سعودی عرب پر ایمازون کے مالک اور دنیا کے امیر ترین شخص جیف بیزوس کا فون ہیک کرنے کا الزام، ریاض کی تردید


سعودی ولی عہد

سعودی عرب نے اس خبر کی ترید کی ہے جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ دنیا کے امیر ترین شخص اور ایمازون کے سربراہ جیف بیزوس کا فون ہیک کرنے کی ذمہ داری سعودی ولی عہد محمد بن سلمان پر عائد کی گئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق محمد بن سلمان کے زیر استعمال فون نمبر سے بھیجے گئے ایک پیغام کے کے ذریعے بیزوس کے فون میں موجود ڈیٹا تک رسائی حاصل کی گئی۔

امریکہ میں سعودی سفارتخانے سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فون ہیک کرنے کی خبریں نامعقول ہیں اور اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیں۔

اس سے قبل دعوی کیا گیا تھا کہ مبینہ ہیک کے تانے بانے امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے لیے کام کرنے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل سے ملتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

جیف بیزوس سے زیادہ امیر کون ہے؟

بیزوس کی طلاق کی قیمت ’صرف 35 ارب ڈالر‘

جیف بیزوس اور بل گیٹس کا شہر مالی پریشانی کا شکار

ایمازون کے علاوہ جیف بیزوس واشنگٹن پوسٹ کے بھی مالک ہیں۔

برطانوی اخبار گارڈیئن کے مطابق بیزوس کا موبائل فون محمد بن سلمان کے فون سے وٹس ایپ پر پیغام موصول ہونے کے بعد ہیک کیا گیا تھا۔

فنانشل ٹائمز کی ایک خبر کے مطابق محمد بن سلمان کی جانب سے پیغام موصول ہونے کے بعد جیف بیزوس کے فون نے کثیر تعداد میں معلومات اور ڈیٹا خفیہ طور پر کہیں بھیجنا شروع کر دی۔

تاہم امریکہ میں سعودی سفارتخانے کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری ہونے والے ایک بیان میں اس خبر کی بھرپور تردید کی گئی ہے اور ان الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

بی بی سی نے ایمازون سے رابطہ کیا ہے تاہم کمپنی کی جانب سے تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔

یہ بات اس وقت سامنے آئیں جب جیف بیزوس کی ذاتی معلومات امریکی ٹیبلائڈ اخبار دی نیشنل انکوائرر کے ہتھے چڑھ گئیں۔

گذشتہ برس فروری میں دی نیشنل انکوائرر نے بیزوس اور ان کی سابق گرل فرینڈ لورن سانچیز کے درمیان بھیجے گئے ذاتی پیغامات شائع کر دیے تھے جس کے بعد جیف بیزوس نے ٹیبلائڈ پر ان سے ’بھتہ لینے‘ اور انھیں ’بلیک میل‘ کرنے کا الزام لگایا۔

اس سے ایک ماہ قبل ہی انھوں نے اپنیاہلیہ مکینزی بیزوس سے کافی عرصے علیحدہ رہنے کے بعد طلاق لی تھی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ سعودی عرب پر ایمازون کے سربراہ کا فون ہیک کرنے کا الزام لگایا گیا ہو۔

گذشتہ سال مارچ میں ایمازون کے ایک تفتیشی نے یہ دعوی کیا تھا کہ ذاتی ڈیٹا تک رسائی کے لیے جیف بیزوس کے فون کو ہیک کرنے کے پیچھے سعودی عرب کا ہاتھ تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp