں گے۔‘


بوئنگ حادثات: ٹائم لائن

  • 29 اکتوبر 2018: لائن ایئر کے ایک 737 میکس جہاز کو حادثہ پیش آیا جس میں 189 افراد ہلاک ہو گئے۔
  • 31 جنوری 2019: بوئنگ نے بتایا کہ اسے 79 خریداروں سے 5011 میکس جہازوں کے آرڈر موصول ہوئے۔
  • 10 مارچ 2019: ایتھوپیئن ایئر لائن کا 737 میکس حادثے کا شکار ہوا جس میں سوار تمام 157 افراد ہلاک ہو گئے۔
  • 14 مارچ 2019: بوئنگ نے اپنے تمام 737 جہازوں کو گراؤنڈ کر دیا۔

یو ایس ہاؤس ٹرانسپورٹیشن کمیٹی کے چیئرمین پیٹر ڈی فازیو کا جو کہ 737 میکس کی تحقیقات کر رہے ہیں، کہنا تھا یہ گفتگو ظاہر کرتی ہے کہ ’میکس 737 کے ابتدائی دنوں میں بعض نہایت اہم معلومات کو نگرانوں اور عوام سے پوشیدہ رکھنے کی منظم کوشش کی گئی۔‘

کامرس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر راجر ویکر کا جو سینیٹ کی جانب سے کی جانے والی بوئنگ کی تحقیقات کی سربراہی کر رہے تھے، کہنا ہے کہ اس دستاویز سے ایف اے اے کی جانب سے سرٹیفیکٹ دینے کے عمل میں چیزوں سے صرف نظر کیا گیا۔

فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کا کہنا ہے کہ ’ان دستاویز میں حفاظت کے حوالے سے کسی بھی ممکنہ کوتاہی کی نشاندہی پر کارروائی کی جائے گی۔‘

تاہم ادارے کا کہنا ہے کہ ’اس دستاویز میں بعض جگہ استعمال کی جانے والی زبان اور لہجہ کافی مایوس کن ہے۔‘

بوئنگ کا کہنا ہے کہ ان پیغامات میں کمپنی کی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ساتھ سیمولیٹرز کے حوالے سے بات چیت کے بارے میں بھی ’سوالات اٹھتے ہیں۔‘

تاہم اس کا مزید کہنا تھا ’ہم سیمولیٹرز کے منظوری کے عمل میں نگرانی کے حوالے سے کافی پر اعتماد ہیں۔‘

بوئنگ جہاز کے اس خودکار نظام کو دوبارہ ڈیزائن کر رہی ہے جسے ان حادثات کی مرکزی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔

کپمنی نے جز وقتی طور پر 737 میکس بنانے کا عمل روک دیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp