سندھ کابینہ نے آئی جی کو ہٹانے کی منظوری دے دی


پاکستان کے صوبہ سندھ میں حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کا دعویٰ ہے کہ آئی جی پولیس کلیم امام کو ہٹانے کے لیے وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیا تھا۔ اس سے قبل صوبائی کابینہ نے انہیں ہٹانے کی منظوری دی تھی ۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے بدھ کو پریس کانفرنس کرتے ہوتے آئی جی سندھ پر چارج شیٹ جاری کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ صوبے میں امن و امان قائم نہیں رکھ سکے ہیں، انہوں نے ارشاد رانجھانی قتل کیس اور دعا منگی اور بسمہ کے اغوا کا بھی حوالہ دیا جو تاوان کی ادائیگی کے بعد رہا ہوئیں۔

آئی جی دفتر کے ذرائع ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔ ان کاد عویٰ ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے عوام کا اعتماد کا بحال ہوا جس کا ثبوت مقدمات کے داخلہ کی شرح میں 23 فیصد اضافہ ہے، سٹریٹ کرائم میں 7 فیصد کمی آئی اور 54 فیصد مفرور ملزمان گرفتار کیے گئے۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا دعویٰ ہے کہ کراچی میں موٹرسائیکل اور کار چھیننے، چوریوں اور سٹریٹ کرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اس حوالے سے انہوں نے سٹیزن پولیس لیاژان کمیٹی کے اعداد و شمار پیش کیے۔

یہ بھی پڑھیے

وزیر اعلیٰ پنجاب کا معافی نامہ قبول

زخمی ملزمان کے سر میں گولی مارنے والا پولیس اہلکار گرفتار

کراچی: ٹرک ڈرائیوروں کی ہلاکت کی ایف آئی آر درج

آئی جی کا دفتر حکومت کے عدم تاوان کی شکایت کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ تھانوں کی دوسرے مقامات پر منتقلی کا نوٹیفیکشن جاری نہیں ہوا، زمین کے مالکانہ حقوق تھانوں کے نام پر منتقل نہیں ہوئے جس کی وجہ سے مرمتی فنڈز جاری نہ ہوسکے۔

رواں مالیاتی سال میں درخواست کے باوجود اسلحہ اور گاڑیوں کی خریداری نہیں کی گئی، سیف سٹی منصوبے پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا اور نہ ہی فورنسک ایجنسی کا قیام عمل میں لایا گیا ، اسی طرح انویسٹی گیشن کمپلیکس ، نئے پولیس تھانوں اور پولیس لائن کے منصوبے بھی تعطل کا شکار ہیں۔

اس موقف کے برعکس حکومت سندھ کے ترجمان مرتصیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ آئی جی فنڈز کی عدم دستیابی اور تھانوں کی مرمت کی بات کرتے ہیں لیکن اخبارات میں جو اشتہارات آئے ہیں اس میں ان کے منظور نظر افسران کے گھروں کی تزین و آرائش کا ذکر کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے آئی جی سندھ کلیم امام پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے مسلسل نظم و ضبط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے براہ راست سفارت کاروں سے ملاقاتیں کیں اس حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومت سے کوئی اجازت نہیں لی گئی۔

آئی جی آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ پورے پاکستان میں پولیس کی صلاحیت میں بہتری لانے کے لیے مدد فراہم کر رہے ہیں، اس بارے میں آئی جی سندھ حکومت کو لیٹر لکھ کر آگاہی دیتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کراچی میں 28 غیر ملکی قونصلیٹ ہیں ان کی سیکیورٹی کے حوالے سے ملاقات اور رابطہ رہتا ہے۔

حکومت سندھ کے شکوہ شکایت بظاہر امن و امان کے قیام کے حوالے سے نظر آتے ہیں لیکن اگر بیانات اور واقعات کا مشاہدہ کیا جائے تو اختلافات کی وجہ ایس ایس پیز اور ڈی آئی جیز کے تبادلے اور تعیناتی نظر آتا ہے جس کا ذکر صوبائی وزراء کی پریس کانفرنس میں بھی ملتا ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ جب ڈی آئی جی خادم رند کا تبادلہ کیا گیا تو آئی جی نے چیف سیکریٹری کو ایک خفیہ لیٹر لکھا جس میں خادم رند کی تبادلے پر احتجاج کیا اور اس خطے کی کاپی میڈیا میں لیک کی۔

صوبائی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ شکارپور کے ایس ایس پی رضوان احمد کی تعیناتی کے لیے آئی جی کلیم امام نے دباؤ ڈالا اس کے باوجود کے انہوں نے 22 لوگوں پر انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

آئی جی دفتر کا کہنا ہے کہ 2008 میں جیکب آباد میں پولیس چوکی پر حملے پانچ اہلکاروں کی ہلاکت اور لاشوں کے بے حرمتی کے مقدمے میں ایک ملزم محمد صلاح شہلیانی کو گزشتہ سال گرفتار کیا گیا، جس کی گرفتاری کے فوری بعد صوبائی حکومت نے ایس ایس پی قیوم پتافی کا تبادلہ کردیا۔ یاد رہے کہ گرفتار ملزم ایک سابق رکن سمبلی کا قریبی رشتے دار ہے اور مقامی طور پر بڑا اثر رسوخ رکھتا ہے۔

ملزم کو جیکب آباد سے شکارپور جیل منتقل کیا گیا، جہاں سے اسے عدالت میں پیش کیا جانا تھا بعض ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ ذاتی گاڑی میں بغیر ہتھکڑیوں کے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوتے تھے ایس ایس پی رضوان میمن کے حکم پر اس ملزم کو ہتھکڑیاں لگائی گئیں۔ جس پر انہیں مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔

سندھ پولیس کے مرکزی دفتر میں انتظامی پوسٹ پر تعینات ایک ڈی آئی جی پر ایک مشیر اس بات پر ناراض ہوئے کہ انہوں نے اس کا ٹیلیفون اٹینڈ نہیں کیا جس کی شکایت انہوں نے حکام کو کی۔

ڈی آئی جی خادم حسین رند اور ایس پی رضوان احمد نے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا اور عدالت نے دونوں کا تبادلہ معطل کردیا۔

حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ خادم رند کے بارے میں آئی جی سندھ خود حکومت کو مشورہ دے چکے ہیں کہ انہیں سرینڈر کیا جائے کیونکہ پروفیشنل قابلیت اور ساکھ کے حوالے سے ٹھیک نہیں اور جب حکومت نے ان کا تبادلہ کیا تو اس کی مخالفت کی۔

مرتضیٰ وہاب نے اپنی پریس کانفرنس میں ایس ایس پی شکارپور رضوان احمد کو آئی جی کا منظور نظر قرار دیا اور کہا کہ مقامی لوگوں پر انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کرنے اور بعد کی تحقیقات کے بعد انہیں ہٹانے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے انکار کیا۔

عمرکوٹ ضلع میں تحریک انصاف کے رکن اسمبلی حلیم عادل شیخ جب قافلے کے ساتھ ٹرین حادثے میں ہلاک ہونے والے افراد سے تعزیت کے کنری پہنچے تو ان پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا انہوں نے اس کا مقدمہ صوبائی وزیر نواب تیمور تالپور پر دائر کرنے کی کوشش کی لیکن یہ مقدمہ نہ ہوسکا جس کے بعد عدالت سے رجوع کیا گیا اور نواب تیمور اور دیگر پر یہ مقدمہ دائر ہوا۔

آئی جی نے ایس ایس پی کے تبادلے کی کوشش کی لیکن ایس ایس پی اعجاز شیخ کا تبادلہ نہ ہوسکا۔

ایس ایس پی کراچی غربی کیپٹن اظفر مہیسر کی جانب سے 40 قتل میں ملوث ملزم اقبال ٹھیلے والا کو جب گرفتار کیا تو اس کا یہ بیان بھی سامنے آیا کہ اس نے وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ سے بھی ملاقات کی تھی۔ وزیر اعلیٰ نے اس کی شدید تردید کی جس کے بعد وزیر اعلیٰ اور آئی جی میں تبادلے پر بالاخر اظفر مہیسر کا تبادلہ کیا گیا۔

سندھ میں پولیس افسران کی تقریاں اور تبادلے کافی عرصے سے متنازعہ بنی ہوئی ہیں۔ سندھ حکومت نے پولیس اختیارات کے فوری حصول کے لیے مشرف دور کے پولیس آرڈر کو بحال کرنے کی منظوری دی تھی۔ جس کے تحت پبلک سیفٹی کمیشن قائم کی گئی ۔ تاہم انسپکٹر جنرل سندھ کا مؤقف رہا ہے کہ پولیس کے انتظامی اور آپریشنل اختیارات آئی جی کو حاصل ہیں۔

ترجمان حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ آئی جی کو قانون کے مطابق صوبائی اور وفاقی حکومت کی باہمی مشاورت سے ہٹایا جائیگا وزیر اعلیٰ نے دسمبر میں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں آگاہی دی تھی کہ ان کی حکومت کا آئی جی پر کوئی اعتماد نہیں رہا، امن و امان کے حوالے سے پولیس آزاد ہے لیکن تنقید کا نشانہ انہیں بننا پڑتا ہے۔ مرتصیٰ وہاب کے مطابق وزیر اعظم نے اس سے اتفاق کیا تھا۔

سنہ 2008 سے سندھ میں حکمران پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ آئی جی پولیس کے اختلافات کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے قبل اے ڈی خواجہ کو بھی ہٹانے کی کوشش کی تھی۔ اے ڈی خواجہ اور حکومت میں تبادلوں ، تعیناتیوں اور بھرتیوں پر اختلافات سامنے آئے تھے۔ حکومت نے انہیں ہٹانے کی کوشش کی تھی لیکن عدالت نے اسٹی آرڈر جاری کردیا تھا۔

اے ڈی خواجہ کی تعیناتی سے قبل عدالت کے حکم پر آئی جی غلام حیدر جمالی کو ہٹایا گیا تھا انہیں بھی بچانے کی کوشش کی گئی تھی، غلام حیدر جمالی پر قواعد کے خلاف ورزی کرتے ہوئے بھرتیوں کا الزام تھا جبکہ 2015 میں سندھ ہائی کورٹ کے احاطے میں سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے محافظوں اور صحافیوں پر پولیس تشدد پر انہیں توہین عدالت کا بھی سامنا کرنا پڑا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32545 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp