پاکستان: برطانوی پولیس افسر کے مبینہ قاتل کو کیسے پکڑا گیا؟


وزارت داخلہ نے اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو کہا ہے کہ وہ برطانوی خاتون پولیس افسر کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی نژاد برطانوی شہری پیراں دتہ خان کو برطانیہ کے حوالے کرنے سے متعلق معاملات کا جائزہ لے۔

ملزم پیراں دتہ کو بدھ کے روز اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ اسلام آباد کے نواحی علاقے میں پراپرٹی ڈیلر کے ساتھ مکان کی تلاش میں موٹر سائیکل پر جارہے تھے۔

پراپرٹی ڈیلر ظہور الٰہی کے مطابق جب وہ پیراں دتہ کو ایک نجی ہاؤسنگ سوسائیٹی میں گھر دکھانے لے جا رہے تھے تو اس دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار وہاں پر آئے اور انھیں قابو کرنے کے بعد اپنے ساتھ لے گئے۔

یہ بھی پڑھیے

برطانوی پولیس افسر کا قتل، پاکستان میں ایک شخص گرفتار

برطانوی پولیس اہلکار سمیت 16 افراد پر جنسی جرائم کا الزام

برطانیہ میں ’ناجائز دولت‘ کا کھوج لگانے والا یونٹ

واضح رہے کہ حراست میں لیے جانے کے بعد ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا ہے اور اُنھیں 29 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

برطانیہ میں قتل کے مقدمے میں اشتہاری قرار دیے جانے والے ملزم پیراں دتہ کے وکیل راؤ شہر یار کا کہنا ہے کہ ان کے موکل مصطفیٰ کے نام سے جانے جاتے تھے۔

اُنھوں نے کہا کہ گرفتاری سے پہلے اُنھوں نے کبھی اس بات کا ذکر نہیں کیا تھا کہ وہ کسی خاتون کے قتل کے مقدمے میں اشتہاری ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ پیراں دتہ کا خاندان برطانیہ میں ہی مقیم ہے اور وہ پاکستان آنے کے بعد پراپرٹی کی خرید و فروخت کا کام کرتے تھے۔

راؤ شہریار کا کہنا تھا کہ ان کے بچے بھی برطانیہ سے انھیں خرچہ بھجواتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ کی نیشل کرائم ایجنسی نے خاتون پولیس اہلکار کے قتل کے مقدمے میں اشتہاری قرار دیے جانے والے پیراں دتہ کی گرفتاری کے لیے 20 ہزار برطانوی پاونڈ انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔

پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرموں کے تبادلوں کا کوئی معائدہ موجود نہیں ہے تاہم ماضی میں پاکستان متعدد افراد کو برطانیہ کے حوالے کرتا رہا ہے جو مختلف مقدمات میں برطانیہ میں مطلوب تھے۔

پیراں دتہ کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کے موکل کی حوالگی کا معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت ہونے کے بعد عدالتی فیصلے کی روشنی میں ہی برطانیہ کے حوالے کیا جائے گا۔

پولیس افسر ٹریزا ملبرن بھی اس واقعے میں گولی لگنے سے زخمی ہوئی تھیں

PA Media
پولیس افسر شیرن بشنوسکی کی ساتھی پولیس افسر ٹریزا ملبرن کو بھی اس واقعے میں گولی لگی تھی لیکن وہ بچ گئی تھیں

پیراں دتہ پر الزام کیا ہے؟

ویسٹ یارکشائر پولیس سے تعلق رکھنے والی افسر شیرن بشنوسکی کو ایک ڈکیتی کے دوران گولی مار دی گئی تھی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ پیراں دتہ خان مبینہ طور پر ڈکیتی کرنے والے اس گروہ کے لیڈر تھے۔

یہ واقعہ بریڈفورڈ میں 18 نومبر سنہ 2005 کو پیش آیا تھا۔

پولیس افسر شیرن بشنوسکی کی عمر اس وقت 38 برس تھی اور انھیں پولیس میں بھرتی ہوئے صرف نو ماہ ہوئے تھے۔ جس دن ان کی چھاتی میں گولی لگی اس دن ان کی چھوٹی بیٹی لیڈیا کی چوتھی سالگرہ تھی۔

ان کی ساتھی پولیس افسر ٹریزا ملبرن کو بھی اس واقعے میں گولی لگی تھی لیکن وہ بچ گئی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32539 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp