دلی انتخابات: ’دلی کی سڑکوں پر انڈیا اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا‘ کی ٹویٹ پر الیکشن کمیشن حرکت میں


عام آدمی پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی، بی جے پی

بی جے پی کے امیدوار کپل مشرا نے اگست 2019 میں عام آدمی پارٹی چھوڑ کر بھارتہ جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی

انڈیا کے الیکشن کمیشن نے ٹوئٹر سے درخواست کی ہے کہ وہ دلی اسمبلی کے انتخابات میں بی جے پی کے ایک امیدوار کی اس ٹویٹ پیغام کو ہٹا دے جس میں انھوں نے ریاستی انتخابات کو انڈیا اور پاکستان کے درمیان مقابلہ قرار دیا تھا۔

جمعرات کو دلی کے علاقے ماڈل ٹاؤن سے بی جے پی کے امیدوار کپل مشرا نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا ’آٹھ فروری کو دلی کی سڑکوں پر انڈیا اور پاکستان کا مقابلہ ہوگا۔‘

مشرا کی اس ٹویٹ میں انڈیا سے مراد بی جے پی اور پاکستان سے مراد دلی کی حکمراں جماعت ‏عام آدمی پارٹی تھی۔ یہ بحث ہو رہی ہے کہ اس ٹویٹ میں اشارہ تھا کہ ‏عام آدمی پارٹی اور اس کے رہنما مسلمانوں کے حامی ہیں۔

انڈیا کے الیکشن کمیشن نے ٹوئٹر سے کپل مشرا کی ٹویٹ ہٹانے کی درخواست اس وقت کی جب دلی کے انتخابی افسر نے اس سلسلے میں کمیشن سے رجوع کیا۔ الیکشن کمیشن نے مشرا کو ایک شو کاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے پوچھا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کیوں نہ ان کے خلاف کاروائی کی جائے؟

مشرا نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی کہا تھا کہ شہریت کے قانون کے خلاف احتجاج کے مقام ’شاہین باغ میں پاکستان داخل ہو چکا ہے۔‘

یہ بھی پڑھیے

’میں انڈین شہریت ثابت کرتے ہوئے مرنا نہیں چاہتی‘

جامعہ کی لڑکیوں نے ماتھے کے آنچل کو پرچم بنا لیا!

انڈیا: یہ سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کیا ہیں؟

ایک اور ٹویٹ میں دلی میں کئی مقامات پر مظاہروں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے پوسٹ کیا تھا کہ ’دلی میں جگہ جگہ چھوٹے چھوٹے پاکستان بنائے جا رہے ہیں۔‘

کپل مشرا نے کمیشن کو اپنے چار صفحے کے جواب میں لکھا ہے کہ ’دلی کے شاہین باغ میں دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہزاروں لوگ ملک مخالف اور باغی نعرے لگا رہے ہیں اور عام آدمی پارٹی کے رہنما ان کی حمایت کر رہے ہیں‘۔

انھوں نے کہا کہ ان کا مقصد یہ بتانا تھا کہ ’ہمیں پاکستان کے حمایت یافتہ با‏غی گروہوں کے جال میں نہیں پھنسنا چاہیے۔‘

دلی میں اسمبلی انتخابات آٹھ فروری کو ہوں گے۔ مختلف جائزوں اور سروے میں ان انتخابات میں دلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی کی برتری کی بات کہی جا رہی ہے۔

بی جے پی نے اروند کیجریوال کی پارٹی کو شکست دینے کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلا رکھی ہے۔ وزیر داخلہ امت شاہ نے بی جے پی کی مہم کا آ‏غاز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اروند کیجریوال پاکستان کی زبان میں بات کرتے ہیں‘۔

تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ کیجریوال کو دارالحکومت کے بیشتر شہریوں بالخصوص غریب طبقوں کی حمایت حاصل ہے جبکہ بی جے پی عام آدمی پارٹی کی حمایت توڑنے کے لیے قوم پرستی اور ہندوتوا کے جذبات پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

عموماً جارحانہ رخ اختیار کرنے والے کیجریوال نے ان دنوں انکساری کا راستہ اختیار کر رکھا ہے۔ کیجریوال اور ان کی پارٹی کے رہنماؤں نے جے این یو میں طلبہ پر حملے کے واقعات اور شاہین باغ کے احتجاج جیسے معاملوں سے خود کو الگ رکھا ہوا ہے۔

بی جے پی رہنماؤں کی کوشش ہے کہ کسی طرح انھیں شہریت کے قانون کی مخالفت یا کسی دوسرے سیاسی تنازعے میں پھنسایا جا سکے مگر عام آدمی پارٹی رائے دہندگان کا ووٹ حاصل کرنے کے لیے صرف اپنی کارکردگی کی بات کر رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32554 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp