بنگلہ دیش نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی


کرکٹ

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ان دو ٹیسٹ میچوں کے علاوہ بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور ایک ون ڈے انٹرنیشنل بھی کھیلے گی۔

بنگلہ دیشی ٹیم کا یہ دورۂ پاکستان تین حصوں میں مکمل ہوگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر قائم ڈیڈلاک ختم کرنے میں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر نے اہم کردار ادا کیا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر نظم الحسن آئی سی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے اس وقت دبئی میں موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے: گیل

پاکستان میں کرکٹ تو واپس آ گئی لیکن مداحوں کا کیا؟

پاکستانی کرکٹر ایشیا الیون میں کیوں شامل نہیں؟

یاد رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کے معاملے پر اپنے مؤقف پر ڈٹے ہوئے تھے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ایک سے زائد بار اپنا یہ مؤقف ظاہر کیا تھا کہ وہ پاکستان میں صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنی ٹیم بھیجنے کے لیے تیار ہے کیونکہ اس کے کھلاڑی پاکستان میں زیادہ عرصہ گزارنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ سیریز کھیلی جائے ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کے انعقاد کو بھی خارج ازامکان قرار دے دیا تھا۔

میچز کب اور کہاں ہونگے ؟

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان طے پانے والے نئے شیڈول کے مطابق بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پہلے مرحلے میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تین میچز لاہور میں 24 ۔ 25 اور27 جنوری کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم وطن واپس چلی جائے گی۔

بنگلہ دیشی ٹیم پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے فروری کے پہلے ہفتے میں دوبارہ پاکستان آئے گی ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 7 سے 11 فروری تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے اختتام پر تیسری مرتبہ پاکستان آئے گی ۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان واحد ون ڈے انٹرنیشنل 3 اپریل کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ بھی کراچی میں 5 سے 9 اپریل تک کھیلا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp