سکندر سلطان راجہ: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے لیے سابق بیوروکریٹ کے نام پر اتفاق


سکندر سلطان راجہ

Pakistan Railways

حکومت اور حزب مخالف کے درمیان نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے سابق بیوروکریٹ سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔

سکندر سلطان راجہ حال ہی میں سیکرٹری ریلوے کے عہدے سے ریٹائر ہوئے ہیں اور اس سے پہلے وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگلت بلتسان میں چیف سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔

سکندر سلطان راجہ پہلے ریٹائرڈ بیورو کریٹ ہیں جنھیں چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔

اس سے پہلے پاکستان کی تاریخ میں جتنے بھی چیف الیکشن کمشنر آئے ہیں ان کا تعلق عدلیہ سے رہا ہے اور سپریم کورٹ کا کوئی حاضر سروس جج ہی قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ دایاں نبھاتا تھا۔

22ویں آئینی ترمیم میں یہ معاملہ سامنے آیا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ارکان کی تعیناتی کے لیے صرف عدلیہ کے ریٹائرڈ ججز کی طرف دیکھنا پڑتا ہے جس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس لیے ریٹائرڈ بیورو کریٹس کو بھی ان اہم عہدوں پر تعینات کرنے کی شق منطور کی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

الطاف ابراہیم قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر تعینات

’تینوں جماعتیں غیرملکی فنڈنگ کی تفصیل فراہم کریں‘

’آئینی بحران سے نمٹنے کے لیے سپریم کورٹ فیصلہ کرے‘

سکندر سلطان راجہ کے بطور چیف الیکشن کمشنر کے نام پر اتفاق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ہوا جو منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس کی صدارت انسانی حقوق کی وزیر ڈاکٹر شیریں مزاری نے کی۔

سکندر سلطان راجہ کا نام حکومت کی طرف سے پیش کیے جانے والے تین ناموں میں شامل تھا۔ الیکشن کمیشن کے سابق سیکرٹری بابر یعقوب فتح محمد پر حزب مخالفت کی جانب سے اعتراض لگنے کے بعد سکندر سلطان راجہ کا نام شامل کیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان

حزب مخالف کی جماعتوں کی طرف سے جو تین نام دیے گئے تھے ان میں سے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کے نام کو حتمی تصور کیا جا رہا تھا تاہم ان کے نام پر اتفاق نہ ہو سکا۔

سکندر سلطان راجہ کون ہیں؟

جہاں کچھ حلقے نامزد چیف الیکشن کمشنر کو حکومت کے قریب سمجھتے ہیں وہیں کئی لوگ ان کو سابق حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ نواز کے قریب بھی تصور کرتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ گذشتہ حکومت کے دور میں بھی اہم عہدوں پر فائز رہے ہیں۔

سکندر سلطان راجہ کے سُسر سعید مہدی سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری رہ چکے ہیں۔

ان کے ایک بھائی فخر وصال سلطان راجہ پولیس سروس میں ہیں اور راولپنڈی میں ریجنل پولیس افسر کے عہدے پر بھی تعینات رہ چکے ہیں جبکہ ان کے ایک برادرِ نبستی عامر علی احمد اس وقت اسلام آباد میں چیف کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں۔

چیف الیکشن کشمنر کے علاوہ صوبہ سندھ اور بلوچستان کے لیے الیکشن کمیشن کے اراکین کے ناموں پر بھی اتفاق ہو گیا ہے اور پارلیمانی کمیٹی کے مطابق صوبہ سندھ کے لیے نثار درانی اور بلوچستان کے لیے شاہ محمود جتوئی کے ناموں کی منظوری دی گئی ہے۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کے مطابق ان ناموں کو آج ہی وزیر اعظم کو بھیج دیا جائے گا جو حتمی منظوری دیں گے۔ وزیر اعظم عمران خان اس وقت سوئٹزرلینڈ کے دورے پر ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس سردار رضا خان گزشتہ برس 5 دسمبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے تھے اور اس کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے صوبہ سندھ اور بلوچستان کے لیے حکومت کے نامزد کردہ الیکشن کمیشن کے اراکین کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد پاکستان کا الیکشن کمیشن غیر فعال ہو گیا تھا کیونکہ الیکشن کمیشن کے صوبہ پنجاب کے رکن الطاف ابراہیم کو قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے اراکین کی تعیناتی گذشتہ ایک سال سے رکی ہوئی تھی۔

واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے لیے وزیر اعظم اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزب اختلاف میاں شہباز شریف کے درمیان ایک بھی بلمشافہ ملاقات نہیں ہوئی۔

اس سے پہلے سابق چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ سردار رضا خان کی تعیناتی پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے نہیں بلکہ اس وقت کے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کے درمیان بامقصد مشاورت کے بعد ہی عمل میں لائی گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp