پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: محمود اللہ کا ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ


ٹرافی اور کپتان

PCB
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو سیریز کے تمام میچ جیتنے ہوں گے

پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔

قدافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں نے بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

مصباح کا ‘ٹرائل اینڈ ایرر’ کہاں تک چلے گا؟

بنگلہ دیش کے خلاف ٹیم میں کون شامل کون باہر؟

بنگلہ دیش پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضامند

اس میچ کے لیے پاکستان نے بابر اعظم کی قیادت میں جو ٹیم میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں دو نئے کھلاڑی حارث رؤف اور احسان علی بھی شامل ہیں۔

حارث رؤف آسٹریلیا میں بگ بیش میں اپنی کارکردگی سے سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے والے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کے علاوہ شعیب ملک اور محمد حفیظ جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

بنگلہ دیش کا یہ دورۂ پاکستان اپنے شیڈول اور نوعیت کی وجہ سے تنازع کا شکار بھی رہا۔ تین مراحل پر مشتمل اس دورے میں بنگلہ دیش نے تین ٹی 20، ایک ون ڈے جبکہ دو ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=1xdQI979meI

بنگلہ دیش کی جانب سے ابتدا میں دورے کی طوالت اور اس دوران سکیورٹی کو بنیاد بنا کر صرف ٹی 20 میچ کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی گئی تھی تاہم پاکستان مُصر تھا کہ سری لنکا کی ٹیم کے پاکستان میں ٹیسٹ کھیلنے کے بعد بنگلہ دیش کے پاس نیوٹرل مقام پر ٹیسٹ سیریز کی فرمائش کا جواز نہیں۔

پاکستان دنیا کے محفوظ ترین ممالک میں سے ایک ہے: گیل

پاکستان میں کرکٹ تو واپس آ گئی لیکن مداحوں کا کیا؟

پاکستانی کرکٹر ایشیا الیون میں کیوں شامل نہیں؟

بعدازاں آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر کی کوششوں کے نتیجے میں ڈیڈ لاک ختم ہوا اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنے پر بھی رضامندی ظاہر کی۔

https://www.youtube.com/watch?v=P7x9pIAtOLM

نامہ نگار عبدالرشید شکور کے مطابق یہ سیریز پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اہم ہے۔ سرفہرست رہنے کے لیے پاکستان کو اس سیریز کے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہے اور ایک بھی شکست اسے پول پوزیشن سے محروم کر سکتی ہے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم گذشتہ سال دس میں سے صرف ایک ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔ آٹھ میچوں میں اسے شکست ہوئی تھی اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

بنگلہ دیش کی عالمی رینکنگ اس وقت نویں ہے۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ سال آٹھ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے تھے جن میں سے چار جیتے تھے، تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ایک میچ نامکمل رہا تھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک مجموعی طور پر دس ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں پاکستان نے آٹھ جیتے ہیں جبکہ بنگلہ دیش نے دو میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان کی سرزمین پر صرف ایک ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اپریل 2008 میں کراچی میں کھیلا گیا جو پاکستان نے ایک سو دو رنز سے جیتا تھا۔ یہ پاکستان کی سرزمین پر کھیلا گیا اولین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل بھی تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp