شادی کینسل، دولہا کا باپ اور دلہن کی ماں بھاگ گئے


بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں اس وقت ایک نوجوان جوڑے کے ارمانوں پر اوس پڑ گئی جب شادی سے چند دن قبل ہی دولہا کا باپ، دلہن کی ماں کو مبینہ طور پر بھگا کر لے گیا۔

بھارتی پریس کی خبر کے مطابق دو نوجوانوں کی شادی کا منصوبہ اس وقت تلپٹ ہو گیا جب لڑکے کا باپ اور لڑکی کی ماں شادی سے چند دن قبل غائب ہو گئے۔ دونوں ایک دوسرے کو لڑکپن سے جانتے تھے اور ایک ہی سوسائٹی میں رہا کرتے تھے۔

دونوں کے رشتے داروں کا خیال ہے کہ دونوں کی پرانی محبت پھر جاگ گئی تھی۔ شادی فروری کے دوسرے ہفتے میں ہونی تھی لیکن اس وقت منسوخ کرنی پڑی جب دولہا کا اڑتالیس برس کا پریمی باپ دس دن قبل دولہن کی چھیالیس برس کی پریمیکا ماں کے ساتھ غائب ہو گیا۔ دولہا سورت کے علاقے کٹرگرم میں رہتا تھا اور دلہن نوسری کی رہائشی تھی۔

دونوں خاندانوں نے گمشدگی کی رپورٹ درج کروا دی ہے۔ ایک رشتے دار نے بتایا کہ ”دونوں ایک دوسرے کو جانتے تھے کیونکہ وہ ایک ہی سوسائٹی میں رہتے تھے۔ ان کے کچھ قریبی دوستوں نے ان کے بھاگنے کے بعد بتایا ہے کہ وہ ماضی میں بھی رومانی تعلق رکھتے تھے“۔

خبروں کے مطابق نوجوان جوڑا منگنی ہونے کے بعد گزشتہ ایک برس سے اپنی شادی کی تیاری کر رہا تھا۔ دونوں کی منگنی ان کے والدین کی رضامندی سے ہوئی تھی۔

شادی فروری کے دوسرے ہفتے میں ہونا طے پائی تھی لیکن دونوں پریمی دس جنوری کو غائب ہو گئے۔ دلہن کا باپ ایک جوہری ہے اور دولہا کا باپ ٹیکسٹائل کے بزنس اور پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ ہے اور ایک سیاسی جماعت میں سرگرم ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments