پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں کون شامل کون باہر؟


حارث رؤف

حارث رؤف نے بگِ بیش لیگ میں عمدہ کارکردگی دکھائی ہے

فاسٹ بولر حارث رؤف آسٹریلوی بگ بیش میں اپنی عمدہ کارکردگی کے سبب پہلی مرتبہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے اعلان کردہ پندرہ رکنی ٹیم میں ان کا نام بھی شامل ہے۔

یہ میچز24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔

ٹیم کا اعلان جمعرات کو چیف سلیکٹر مصباح الحق نے ساتھی سلیکٹرز سے مشاورت کے بعد کیا۔

یہ بھی پڑھیے

بِگ بیش: حارث رؤف کی ہیٹ ٹرک، سوشل میڈیا پر چرچے

بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضامند

’شکریہ بنگلہ دیش، ہم سکیورٹی کے پیسے بچا سکیں گے‘

بابر اعظم

سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں بابر اعظم نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی تھی

حارث رؤف ان دنوں آسٹریلوی بگ بیش میں میلبرن سٹارز کی نمائندگی کر رہے ہیں اور اب تک 7 میچوں میں 16 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جس میں ہوبارٹ ہریکینز کے خلاف 27 رنز دے کر 5 وکٹوں کی کارکردگی بھی شامل ہے جو اس بگ بیش کی بہترین انفرادی بولنگ بھی ہے۔

حارث رؤف نے سڈنی تھنڈرز کے خلاف میچ میں ہیٹ ٹرک بھی کی تھی۔

ٹیم میں کون شامل کون باہر؟

آسٹریلیا کے دورے میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کی ٹیم میں 7 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

حارث سہیل، فخرزمان، امام الحق، آصف علی، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔

شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ احسان علی نے ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ عماد بٹ محدود اوورز کی کرکٹ میں خود کو ایک کارآمد آل راؤنڈر ثابت کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ احسان علی پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی طرف سے کھیلے ہیں جبکہ عماد بٹ نے پاکستانی ٹیم کے ساتھ 2016 میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا لیکن کوئی میچ نہیں کھیلے تھے۔

پاکستانی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: بابراعظم (کپتان)، احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد موسٰی، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اور عثمان قادر۔

شاہین شاہ آفریدی گزشتہ سال جولائی میں انگلینڈ کے خلاف کارڈف کے ٹی ٹوئنٹی کے بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں تاہم اس عرصے میں وہ ون ڈے اور ٹیسٹ میچز کھیلتے رہے ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی کارکردگی

پاکستانی کرکٹ ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے لیکن گزشتہ سال وہ دس میں سے صرف ایک میچ جیتنے میں کامیاب ہوسکی تھی، آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا جاچکا ہے جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ وہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔

توجہ کا مرکز ایک بار پھر بابراعظم

بابراعظم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔ گزشتہ سال انھوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تینوں فارمیٹس کے انٹرنیشنل میچوں میں مجموعی طور پر 2082 رنز بنائے تھے جن میں 6 سنچریاں اور 13 نصف سنچریاں شامل تھیں۔

آئی سی سی نے اپنے سالانہ ایوارڈز کے موقع پر اپنی جس ون ڈے علامتی ٹیم کا اعلان کیا ہے اس میں بابراعظم بھی شامل ہیں۔ اس کی وجہ ان کے گزشتہ سال صرف ون ڈے انٹرنیشنل میں بنائے گئے 1092 رنز ہیں جن میں 3 سنچریاں اور 6 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے دورے میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وہ پہلی بار پاکستانی ٹیم کے کپتان بھی بنے تھے۔سیریز کے تین سے میں سے دو میچوں میں انھوں نے نصف سنچریاں سکور کی تھیں۔

سری لنکا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں انھوں نے بہت ہی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو سنچریاں اور ایک نصف سنچری بنائی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp