امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کا منگل سے آغاز ہوگا


امریکہ

امریکی ایوانِ نمائندگان نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کا مقدمہ سینیٹ میں چلانے کی قرارداد کی منظوری دے دی ہے۔ اس قرارداد کی حمایت (228) اور مخالفت (193) میں ووٹ کم و بیش ایوان میں پارٹی سیٹوں کے مطابق ہی ڈالے گئے۔

ایوانِ نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی کے مواخذے کے آرٹیکلز پر دستخط کرتے کے وقت ان کے ہمراہ ڈیموکریٹک پارٹی کے وہ اراکین موجود تھے جو کہ سینیٹ میں صدر ٹرمپ کے خلاف استغاثہ کا کردار ادا کریں گے۔

گذشتہ ماہ ایوانِ نمائندگان، جہاں حزبِ اختلاف ڈیموکرٹک پارٹی کی اکثریت ہے، نے صدر ٹرمپ کے مواخذے کی منظوری دے دی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد منظور

صدر ٹرمپ کے خلاف انکوائری: دوسرا مخبر سامنے آگیا

صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحقیقات کی راہ ہموار

اب ریپلکن پارٹی کی اکثریت والی سینیٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ انھیں اپنے عہدے سے ہٹایا جائے گا یا نہیں۔

مواخذے کے آرٹیکلز پر دستخط کرنے سے پہلے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نینسی پیلوسی نے کہا ’آج ہم تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ جب مینیجرز ہال پار کر کے جائیں گے، تو ہم تاریخ کا ایک اہم موڑ پار کریں گے، امریکہ کے صدر کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور ایوانِ نمائندگان کے کام میں مداخلت کرنے کی بنا پر مواخذے کے آرٹیکلز بھیجنا۔‘

اس کے بعد مواخدے کے آرٹیکلز سینیٹ کو بھیجے گئے جہاں ریپبلکن سینیٹ لیڈر مچ مکونل نے کہا کہ انھیں جمعرات کی دوپہر آویزاں کیا جائے گا اور پھر ایوانِ بالا میں انھیں پڑھا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ یہ مقدمہ منگل کے روز شروع ہوگا۔ صدر ٹرمپ پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور کانگریس کے کام میں رکاوٹ ڈالی۔

صدر ٹرمپ اس الزام سے تردید کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انھوں نے یوکرین کے سربراہ پر گذشتہ سال 25 جولائی کو ایک فون کال کے دوران آئندہ انتخابات میں اپنے ممکنہ ڈیموکرٹک حریف جو بائیڈن کے خلاف تفتیشات کھولنے کے لیے دباؤ نہیں ڈالا۔

ماضی میں دو امریکی صدور، اینڈریو جانسن اور بل کلنٹن کے خلاف مواخذے کی کارروائی ہوئی جبکہ تیسرے صدر رچرڈ نکسن مواخذے کی کارروائی شروع ہونے سے پہلے ہی مستعفی ہو گئے تھے۔

امریکہ کی تاریخ میں کسی بھی صدر کو مواخذے کی کارروائی کے نتیجے میں عہدہ چھوڑنے پر مجبور نہیں کیا گیا۔

صدر ٹرمپ کے خلاف شروع ہونے والی انکوائری میں نئی روایات جنم لے رہی ہیں۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب صدر نے ایوان نمائندگان کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کیا ہے۔

امریکہ

صدر ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی کے ایک مشیر لیو پرناس نے یہ بات ایم ایس این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی ہے۔

امریکی جمہوری نظام کے ماہرین کی نظر میں صدر ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی کارروائی کی کامیابی کا کوئی امکان نہیں ہے۔

صدر کے مواخذے کے لیے ضروری ہے کہ دو تہائی ممبران اس کی حمایت میں ووٹ ڈالیں جس کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے اور اس طرح یہ کارروائی وہیں رک جائے گی۔

’صدر ٹرمپ کو سب پتا تھا‘

صدر ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی کے ایک مشیر نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ٹرمپ کو بالکل صحیح انداز میں معلوم تھا کہ یوکرین پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ سابق امریکی نائب صدر جو بائیڈن اور ان کے بیٹے کے خلاف تحقیقات کریں۔

روڈی جولیانی کے مشیر لیو پرناس نے یہ بات ایم ایس این بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہی ہے۔

لیو پرناس کو بھی اس سلسلے میں علیحدہ الزامات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روڈی جولیانی جو بائیڈن کی مبینہ بدعنوانی کی تحقیق نہیں کر رہے تھے۔

ان کے مطابق ان کاوشوں کا مقصد صدر ٹرمپ کے ممکنہ ڈیموکریٹک حریف کو نقصان پہنچانا تھا۔ لیو پرناس نے ان الزامات کے سلسلے میں اپنی اور روڈی جولیانی کے درمیان پیغامات کو بطور ثبوت حکام کے آگے پیش کیا ہے۔

مواخذہ ہے کیا؟

اس معاملے میں ‘مواخذے’ کا مطلب ہے کہ صدر کے خلاف الزامات کانگرس میں لائیں جائیں جو ان کے خلاف مقدمے کی بنیاد بنیں گے۔

امریکی آئین کے مطابق ‘صدر کو مواخذے کے ذریعے عہدے سے اس صورت میں ہٹایا جا سکتا ہے جب انہیں بغاوت، رشوت ستانی، کسی بڑے جرم یا بد عملی کی وجہ سے سزا دینا درکار ہو۔’

مواخذہ کی کارروائی ایوانِ نمائندگان سے شروع ہوتی ہے اور اس کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت درکار ہوتی ہے۔ اس کا مقدمہ سینیٹ میں چلتا ہے۔

یہاں صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہوتی ہے اور امریکی تاریخ میں یہ سنگ میل کبھی عبور نہیں ہوا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو کئی سکینڈلز کا سامنا ہے

کس کا مواخذہ کیا گیا؟

اگرچہ کئی مواقع پر مواخذے کی دھمکیاں ملتی رہیں لیکن آج تک دراصل صرف دو امریکی صدور کا مواخذہ ہوا۔

ماضی قریب میں صدر بل کلنٹن جو کہ بیالیسویں امریکی صدر تھے جن کا انصاف کی راہ میں حائل ہونے، مونیکا لیونسکی کے ساتھ اپنے تعلقات کی نوعیت کے بارے میں جھوٹ بولنے اور مبینہ طور پر انہیں بھی جھوٹ بولنے پر اکسانے کے الزام میں مواخذہ ہوا۔

ایوان نے پہلے الزام پر 228 میں سے 206 ووٹوں کے ساتھ مواخذے کی حمایت کی جبکہ دوسرے الزام پر 221 میں سے 212 لوگوں نے حمایت کی۔

یہ بھی خیال رہے کہ دسمبر 1998 میں بل کلنٹن کی بطور صدر توثیق کی شرح 72 فیصد تھی۔

تاہم جب 1999 میں یہ معاملہ سینیٹ تک پہنچا تو حکم نامہ کی منظوری کے لیے دو تہائی حمایت حاصل نہ کر سکا۔

اس وقت ایک تجزیے میں بی بی سی نے لکھا ‘صدر کو ہٹانے کی اپنی بے قراری میں انھوں نے یہ سوچنا ترک نہیں کیا کہ کیا ان الزامات کو ثابت کیا جا سکے گا؟’

ٹرمپ

امریکی صدر پر الزام ہے کہ انھوں نے یوکرین کے نو منتخب صدر کو سابق امریکی نائب صدر اور صدارتی امیدوار جو بائیڈن کے بیٹے کے خلاف مبینہ کرپشن کے الزامات پر تحقیقات شروع کرنے پر مجبور کرنے کے لیے یوکرین کی فوجی امداد روک لی تھی

مواخذہ مشکل کیوں ہے؟

کسی امریکی صدر کو ان کے عہدے سے ہٹانا مشکل اس لیے ہے کہ اس کے لیے کانگریس کے دونوں ایوانوں کی منظوری چاہیے۔

جارج ٹاؤن یونیورسٹی کے ماہرِ قانون جانتھن ٹرلی نے بی بی سی کو بتایا کہ ‘ایوانِ نمائندگان (ایوانِ زیریں) میں صرف ایک سادہ اکثریت چاہیے۔ ڈیموکرٹس کے زیرِ کنٹرول ایوانِ نمائندگان بالکل ایک صدر کا جو کہ ریپلکن ہیں، باآسانی مواخذہ کر سکتے ہیں اگر وہ جرم ثابت کر لیں۔’

اس کے بعد سینیٹ (ایوانِ بالا) صدر پر ایک مقدمہ چلاتی ہے جس میں سزا کی صورت میں انھیں عہدے سے ہٹا دیا جاتا ہے مگر اس کے لیے سادہ اکثریت کافی نہیں۔

پروفیسر ٹرلی کا کہنا ہے کہ ‘اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ ریپبلیکن اکثریت والی سینیٹ صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹائے جب آپ کو ایک بھاری اکثریت چاہیے۔’

صدر کو عہدے سے ہٹانے کے لیے سینیٹ کی دو تہائی اکثریت یعنی 100 میں 67 سینیٹرز کی حمایت چاہیے۔

تاہم کیونکہ 53 سینیٹر اس وقت ریپبلکن ہیں، اس بات کا امکان بہت کم ہے ان کی کوئی بڑی تعداد صدر ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کے حق میں ووٹ ڈالے گی۔

تاریخ میں صرف دو امریکی صدور کا مواخذہ ہوا ہے، 1868 میں اینڈریو جانسن اور 1998 میں بل کلنٹن مگر دونوں کو سینیٹ سے بری کر دیا گیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp