#RepublicDay2020: گلوکار عدنان سمیع خان کو انڈیا کا سول اعزاز پدما شری ملنے پر لوگوں کا ملا جلا رد عمل


عدنان سمیع

پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع خان نے سنہ 2016 میں انڈین شہریت حاصل کر لی تھی

انڈیا کے 71ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر سنیچر کو انڈین حکومت کی جانب 141 افراد کو ان کی مختلف شعبوں میں خدمات کے صلے میں پدما شری ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔

پاکستانی نژاد گلوکار اور سنہ 2016 میں انڈین شہریت حاصل کرنے والے عدنان سمیع خان بھی ان افراد میں شامل تھے جنھیں انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند کی طرف سے اس ایوارڈ سے نوازا گیا جس پر سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل دیکھا گیا۔

کچھ صارفین نے عدنان سمیع کو مبارکباد پیش کی جبکہ بعض نے اس پر اعتراض کیا۔

ہر سال انڈیا میں 26 جنوری کو یوم جمہوریہ منایا جاتا ہے اور اس سلسلے میں فوجی پریڈ کا انعقاد ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا نے آتش تاثیر کی شہریت منسوخ کر دی

انوپم کھیر اور نصیرالدین شاہ کے ’پیار بھرے پیغام‘

آصف غفور کا دیپیکا کے حق میں پہلے ٹویٹ، پھر ڈیلیٹ

عدنان سمیع کے لیے ’سب سے عظیم لمحہ‘

پدما شری ایوارڈ سے نوازے جانے پر عدنان سمیع نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’کسی فنکار کے لیے سب سے عظیم لمحہ وہ ہوتا ہے جب اس کی حکومت کی جانب سے اسے سراہا جاتا ہے۔ انڈیا کی حکومت کی طرف سے پدما شری کے اعزاز پر میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ موسیقی کا سفر 34 سال کا رہا ہے۔‘

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ عدنان سمیع کے والد ارشد سمیع خان اپنی زندگی میں پاکستان کی فضائیہ اور دفتر خارجہ سے منسلک رہے تھے۔ انھیں پاکستانی حکومت نے سنہ 2012 میں ملک کے سویلین اعزاز ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔

سوشل میڈیا پر بعض لوگوں نے اس موضوع پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔

چند انڈین صارفین کا خیال ہے کہ عدنان سمیع کو یہ اعزاز نہیں ملنا چاہیے تھا کیونکہ ان کے والد پاکستان کی فضائی فوج کے پائلٹ رہ چکے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا ’ارشد سمیع خان 1965 کی جنگ میں پاکستان کے ہیرو تھے، جنھوں نے کئی انڈین طیارے مار گرائے۔ اب ان کے بیٹے عدنان سمیع کو نریندر مودی نے پدما شری سے نوازا ہے۔ آپ کو بہت مبارک ہو سر۔‘

سری واتسا نامی صارف نے لکھا کہ: ’عدنان سمیع، کنگنا، ایکتا کپور، کرن جوہر کو پدما ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔۔۔ جبکہ دلی کی جانب سے جنوبی انڈیا میں ثقافت اور موسیقی کے ناموں کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔‘

صارف زینب سکندر نے ٹویٹ کیا کہ ’کیا عدنان سمیع کو صرف اس لیے پدما شری دیا گیا ہے کہ وہ پاکستان چھوڑ کر انڈین بن گئے؟‘

تاہم ایک صارف نے جواب میں لکھا کہ ’عدنان سمیع نے خود کو انڈین شہری ثابت کیا ہے۔ وہ پدما شری ایوارڈ کے مستحق ہیں۔ اسے متنازع نہ بنایا جائے۔‘

کمار نامی صارف نے لکھا کہ: ’ایوارڈ آپ کی کارکردگی پر دیا جاتا ہے، نہ کہ خاندان کی بنیاد پر۔‘

بالی وڈ سے کس کس کو پدما شری ایوارڈ ملا؟

بالی وڈ سے منسلک کئی اداکار، ہدایتکار اور گلوکار ماضی میں پدما شری ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

اس برس بالی وڈ کی جن نمایاں شخصیات کو اس اعزاز سے نوازا گیا، ان میں ہدایتکار کرن جوہر، اداکارہ کنگنا رناوت اور ٹی وی پروڈیوسر ایکتا کپور شامل ہیں۔

کرن جوہر نے پدما شری ایوارڈ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ ’میرے والد اگر یہاں ہوتے تو مجھ پر بہت فخر کرتے۔ میری خواہش ہے کہ کاش ہم اس لمحے کو ایک ساتھ منا پاتے۔‘

اس کے علاوہ بھجن گانے والے گلوکار منا ماسٹر کو بھی اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

کرن جوہر

ہدایتکار کرن جوہر (دائیں جانب) کو بھی 2020 میں پدما شری ایوارڈ سے نوازا گیا ہے

انڈیا کا یوم جمہوریہ

انڈیا میں اتوار کو 71واں یوم جمہوریہ منایا جا رہا ہے۔ ملک میں یہ دن ہر سال 26 جنوری کو منایا جاتا ہے۔

اس موقع پر انڈیا کے دارالحکومت نئی دہلی میں 90 منٹ کی فوجی پریڈ کا انعقاد کیا گیا جہاں برازیل کے صدر جیئر بولسونارو مہمان خصوصی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے ایک پیغام میں شہریوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp