ورلڈ T20 رینکنگ: بنگلہ دیش کے ہاتھوں شکست کے نتیجے میں پاکستان کی پوزیشن خطرے میں پڑ جائے گی


پاکستان کرکٹ ٹیم

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 24 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

پاکستان اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ نویں ہے۔ عالمی رینکنگ میں دونوں ٹیموں کے درمیان اتنے واضح فرق کے باوجود پاکستان کی نمبر ایک پوزیشن خطرے میں ہے۔

عالمی رینکنگ میں اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنی ضروری ہے۔

اگر بنگلہ دیش نے سیریز کا ایک میچ بھی جیت لیا تو پاکستان اپنی پہلی پوزیشن سے محروم ہوجائے گا اور اس کی جگہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گا۔

یہ بھی پڑھیے

’پاکستان کرکٹ کی ستے خیراں‘

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دو خانوں کا راج

پاکستان کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ

خیال رہے کہ پاکستان کے اس وقت 270 پوائنٹس ہیں۔ اس کے اور دوسرے نمبر کی ٹیم آسٹریلیا کے درمیان صرف ایک پوائنٹ کا فرق ہے۔

اگر پاکستان بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے دو میچ جیت لیتا ہے تو اس کی عالمی رینکنگ دوسری ہوگی لیکن سیریز کے تینوں میچ ہارنے کی صورت میں پاکستان عالمی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر چلا جائے گا۔

پسندیدہ فارمیٹ لیکن حالیہ کارکردگی مایوس کن

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ہمیشہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 90 میچز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔ پاکستان 2009 میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ بھی جیت چکا ہے۔

پاکستان پہلی مرتبہ نومبر 2017 میں ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوا تھا لیکن نیوزی لینڈ نے اس سے یہ پوزیشن چھین لی تھی۔

پاکستان نے جنوری 2018 میں نیوزی لینڈ کو سیریز میں دو ایک سے شکست دینے کے بعد دوبارہ ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔

سنہ 2016 سے لے کر سنہ 2018 تک دو سال کے عرصے میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی میں کارکردگی غیرمعمولی رہی۔

اس عرصے میں پاکستان نے مسلسل گیارہ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتیں۔ ٹیم نے یہ تمام کامیابیاں سرفراز احمد کی قیادت میں حاصل کیں۔

سرفراز احمد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کے سب سے کامیاب کپتان ہیں جنھوں نے37 میں سے 29 میچز جیتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم

مگر 2019 پاکستان کے لیے انتہائی مایوس کن سال رہا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف اسے شعیب ملک کی قیادت میں تین میچوں کی سیریز میں دو ایک سے شکست ہوئی۔

سرفراز احمد کی قیادت میں انگلینڈ سے واحد میچ ہارنے کے بعد پاکستان کو عالمی رینکنگ میں آٹھویں نمبر کی ٹیم سری لنکا کے خلاف وائٹ واش کی ہزیمت کا سامنا رہا۔

سرفراز احمد کپتانی سے ہٹادیے گئے اور آسٹریلیا کے دورے میں بابراعظم کو قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی لیکن اس دورے میں پاکستان سیریز کے تین میں سے دو میچ ہارگیا۔ ایک میچ بارش کی وجہ سے نامکمل رہا۔

اسی دوران عالمی نمبر دو ٹیم انگلینڈ کو نیوزی لینڈ نے شکست دے دی تھی اس طرح پاکستان کی نمبر ایک عالمی رینکنگ آسٹریلوی دورے میں ختم ہونے سے بچ گئی تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32545 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp